این سی ٹی اے کو فنڈز کی عدم فراہمی

چیئرمین طارق پرویز
،تصویر کا کیپشنیہ ادارہ آپریشنل کارروائیوں میں حصہ نہیں لے گا: چیئرمین طارق پرویز
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

حکومت پاکستان نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کو قابو کرنے اور اس کے محرکات جاننے کے لیے بنائی جانے والی قومی انسداد دہشت گردی کوآرڈینیشن اتھارٹی (این سی ٹی اے) کو تین ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود فنڈز فراہم نہیں کیے جس کی وجہ سے اتھارٹی اپنے فرائض انجام نہیں دے رہی۔

وزارت داخلہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ اس اتھارٹی کے قیام کے بعد متعلقہ حکام نے حکومت سے ابتدائی طور پر ساڑھے تین کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنے کی درخواست دی تھی اور حکومت کی طرف سے اس فنڈ کو جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے فنڈز جاری نہ ہونے کی بنا پر اس اتھارٹی میں آسامیوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس ادارے میں ابتدائی طور پر 70 آسامیاں رکھی گئی ہیں جن میں نشینل کوارڈینیٹر، ڈپٹی نیشنل کوآرڈینیٹر کے علاوہ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیول کی آسامیاں بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے موجودہ مالی سال کے ختم ہونے میں ڈھائی ماہ سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے اور مبصرین کے مطابق اس بات کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں کہ موجودہ مالی سال کے دوران اس اتھارٹی کو فنڈز جاری کیے جائیں گے۔

حکومت نے ابھی تک اس اتھارٹی کے چیئرمین کو وزارت داخلہ میں ایک کمرہ دیا ہوا ہے جہاں پر اُن کا عملہ بیٹھتا ہے۔ اس اتھارٹی کے چیئرمین کے ساتھ کام کرنے والے افراد ایف آئی اے میں تعینات ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اس اتھارٹی کے قیام سے متعلق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل اتحادی ملکوں کو بھی آگاہ کیا تھا۔

اس اتھارٹی میں چار ونگ بنائے جائیں گے جس میں دہشت گری کا مقابلہ کرنے، شدت پسندی کا مقابلہ کرنے، تحقیقاتی کام اور انٹرنیشنل لائزن ونگ شامل ہے۔

اس اتھارٹی کے چیئرمین طارق پرویز کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ آپریشنل کارروائیوں میں حصہ نہیں لے گا بلکہ اس کے اہلکار دہشت گردی کی روک تھام کے لیے فیلڈ میں کام کرنے والے اداروں کی رہنمائی کریں گے۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مختلف ملکوں میں رائج طریقہ کار کا مطالعہ کیا جائے گا جس کے بعد ایک ایسی جامع پالیسی بنائی جائے گی جو کہ دہشت گردی کی روک تھام میں سودمند ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ طارق پرویز وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں اور پنجاب پولیس کے سی آئی ڈی برانچ کے سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے فرقہ وارانہ حامی تنظیموں کو حتم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اتھارٹی نے جو لائحہ عمل تیار کیا ہے اُس کے مطابق اس اتھارٹی کے اہلکار امریکہ، برطانیہ اور ملائشیا میں دہشت گردی کے روک تھام کو روکنے کے لیے جو پالیسیاں اپنا رکھی ہیں اُن کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے سلسلے میں ایک ایسے ادارے کی ضرورت محسوس کی گئی تھی جو کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے جامع پالیسی مرتب کرے۔

اس کے علاوہ حکومت نے بارود سے بھری ہوئی گاڑیوں کا دہشت گردی کی واردات سے پہلے پتہ چلانے کے لیے آلات کی خریداری کے سلسلے میں مختلف ملکوں سے مذاکرات شروع کر رکھے ہیں۔