فرح، قمراز: خصوصی بچوں کے لیے امید

- مصنف, اعجاز مہر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
کہتے ہیں کہ قدرت کسی بھی شخص کو اگر کسی چیز سے محروم رکھتی ہے تو انہیں کوئی ایسی غیر معمولی خوبی بھی عطا کرتی ہے جو اُسے ایک منفرد مقام فراہم کرتی ہے اور ایسا ہی کچھ معاملہ ہے چوبیس سالہ فرح ناز اور بائیس سالہ قمراز کا ہے۔
دونوں پیدائشی طور پر گونگی اور بہری تو ہیں لیکن کراٹے کی ماہر ہیں اور پاکستان سطح پر کراٹے کے مقابلوں میں طلائی طمغہ جیت کر قومی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ فرح ناز کراٹے کے ساتھ ساتھ بیڈمنٹن میں بھی اپنا لوہا منوا کر طلائی تمغہ جیت چکی ہیں۔
صوبہ سندھ کے ایک پسماندہ ضلع میر پور خاص سے تعلق رکھنے والی دونوں کراٹے باز لڑکیاں گیارہویں سیف گیمز کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے ان دنوں اسلام آباد میں ہیں۔ پاکستان کے مردوں کے معاشرے میں ایک پسماندہ اور دیہی علاقے سے انتہائی غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والی قمراز اور فرح ناز کا جہاں اس مقام پر پہنچنا ایک معجزہ ہے وہاں خصوصی بچوں کے لیے آگے بڑھنے کا ایک پیغام بھی ہے۔
جناح سپورٹس کمپلیکس میں واقع لیاقت جمنازیم میں ملک بھر سے تیرہ لڑکیاں آئیں ہیں جس میں سے پانچ لڑکیوں کو منتخب کرکے آئندہ سال فروری میں بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والی سیف گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھیجا جائے گا۔
کراٹے کے شعبہ میں تیرہ لڑکیوں میں بیشتر وہ کھلاڑی ہیں جو پاکستان آرمی یا کسی نہ کسی سرکاری ادارے کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ لیکن قمراز اور فرح ناز دو ایسی کھلاڑی ہیں جنہیں کسی ادارے نے تاحال ملازمت نہیں دی۔ نیشنل کیمپ میں واپڈا کی نمائندگی کرنے والی لاہور کی بینش خان بھی ہیں جو مسلسل تین بار کراٹے کی قومی چیمپیئن رہیں لیکن گزشتہ برس ان سے یہ اعزاز قمراز نے جیت لیا۔
قمراز کے والد راجہ لیاقت علی سندھ پولیس میں حوالدار ہیں اور گزشتہ برس کراٹے کے قومی مقابلوں میں قمراز نے پولیس کی اہلکار نہ ہوتے ہوئے بھی ان کی نمائندگی کی۔ قمراز کے کوچ سنتوش کمار نے بتایا کہ پہلی بار پولیس کو طلائی تمغہ قمراز کی وجہ سے ملا لیکن سندھ پولیس نے انہیں ملازمت کا وعدہ کرکے بھی تاحال ملازمت نہیں دی۔
قمراز سے ہارنے والی بینش خان سے جب پوچھا کہ ان پر قمراز نے کس بنا پر سبقت حاصل کی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’ان کے پنچنگ یعنی مکوں اور کِکِس یعنی لاتوں کی ٹائمنگ ٹھیک اور تیز تھی‘۔
قمراز نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد پڑھائی چھوڑ دی اور کراٹے کو اپنا پیشہ بنا لیا۔ انہوں نے اشاروں سے بتایا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ قومی چیمپیئن بننے کے بعد اب بین الاقومی سطح پر مقابلے کے لیے جائیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے بتایا کہ ان کے دو بھائی ہیں، ایک گونگے ہیں لیکن دوسرے صحت مند ہیں۔ اور تین بہنوں میں سے دو گونگی ہیں اور ایک صحت مند ہیں۔ فرح ناز نے بتایا کہ ان کے والد میرپور خاص میں کباب کا ٹھیلا لگاتے تھے لیکن آج کل وہ بہت ضعیف ہوگئے ہیں اور بیماری کی وجہ سے گھر میں رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چار بہنیں اور دو بھائی ہیں۔ ان کے تین بھائی صحت مند ہیں اور ایک گویائی سے محروم ہیں۔ جب کہ ان کی بہن بھی صحت مند ہیں۔ فرح ناز میٹرک پاس ہیں اور ان کے قریبی رشتہ دار جو الیکٹریشن ہیں ان سے منگنی ہوچکی ہے اور آئندہ برس شادی کا ارادہ رکھتی ہیں۔
فرح ناز نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں پشاور میں منعقدہ قومی گیمز میں بیڈمنٹن میں طلائی تمغہ جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کراٹے میں پہلے طلائی تمغہ جیت چکی ہیں لیکن اس سال انہیں کانسی کا تمغہ ملا۔
قمراز اور فرح ناز کے استاد سنتوش کمار نے بتایا کہ انہوں نے انیس سو پچاسی میں میرپور خاص سپیشل سپورٹس ایسوسی ایشن کے نام سے تنظیم بنائی اور اپنی مدد آپ کی بنا پر معذور یا خصوصی بچوں کو کراٹے، سائیکلنگ، دوڑ اور دیگر کھیلوں کی تربیت دیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ایک شاگرد عاشق حسین نے حال ہی میں بھارت میں ہونے والے مقابلوں میں لانگ جمپ میں طلائی اور دو سو میٹر کی دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ جب ان سے پوچھا کہ وفاقی وزیر برائے کھیل پیر آفتاب حسین جیلانی کا تعلق بھی میر پور خاص سے ہے کیا وہ ان کی سرپرسرتی یا امداد نہیں کرتے تو انہوں نے کہا کہ وزیر صاحب کو اپنے ادارے کے دورے کی دعوت دی ہے لیکن تاحال وہ نہیں آئے۔
سنتوش کمار نے کہا کہ حکومت ان کے ادارے کو ٹرانسپورٹ کی سہولت کے ساتھ ساتھ مالی امداد بھی کرے تو وہ خصوصی بچوں کی مزید بہتر خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قمراز اور فرح ناز جیسے کھلاڑیوں کی ہمت افزائی کرے اور انہیں ملازمت دے تاکہ وہ اپنا گزر بسر بہتر طور پر کرسکیں۔



















