شیری رحمان پارٹی عہدے سے بھی برطرف

فوضیہ وہاب
،تصویر کا کیپشنفوزیہ وہاب کو پیپلز پارٹی کی نئی انفورمیشن سکریٹری بنایا گیا ہے
    • مصنف, ہارون رشید
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

سابق وفاقی وزیر اطلاعات شیری رحمان کے کابینہ سے استعفے کے بعد ان سے حکمراں جماعت کی انفارمیشن سیکرٹری کا عہدہ بھی لے لیا گیا ہے۔ ان کی جگہ پیپلز پارٹی کی فوزیہ وہاب کو یہ عہدہ دے دیا گیا ہے۔

حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کی سندھ سے رکن قومی اسمبلی فوزیہ وہاب نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پارٹی عہدے کی تبدیلی کی تصدیق کی ہے۔ پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے ان کی تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم یاد رہے ابھی تک وزیر اعظم کی جانب سے شیری رحمان کے استعفے کی منظوری کا باضابطہ اعلان نہیں ہوا ہے۔

ملک میں گزشتہ دنوں کے سیاسی بحران کے دوران پیپلز پارٹی کے بعض رہنما شیری رحمان کی کارکردگی سے بظاہر مطمئن نہیں تھے لہذا انہیں وزارت چھوڑنی پڑی تھی۔ لیکن ابھی پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ لیے جانے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

شیری رحمان کے سنجیدہ طرز گفتگو کی نسبت فوزیہ وہاب کافی جارحانہ انداز رکھتی ہیں۔ مبصرین کے خیال میں یہ تبدیلی شاید اسی لیے کی گئی ہے تاکہ پارٹی موقف کا زیادہ جارحانہ انداز میں دفاع کیا جاسکے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی فوزیہ وہاب مسلسل دوسری مرتبہ عورتوں کے لیے مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔ وہ کراچی یونیورسٹی سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ڈگری رکھتی ہیں۔ انہوں نے کالج کے دنوں سے طلبہ یونین سیاست میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ بطور سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی فوزیہ وہاب اب اپنے موقف کے پرچار کے لیے زیادہ جارحانہ انداز اپنائے گی۔