,نشریات پر پابندی: شکایت اور تردید

جیو
،تصویر کا کیپشنکئی شہروں میں نشریات بحال کردی گئیں : اظہر عباس
    • مصنف, علی سلمان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

پاکستان کے بعض شہروں میں نجی ٹی وی چینلوں کی نشریات پر اب تک مسلسل پابندی برقرار ہے جسے چینل انتظامیہ اور صحافی تنظیموں نے حکومت کی جانب سے غیراعلانیہ پابندی قرار دیا جب کہ حکومت نے اس کی تردید کی ہے۔

حکومت کی طرف سے ایک جانب تردید کی جارہی ہے تو دوسری جانب بظاہر اسی معاملے پر وفاقی وزیرِ اطلاعات شیری رحمان نے استعفٰی دے دیا ہے جو وزیراعظم نے منظور کر لیا ہے۔

پاکستان میں وکلا کی جانب سے نکالے جانے والے لانگ مارچ اور اس میں شامل حزبِ اختلاف کی جماعتوں کی شمولیت کے مناظر تمام ہی نجی ٹی وی چینل پر براہِ راست دکھائے جا رہے ہیں اور ملک کے سیاسی حالات کے تناظر میں مذاکرے اور تجزیے بھی کیے جارہے ہیں جس میں حکومتی اقدامات پر کڑی تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

جیو ٹی وی کے گروپ مینجنگ ڈائریکٹر اظہر عباس نے اتوار کو بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کو ان کے چینل کی نشریات بند کردی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں کئی شہروں میں نشریات بحال کردی گئیں لیکن بعض شہروں میں اب تک نشریات پر پابندی عائد ہے۔

ان کے بقول جن شہروں میں نشریات بحال کی گئیں ہیں وہاں اب ان کے چینل کو آخری نمبروں پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینل کی انتظامیہ نے اپنا احتجاج حکومت تک پہنچا دیا ہے تاہم وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ پابندی صدر مملکت کی جانب سے لگائی گئی ہے اور ان ہی کہ حکم سے ہٹائی بھی جائے گی۔

ایسوسی ایشن آف ٹیلی ویژن جرنلسٹس پاکستان کے سیکریٹری جنرل فیصل عزیز نے ٹی وی چینلوں پر پابندی کو غیر اعلانیہ پابندی قرار دیا۔ ان کے بقول حکومت نے اس پابندی کے ذریعے آمرانہ دور کی یاد تازہ کردی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل پیمرا یعنی پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے کیبل آپریٹرز کو نوٹس دیا ہے کہ انہوں نے چینل کیوں بند کیے حالانکہ کیبل آپریٹرز نے انہیں بتایا کہ پیمرا کے دباؤ پر ہی چینل بند کیے گئے تھے۔

دوسری جانب کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چئرمین خالد شیخ نے دعویٰ کیا کہ انہیں کوئی بھی چینل بند کرنے کے لیے نہیں کہا گیا نہ ہی کوئی دباؤ تھا۔ ان کے بقول آلات کی معمول کی مرمت کے دوران چند چینل اپنے نمبروں سے آگے پیچھے ہوگئے اور یہ سمجھا گیا کہ چینل بند کردیے گئے ہیں حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں۔ ان کے بقول کسی بھی چینل کی نشریات کسی بھی شہر یا علاقے میں بند نہیں ہیں۔

ادھر نئے وفاقی وزیرِ اطلاعات قمر زمان کائرہ اسلام آباد نیشنل پریس کلپ پہنچے جہاں انہوں نے الیکٹرانک میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی تردید کی تاہم انہیں بتایا گیا کہ اب بھی کئی ٹی وی چینلوں کو بعض علاقوں میں دکھائے جانے پر پابندی عائد ہے جس پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انہیں بتایا جائے کہ کن شہروں یا علاقوں میں نشریات بند ہیں وہ اس معاملے کو حل کریں گے۔

انہیں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کو خود اپنے لیے ضابطۂ اخلاق بنانا چاہیے اور اس پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور عدالت کے ذریعے بھی عمل کرایا جاسکتا ہے لیکن حکومت یہ سب کچھ نہیں کرنا چاہتی۔

تاہم قمر زمان کائرہ نے شیری رحمان کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے اتنا کہا کہ ان کے استعفے کا معاملہ صدر، وزیراعظم اور ان کے درمیان ہے۔