بونیر، کبھی امن کا گہوارہ

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
صوبہ سرحد کا شمالی ضلع بونیر کبھی امن کا گہوارہ اور تمام پشتونوں میں صوفی بزرگ سید علی ترمذی المعروف پیر بابا کے مزار کے حوالے سے مشہور تھا۔اب ملک میں جاری بدامنی کی لہر نے اس شہر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
ضلع بونیر سن انیس سو انہتر سے پہلے ریاست سوات کا حصہ تھا جو بونیر سب ڈویژن کے نام سے پہچانا جاتا تھا اور سوات کو پاکستان میں شامل کرنے کے بعد بونیر ملاکنڈ ڈویژن کا ایک ضلع بن گیا۔ ریاست سوات میں چار اضلاع تھے جس میں بونیر؛ سوات؛ شانگلا اور ملاکنڈ ایجنسی شامل ہیں۔ بونیر ایک چھوٹا شہر ہے یہاں کے لوگوں کا بہت کم انحصار زراعت اور تجارت پر ہے۔ بونیر کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ملک سے باہر مزدوری کرتے ہیں۔ جن میں دوبئی؛ ملائشیا؛ امریکہ اور یورپ کے ممالک شامل ہیں۔
بونیر کے شمال مغرب میں سوات ہے۔ جہاں گزشتہ سال فوجی آپریشن میں شدت آنے کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے ہجرت کی اور ان میں سے کچھ لوگ بونیر بھی آگئے تھے۔ بونیر سے ملے ہوئے علاقوں میں ملاکنڈ، مانسہرہ کے علاقہ کالا ڈھاکہ؛ مردان؛ صوابی اورضلع شانگلا کے علاقے شامل ہیں۔ بونیر آسلام اباد سے صرف سو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
بونیر میں پہلے سے کوئی غیر قانونی ایف یم چینل ہے اور نہ ہی اس سے پہلے یہاں طالبان کا کوئی مرکز قائم تھا۔ البتہ جب انیس سو چورانوے میں صوفی محمد نے نفاذ شریعت محمدی تحریک کا اغاز کیا تو باقی علاقوں کی طرح بونیر کے کچھ لوگوں نے ان کا ساتھ دیا۔اور انیس سو چورانوے میں بونیر کے علاقے امبیلہ میں تحریک نفاذ شریعت کے کارکنوں اور ایف سی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس میں بونیر سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد ہلاک ہوگے تھے۔
بونیر میں صوبہ سرحد کے دوسرے علاقوں کی طرح مذہبی تنظمیں بھی بہت کم ہے اور صرف اشاعت توحید و سنت ایک مذہبی تنظیم علاقے میں موجود ہے لیکن ان کے کارکنوں کی تعداد اتنی زیادہ نہیں ہے۔ اس تنظیم کے امیر والی اللہ ہے اور ان کی سرگرمیاں صرف پیربابا تک محدود ہے۔
دو ہزار آٹھ میں بھی سوات کے طالبان نے بونیر میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔جس میں بونیر کے علاقے شلبانڈی کے مقام پر مقامی لوگوں کے ایک لشکر سے طالبان کا تصادم ہوا تھا جس میں چھ طالبان مارے گئے تھے۔ اس کے بعد طالبان واپس سوات لوٹ گئے تھے۔لیکن کچھ عرصے کے بعد ضمنی انتخابات کے موقع پر شلبانڈی کے ایک پولنگ سٹیشن کے قریب ایک خودکش حملہ ہوا تھا جس میں اڑتالیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اس کے بعد جب طالبان دوبارہ بونیر میں داخل ہوئے تو کسی نے بھی مزاحمت نہیں کی اور علاقے میں طالبان کی خوف سے لوگوں نے طالبان کے خلاف بولنا بھی بند کردیا اور ساتھ ہی میوزک اور حجاموں کی کاروبار بھی مقامی طالبان کے کہنے پر بند ہوگیا تھا۔
تقریباً دو ہفتے قبل آنے والے سوات کے طالبان ایک معاہدے کے تحت اب واپس جا رہے ہیں۔جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ کل شانگلہ سے بھی طالبان کو نکال دیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن طالبان کے ترجمان مسلم خان نے بی بی سی کو بتایا کہ سوات کے طالبان علاقہ چھوڑ کر جا رہے ہیں تاہم بونیر کے مقامی طالبان علاقے میں رہ کر شریعت کی دعوت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس بات سے انکار کردیا کہ شانگلہ میں بھی طالبان موجود ہیں۔
محمد اسد بونیر میں ایک نجی سکول میں ٹیچر ہیں ان کا کہنا ہے کہ طالبان کے آنے کے بعد علاقے میں خوف پھیل گیا تھا اور اکثر گرلز سکول غیر اعلانیہ طور پر بند ہوگئے تھے۔ اب طالبان کے جانے کے بعد لوگوں میں تو خوشی کی لہر دوڑگئی ہے لیکن پھر بھی لوگوں میں یہ خوف موجود ہیں کہ طالبان دوبارہ آئینگے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے بونیر میں طالبان نہیں تھے اب بونیر میں بھی مقامی طالبان کے نام سے طالبان موجود ہیں۔



















