جنڈولہ میں خودکش حملہ، دس ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
حکام کے مطابق پاکستان کے شمال مغربی علاقے جنڈولہ میں ہونے والے ایک خود کش حملے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
یہ دھماکہ جنوبی وزیرستان کے اس علاقے کے ریسٹورنٹ میں ہوا جس میں کم از کم بیس افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ زخمی ہوالوں میں سے کئی ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور خدشہ ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار ریسٹورنٹ میں چلتا ہوا آیا اور خود کو اڑ دیا۔
بعد میں ایک بیان میں اس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔ تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان مولوی عمر نے بی بی سی کو بتایا کہ امن کمیٹی کے سربراہ ترکستان بیٹنی ان کا نشانہ تھے لیکن وہ دوسری بار بھی بچ نکلے۔
مولوی عمر کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے نیٹو؛امریکہ اور پاکستان کے اتحاد کا ایک سلسلہ ہے اور پاکستان کے مشورے کے بغیر ڈرون حملے ممکن نہیں ہے۔انہوں نے غیر ملکیوں کی موجودگی کو رد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں جو حملہ ہوا تھا اس میں بھی کوئی غیر ملکی شامل نہیں تھا۔انہوں نے دھمکی دی کہ وہ ان حملوں کا بدلہ ضرور لینگے۔
مولوی عمر نے بیت اللہ محسود کی سر کی قیمت پر سخت غم وغصہ کا اظہار کرتے واضح کیا کہ امریکہ؛ نیٹو اور پاکستان کی خفیہ ایجنسوں کے اہلکار بیت اللہ کے خلاف منصوبہ تیار کر رہے ہیں اور ان کے ساتھی ان تینوں ممالک کے خلاف کاروائی شروع کرینگے۔















