فلور کراسنگ قانون کا سقم

- مصنف, اعجاز مہر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
قانونی ماہرین کہتے ہیں کہ منتخب اراکین پارلیمان و صوبائی اسمبلیوں کی وفاداری تبدیل کرنے کے متعلق آئینِ پاکستان میں ایک بہت بڑا سُُقم موجود ہے۔
ان کے مطابق آئین کی شق 'تریسٹھ الف‘ کے مطابق وفاداری تبدیل کرنے والے رکن کو تو نااہل کیا جاسکتا ہے لیکن وفاداری تبدیل کرانے والے اور فائدہ حاصل کرنے والے کے لیے کوئی سزا موجود نہیں ہے۔
پرویز مشرف کے دور میں وزیر قانون رہنے والے شاہد اکرم بھنڈر کہتے ہیں کہ آئین کی شق تریسٹھ الف کا مقصد ہی یہ تھا کہ کسی جماعت کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والا کوئی رکن کسی اور جماعت کو ووٹ نہ دے سکے اور 'فلور کراسنگ‘ کا راستہ روکا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ شق انیس ستانوے میں میاں نواز شریف نے شامل کی تھی اور بعد میں صدر پرویز مشرف نے اس میں ترمیم کی۔ ان کے مطابق سنہ انیس سو ستانوے میں جو شق شامل کی گئی تھی اس کے تحت کسی بھی رکن اسمبلی کو پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے یا اپنے لیڈر اور پارٹی کی پالیسی کے خلاف تقریر کرنے پر بھی نا اہل کیا جاسکتا تھا۔
لیکن شاہد اکرم بھنڈر نے بتایا کہ صدر پرویز مشرف نے اس میں نرمی کی اور موجودہ شق کے تحت کسی بھی رکن کو وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کے انتخاب، ان کے اعتماد کا ووٹ لینے یا عدم اعتماد کے ووٹ یا فنانس بل کے معاملے پر پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے پر نااہلی کی سزا تجویز کی گئی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کی حکومت نے سترہویں ترمیم منظور کرواتے وقت آئین کی متعلقہ شق کو نرم کرتے وقت یہ سُقم دور کیوں نہیں کیا کہ وفاداری تبدیل کرنے پر اکسانے والے اور فائدہ حاصل کرنے والےشخص کو بھی سزا ملنی چاہیے تو انہوں نے اس کا کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
شاہد اکرم بھنڈر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر پنجاب میں مسلم لیگ (ق) کے فارورڈ بلاک کے اراکین نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دیا تو وہ نا اہل ہوسکتے ہیں۔ لیکن ان کا ووٹ جائز تصور ہوگا اور اس کا فائدہ حاصل کرکے وزیراعلیٰ بننے والے شخص کو بھی کچھ نہیں ہوگا۔
ان کے مطابق ایسی صورتحال میں اگر کوئی رکن نا اہل ہو بھی جائے تو وہ حکومت کے تعاون سے دوبارہ با آسانی انتخاب جیت کر دوبارہ رکن اسمبلی بن سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آئین کی شق تریسٹھ کہتی ہے کہ کسی پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے بعد اُس پارٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے یا کسی دوسری پارلیمانی جماعت میں شمولیت کرنے کی صورت میں متعلقہ رکن نا اہل ہوگا۔
آئین کی اس شق کے مطابق اگر کوئی رکن وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کے انتخاب، ان کے اعتماد یا بے اعتمادی کی ووٹنگ کے دوران پارٹی قیادت کی مرضی کے خلاف ووٹ دے گا یا ووٹنگ کے دوران غائب رہے گا تو بھی وہ نا اہل ہوگا۔ اس شق کے تحت فنانس بل کے متعلق پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے یا غائب رہنے پر بھی نا اہلی کی سزا مل سکتی ہے۔

آئین میں دیے گئے طریقۂ کار کے مطابق اگر کسی جماعت کا کوئی رکن خلاف ورزی کا مرتکب ہو اس جماعت کا پارلیمانی لیڈر متعلقہ رکن کو شو کاز نوٹس دے گا اور اس کے بعد وہ متعلقہ اسمبلی کے سپیکر کو نا اہلی کا اعلامیہ بھیجے گا۔ آئین کے مطابق سپیکر دو روز کے اندر وہ اعلامیہ چیف الیکشن کمشنر کو بھیجنے کا پابند ہے اور چیف الیکشن کمشنر اُسے فیصلے کے لیے کمیشن کے پاس پیش کریں گے۔
آئین کے مطابق الیکشن کمیشن ایک ماہ کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہے اور اگر الیکشن کمیشن نے متعلقہ رکن کی نا اہلی کے اعلامیہ کو جائز قرار دے دیا تو متعلقہ رکن اسمبلی کا ممبر نہیں رہے گا۔ کمیشن کے فیصلے کے خلاف فریقین کو سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا اور عدالت عظمیٰ تین ماہ کے اندر فیصلے سنائے گی۔



















