آسیہ جادوگرنی یا جنسی زیادتی کا شکار؟

- مصنف, علی سلمان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں مختاراں مائی نے اپنے گھر میں ایک سترہ برس کی لڑکی آسیہ رفیق کو پناہ دے رکھی ہے۔ پولیس نے اس پر جادوگرنی کا روپ دھارنے اور لوگوں سے فراڈ کاالزام عائد کیاتھا جبکہ آسیہ کے بقول پولیس اہلکاروں نے اسے حبس بے جا میں رکھ کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
مختاراں مائی نے بی بی سی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ یہ لڑکی مظلوم ہے اور اجتماعی زیادتی کا الزام عائد کرنے کے بعد اسے علاقے کی بااثر شخصیات اور پولیس سے خطرہ ہے۔
عدالتی حکم پر لڑکی کا طبی معائنہ ہوچکا ہے اور ابتدائی معائنے میں اس کے جسم پر تشدد اور جنسی زیادتی کے دوران لگنے والے زخم اور نشانات پائے گئے ہیں۔ملتان کے ریجنل پولیس آفیسر عارف اکرام نے ٹیلی فون پر بتایا کہ تھانہ سٹی کبیر والا کے ایس ایچ اور سب انسپکٹر سمیت ان اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے جن پر آسیہ پر جنسی تشدد کا الزام ہے۔ان پولیس اہلکاروں کے خلاف انہی کے تھانے میں بھی مقدمہ درج ہے۔
اسی تھانے میں چند ہفتے پہلے ایک شخص سلماننے آسیہ رفیق کے خلاف ایک مقدمہ درج کرایا تھا۔اس مقدمے میں آسیہ کے شوہر ساس سسر ماں خالہ ماموں سمیت تقریبا تمام رشتہ داروں کو نامزد کیا گیا اور الزام عائد کیا گیا کہ آسیہ جن بھوتوں کے ذریعے سونا دگنا کرنے کا جھانسہ دیکر لوگوں کو لوٹتی رہی ہے۔
درخواست دہندہ کے بقول آسیہ اور اس کے سسرال والوں نے یہ مشہور کررکھا تھا کہ وہ سونا ڈبل کرسکتی ہے اور آسیہ اہل دیہہ کو کہتی تھی کہ سونا جن بھوتوں کادودھ ہوتاہے ایک رات میں وہ اسے پی جاتے ہیں اور اگلی کسی بھی رات کو دگنا کرکے اگل جاتے ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر کے مطابق لڑکی پر ڈھائی سو تولے سونا کے فراڈ کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق ایک ایک دو دو تولے کرکے مختلف لوگوں کا سونا نام نہاد جن بھوتوں کو پلا دئیے جانے کاجھانسہ دیا گیا اور جب اہل دیہہ کی شکایات بڑھیں تو مقدمہ درج ہوا۔لڑکی کے سسر نے خود اسے تھانے میں لا کر پولیس کے حوالے کردیا۔
مختاراں مائی اور آسیہ رفیق نے ان سارے الزامات کو ایک مجرمانہ سازش کا تانا بانا قرار دیا ہے۔
مختاراں مائی کا کہنا ہے کہ آسیہ کے خلاف ایک بے بنیاد مقدمہ درج کرایا گیا ہے اگر اس مقدمے میں باقی لوگ بھی نامزد ہیں تو وہ کیوں نہیں پکڑے گئے؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آسیہ رفیق نے کہا کہ ’سونا لوٹنے کی وراداتیں کرنے والوں نے اپنی جانچھڑانے کے لیے پولیس سے ساز باز کرکے انہیں پکڑوادیا اور یہ الزام بھی لگا دیا کہ سارا سونا میں نے اپنے والدین کو دیدیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ مقدمہ کا مدعی اور ملزمان ایک ہی پارٹی ہیں اور انہیں پھنسا کر وہ خود صاف بچنا چاہتے ہیں۔
آسیہ رفیق نے کہا کہ ان کی کوئی شادی نہیں ہوئی بلکہ انہیں ایک برس پہلے اغوا کیا گیا تھا اور خود کو ان کا شوہر کہنے والا قسورحسیناور مقدمے کا مدعی سلیمان آپس میں دوست ہیں اور دونوں ایک برس تک ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرتے رہے۔
آسیہ رفیق کبیر والا کے ایک غریب درزی رفیق کے چھ بچوں میں سب سے بڑی ہیں۔ رفیق اب شوگر اور فالج کے مریض ہیں اور کام کاج سے معذور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک برس پہلے قسور حسین کی ماں نے شاپنگ پر لے جانے کے بہانے اسے اغوا کرلیا تھا اور وہ صرف اس لیے اس کے ساتھ چلی گئی کہ ان کا کچھ عرصے سے ان کے گھر آنا جانا تھا۔آسیہ کے بقول ایک برس کے دوران انہیں بار بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر ایک روز انہیں تھانے لے جایا گیا جہاں پہلے وہ سمجھیں کہ شاید ان کی مشکلات کا دور ختم ہوگیا ہے اور وہ پولیس کو حقائق بتائیں گی تو ملزموں کے خلاف کارروائی ہوگی لیکن یہ ان کی خام خیالی غلط فہمی تھی ان کے بقول پولیس اہلکاروں نے الٹا انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
’مجھے بیڑیاں اور ہتکھڑیاں ڈال کرایک لیڈی کانسٹیبل کے ساتھ رکھا جاتا جو مرد پولیس اہلکاروں کو تشدد کرنے میں مبینہ طور پر مدد کرتی۔‘
آسیہ نے کہا کہ اس دوران ان کی والدہ کو اطلاع ملی تو وہ روزانہ تھانے کے چکر لگانے لگیں اور ایک روز عدالتی بیلف کے ہمراہ انہیں چھڑا کر لے گئیں۔
مختاراں مائی نے کہا کہ سترہ روز تک پولیس نے اسے اپنی ناجائز حراست میں رکھا اس دوران ایس ایچ او (سٹیشن ہاؤس آفیسر) سے لیکر کانسٹیبل تک اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔آسیہ رفیق نے اپنی درخواست میں ایس ایچ او اور ایک سب انسپکٹر کو براہ راست نامزد کیا ہے جبکہ پولیس کانسٹیبلوں کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ وہ انہیں سامنے آنے پر شناخت کرسکتی ہیں۔
انسانی حقوق کمشن پاکستان کے ملتان میں کوآرڈینیٹر اور آسیہ رفیق کے وکیل راشد رحمان نے بی بی سی کو بتایا کہ جادوگرنی والے مقدمے میں آسیہ کی ضمانت ہوچکی ہے۔عدالتی کارروائی کے بعد پولیس اہلکاروں کے خلاف جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کرنے کا مقدمہ درج ہوا ہے لیکن قابل تشویش بات یہ ہے کہ پولیس خود ہی اپنے مقدمے کی تفتیش کررہی ہے۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پولیس اپنے ساتھیوں کو بچانے کے لیے شواہد مٹا سکتی ہے۔انہوں نے کہا جس پولیس پر الزام ہے اسی پولیس کے ساتھ آسیہ رفیق کو ڈی این اے ٹسٹ کے لیے لاہور جانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
آسیہ رفیق نے کہا کہ انہیں اپنے اوپر ہونے والے ظلم کا بدلہ چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کے لیے جدوجہد کرنے کے لیے انہیں مختاراں مائی کی ذاتسے حوصلہ ملا ہے اور اب وہ انہی کے پناہ میں ہیں۔
مختاراں مائی نے چند برس قبل اپنے ساتھ ہونے والے اجتماعی زیادتی کے مقدمہ میں انصاف کے لیے آواز اٹھائی تھی سپریم کورٹ تک مقدمہ لڑا اور ملزموں کو موت کی سزاسنوائی۔
مختاراں مائی نے اس مقدمے میں معاوضے کے طور پر ملنے والی رقم سے ایک این جی او بنائی ہے اور علاقے میں سکول کھولا ہے۔مختاراں مائی نے کہا کہ آسیہ کی جان کو خطرہ ہے لیکن وہ میرے ساتھ رہ کر انصاف کی جنگ لڑے گی۔



















