سابق رکن اسمبلی شاہ عبدالعزیزگرفتار

- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
راولپنڈی کی ایک عدالت نے پولینڈ کے ایک انجینئر کے اغوا اور بعد میں قتل کے مقدمے میں سابق رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز کو باقاعدہ گرفتار کرکے تین روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اس مقدمے میں سولہ جولائی کو گرفتار ایک اور ملزم عطاء اللہ خان کے ریمانڈ میں بھی توسیع کرتے ہوئے دونوں کو ستائیس جولائی کو عدالت میں دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
پولش انجینیئر پیوٹر سٹینزک کو ضلع اٹک سے گزشتہ برس اٹھائیس ستمبر مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔ اس واردات کے دوران ان کے محافظ اور ڈرائیور سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ تحریک طالبان درہ آدم خیل نے بعد میں اس اغواء کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم نہ ہونے کو جواز بتا کر انہیں اس سال فروری میں قتل کر دیا تھا۔
اس قتل کے الزام میں گرفتار ایک ملزم عطاء اللہ خان نے اپنے عدالتی بیان میں الزام عائد کیا کہ پولش انجنیئر کو سابق رکن قومی اسمبلی مولانا شاہ عبدالعزیز کی ہدایت پر اغواء اور قتل کیا۔ صوبہ سرحد کے ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے مولانا عبدالعزیز کو بظاہر ملزم عطاء اللہ کے اقبالی بیان کے بعد گرفتار اور عدالت میں پیش کیا ہے۔
ملزم نے مجسٹریٹ کے روبرو اقبالی بیان میں انکشاف کیا ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی مولانا شاہ عبد العزیز کی اعانت اور ایماء پر اس نے کمانڈر طارق اور مفتی الیاس وغیرہ کے ہمراہ پولش انجینئر کو اغواء کیا اور مطالبات پورے نہ ہونے پر شاہ عبدالعزیز کے مبینہ حکم پر ہی اسے قتل کر دیا۔ اس نے کمانڈر طارق کی تحریک طالبان درہ آدم خیل کا رکن ہونے کا بھی اقرار کیا ہے۔
پولیس نے عطاء اللہ کو اسلام آباد کے قریب ایک چوکی پر گرفتار کر کے ان کے قبضے سے دستی بم اور ایک ٹیپ ریکارڈر میں نصب دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا تھا۔ ملزم نے بیان میں اب تک پچاس سے زائد سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کو قتل کرنے اور بنوں، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور پشاور سمیت بڑے شہروں میں دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کی پندرہ سے زائد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے افغانستان میں بھی کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے۔
لیکن شاہ عبدالعزیز کی اس باضابطہ گرفتاری سے قبل ہی ان کے خفیہ اداروں کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات تھیں۔ آئی ایس آئی کے سابق اہلکار اور حقوق انسانی کے کارکن خالد خواجہ کے بقول شاہ عبدالعزیز کو ستائیس مئی کو اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا تھا۔ اس بارے میں انہوں نے پولیس کے پاس ایک شکایت بھی درج کروائی تھی۔
تاہم اس سلسلے میں صورتحال دلچسپ اس وقت ہوئی جب خود اسلام آباد پولیس نے اکیس جولائی کو ایک بیان میں ان کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔ خالد خواجہ کے مطابق انہیں کل کیسے گرفتار کیا جاسکتا ہے جب کہ وہ دو ماہ قبل سے لاپتہ ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس واقعے کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ ان کے پاس سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ بیت اللہ محسود کا پاکستانی فوج کے ایک سابق اعلی افسر کے نام خط بھی برآمد ہوا تھا۔ بعض حلقوں کے مطابق وہ فوج اور شدت پسندوں کے درمیان مصلحت کی مبینہ کوشش کے دوران حراست میں لیے گئے۔ تاہم فوجی حکام کے مطابق وہ اس قسم کی کوششوں میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد میں لال مسجد کے محاصرے کے دوران بھی متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز مصالحتی کردار ادا کیا تھا۔ ان پر شدت پسندوں کے قریب ہونے کا الزام بھی لگتا رہا ہے۔



















