جی ٹوئنٹی، انڈیا کی اہمیت کیا؟

منموہن سنگھ جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت کے لیے لندن میں ہیں
،تصویر کا کیپشنمنموہن سنگھ جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت کے لیے لندن میں ہیں
    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دلی
  • وقت اشاعت

عالمی مالی بحران کی وجہ سے ہندوستان اور چین جیسے ممالک کی ترقی کی رفتار بھی سست تو ہوئی ہے لیکن ان کے مسائل اتنے سنگین نہیں جتنے مغربی دنیا کے ہیں۔

جہاں اس وقت ترقی یافتہ ممالک کی معیشتیں کساد بازاری کا شکار ہیں اور ان کے مالیاتی ادارے سرکاری امداد کے بغیر کام کرنے کی پوزیشن میں نہیں وہیں ان دشوار گزار حالات میں بھی ہندوستان کا مالیاتی نظام قدرے مستحکم ہے اور محتاط تخمینوں کے مطابق اب بھی اس کی معیشت پانچ سے چھ فیصد سالانہ کی شرح سے ترقی کر سکتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا کی بیس ترقی یافتہ اور تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں کی تنظیم یا جی ٹوئنٹی میں چین اور برازیل (جو جنوبی امریکہ کا سب سے بڑا ملک ہے) کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی اہمیت بڑھی ہے۔ یہ دنیا کی بڑی منڈیاں ہیں، یہ وہ’پلیئرز‘ ہیں جو مالی بحران سے زخمی تو ہوئے ہیں لیکن میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

مارچ میں برازیل، روس، چین اور ہندوستان نے لندن میں ہی اپنا پہلا اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات اور مالی بحران سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ان چاروں ممالک کو ’برِک‘ ممالک بھی کہا جاتا ہے۔ یہ مستقبل کے اقتصادی سپر پاروز مانے جاتے ہیں اور عالمی سطح پر اقتصادی ترقی اور استحکام لانے میں انتہائی اہم کرادر ادا کرسکتے ہیں۔ لہذا جی ٹوئنٹی کے فیصلہ سازی کے عمل میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

ہندوستان کے لیے یہ اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ماہرین کے مطابق اس وقت وہ عالمی سٹیج پر قائدانہ رول ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کچھ دیرینہ مطالبات منوا سکتا ہے۔ جی آٹھ کے مقابلے میں جی ٹوئنٹی نسبتاً جمہوری فورم ہے جس میں ترقی یافتہ ممالک کی رضامندی کے بغیر اہم فیصلے نہیں کیے جا سکتے۔

ہندوستان کے لیے اس وقت شاید سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ خدمات اور مصنوعات دونوں ہی شعبوں میں اس کی برآمدات تیزی سے گر رہی ہیں۔ (فروری میں یہ تقریباً بائیس فیصد کم ہوئیں)۔ برآمدات میں کمی کی بظاہر دو وجوہات ہیں۔ ایک تو مانگ میں کمی اور دوسری یہ کہ بہت سے ممالک اپنی ہی تیارکردہ مصنوعات کے استعمال پر زور دے رہے ہیں تاکہ اپنی معیشتوں کو مزید نقصان سے بچا سکیں۔

لہذٰا ہندوستان کی تمام تر کوششیں اس بات پر مرکوز ہیں کہ ترقی یافتہ ممالک کو ’پروٹیکشنزم‘ (جب ملک دوسرے ممالک کی تیار کردہ مصنوعات کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں) سے دور رہنے پر مائل کیا جائے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم منموہن سنگھ نے گزشتہ اجلاس میں مالیاتی اداروں میں اصلاحات کی جو تجاویز پیش کی تھیں، ہندوستان انہیں بھی آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ ان میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے توسط سے سرمایہ کی فراہمی بہتربنانے کی تجویز بھی شامل تھی۔ ترقی پذیر ممالک عالمی تجارت سے متعلق ادارے یا ڈبلیو ٹی او کے مذاکرات کو بھی دوبارہ شروع کرانا چاہتے ہیں جو تعطل کا شکار ہوگیے تھے۔

مجموعی طور پر چین اور ہندوستان کی معیشتوں کا ہجم تقریباً پینتالیس کھرب ڈالر ہے اور ان کی ترقی کی اہم بنیاد ان کی اپنی داخلی کھپت ہے۔ ہندوستان کے بارے میں ماہرین کا خیال ہے کہ اگر اسے جی ٹونٹی میں اپنی حیثیت برقرار رکھنی ہے تو ہر محاذ پر ترقی کی رفتار بھی قائم رکھنی ہوگی۔ اگرچہ یہ کام آسان نہیں لیکن کہا یہ ہی جارہا ہے کہ جب یہ مالی بحران ختم ہوگا تو دنیا میں طاقت کا موجودہ نظام بدل چکا ہوگا اور چین اور ہندوستان عالمی سٹیج پر زیادہ اہم کردار ادا کریں گے۔