’ثبوت ہو تو طالبان بھی عدالتوں میں‘

- مصنف, عبدالحئی کاکڑ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
تحریکِ نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد نے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل اللہ سمیت دیگر طالبان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے تو انہیں بھی قاضی عدالتوں میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل مولانا صوفی محمد سے منسوب بیان میں کہا گیا تھا کہ طالبان کے خلاف قاضی عدالتوں میں کسی قسم کا مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔
اپنے بیٹے ضیاء اللہ کے توسط سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے مولانا صوفی محمد کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص مولانا فضل اللہ یا طالبان کے خلاف قاضی عدالتوں میں مقدمہ دائر کردے تو انہیں ہر حال میں حاضر کیاجائے گا۔ ان کے بقول اس سلسلے میں ان کی مولانا فضل اللہ سے بات بھی ہوچکی ہے اور انہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر ان کے خلاف کوئی شخص عدالت میں جائے اور ثبوت پیش کرے تو وہ عدالت کے ہر فیصلے کو تسلیم کریں گے۔
مولانا صوفی محمد کا مزید کہنا تھا کہ قاضی عدالتوں میں عوام اور طالبان کے درمیان کسی قسم کے تمیز نہیں برتی جائے گی بلکہ جرم کے ثابت ہونے کے بعد انہیں ایک جیسی سزائیں دی جاسکتی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو اسلامی سمجھنے والے علماء کے ساتھ وہ مناظرے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق اگر جمہوریت اسلام کے عین مطابق ہے تو پھر امریکہ کے صدر باراک اوباما دنیا کے بہترین مسلمان ہیں کیونکہ وہ خود کو سب سے بڑا جمہوریت پسند شخص سمجھتے ہیں۔
ان کے مطابق ’جمہوریت کو معیار سمجھا جائے تو باراک اوباما اور مولانا فضل الرحمن ایک ہی نظریے کے پیروکار ہیں‘۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمن نے منگل کو لاہور میں کہا تھا کہ مولانا صوفی محمد کی جمہوریت کے حوالے سے اپنی ایک سوچ ہے اور ان کا اس حوالے سے کوئی خاص مطالعہ نہیں ہے۔















