آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو , ایران جو معاہدہ چاہتا ہے وہ امریکہ کے لیے قابلِ قبول نہیں: ٹرمپ

ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تہران معاہدہ تو کرنا چاہتا ہے، لیکن ایسا معاہدہ نہیں جو امریکہ کے لیے قابلِ قبول ہو، جبکہ واشنگٹن ’حقیقی‘ معاہدے کا خواہاں ہے۔ انھوں نے اپنے حالیہ دورۂ ایشیا کو ’امریکی تاریخ کے کامیاب ترین صدارتی دوروں میں سے ایک‘ قرار دیا۔

خلاصہ

لائیو کوریج

  1. بلوچستان کے ضلع چاغی میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے تین نوجوان ہلاک, محمد کاظم، بی بی سی اردو، کوئٹہ

    بلوچستان کے ضلع چاغی میں نا معلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے تین نوجوان ہلاک ہو گئے ہیں۔

    سرکاری حکام کے مطابق واقعہ ضلع کے ہیڈ کوارٹر دالبندین سے جنوب مغرب میں واقع خرگوشکاں کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نوجوانوں کا ایک گروپ پکنک منانے جا رہا تھا۔

    دالبندین میں ایک سینیئر سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سات نوجوان تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ دو موٹر سائیکلوں پر دو، دو جبکہ ایک موٹر سائیکل پر تین نوجوان سوار تھے۔

    ان کے مطابق خرگوشکاں کے علاقے میں پہنچنے پر تین نوجوانوں کو لے جانے والی موٹر سائیکل سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور موٹر سائیکل پر سوار تینوں نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت سہیل بنگلزئی، عرفان بنگلزئی اور الطاف نوتیزئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پرنس فہد ہسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن بلوچ نے تصدیق کی کہ تینوں نوجوانوں کی موت دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے باعث ہوئی۔

    ان کے مطابق ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 16 سے 19 سال کے درمیان تھیں۔

    پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

  2. تہران جو معاہدہ چاہتا ہے وہ واشنگٹن کے لیے قابلِ قبول نہیں: ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران معاہدہ تو کرنا چاہتا ہے، تاہم وہ ایسا معاہدہ نہیں چاہتا جو واشنگٹن کے لیے قابلِ قبول ہو۔

    وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ’حقیقی معاہدہ‘ چاہتا ہے، نہ کہ ’فرضی معاہدہ‘۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ایرانی قیادت گذشتہ 51 برس سے دنیا کو گمراہ کرتی رہی ہے۔

    صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ دورۂ ایشیا کو ’امریکی تاریخ کے کامیاب ترین صدارتی دوروں میں سے ایک‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چار روزہ دورے کے دوران انھوں نے 20 سے زائد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، دو نئے تجارتی معاہدے حاصل کیے، چار بڑی بین الاقوامی سربراہی کانفرنسوں میں شرکت کی اور خطے میں امریکی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کے ذریعے امریکہ نے عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے بھی پیش رفت کی۔

    صدر ٹرمپ نے امریکی معیشت کی کارکردگی کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس دورے میں ’غیر معمولی اقتصادی اور سفارتی طاقت‘ کی پوزیشن سے داخل ہوا۔

    ان کے مطابق امریکی معیشت دیگر بڑی ترقی یافتہ معیشتوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ترقی کر رہی ہے، ملک میں مسلسل 10 ماہ سے مینوفیکچرنگ کے شعبے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں بھی 20 فیصد کمی آئی ہے۔

  3. سعودی فوجی اتحاد کا جیزان میں حوثیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعوی

    سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے جیزان علاقے میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا ہے۔

    اتحاد کے مطابق میزائلوں کو تباہ کرنے کے نتیجے میں ان کا ملبہ الشقیق کے علاقے میں گرا۔ اس سے قبل حوثیوں نے کہا تھا کہ وہ الشقیق میں واقع ایک بجلی گھر کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    سعودی قیادت والے اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

    تاحال کسی جانی نقصان، مالی نقصان یا بجلی گھر کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

  4. یمنی حدود میں ایک کارگو جہاز پر حملے کی اطلاعات

    برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز آرگنائزیشن نے اطلاع دی ہے کہ یمنی سمندری حدود میں ایک کارگو جہاز پر فائرنگ کی گئی ہے۔

    ادارے نے اپنے تازہ ترین بیان میں بتایا ہے کہ یمن کے شہر مکلا سے 176 کلومیٹر جنوب مغرب میں ایک کارگو جہاز فائرنگ کی زد میں آیا۔

    ادارے کے مطابق، چھ مسلح افراد ایک چھوٹی تیز رفتار کشتی میں سوار ہو کر جہاز کے بائیں جانب آئے اور اس پر کئی گولیاں چلائیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے جواب میں جہاز پر موجود سکیورٹی ٹیم نے کشتی کی جانب فائرنگ کی۔

    رپورٹ کے مطابق، کشتی کے وہاں سے چلے جانے کے بعد جہاز اپنے راستے پر گامزن رہا۔

    جہاز یا اس کے عملے کو کسی قسم کے نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

  5. فارفورڈ ایئر بیس کیس: غیر ملکی خفیہ ادارے سے تعاون کے الزام میں دو برطانوی شہریوں پر فردِ جرم

    برطانیہ میں دو افراد پر ایک غیر ملکی خفیہ ادارے کے لیے کام کرنے اور فارفورڈ ایئر بیس کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کی سازش سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان نے لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہو کر اپنے خلاف عائد الزامات سے انکار کر دیا۔

    فارفورڈ ایئر بیس، جو لندن کے مغرب میں واقع ہے، ماضی میں امریکی بمبار طیاروں کا اڈہ رہا ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی فضائیہ نے بھی اس اڈے کا استعمال کیا تھا۔

    24 سالہ محمد عبدالكریم، جو اس وقت ضمانت پر ہیں، آج جمعے کے روز سماعت کے دوران وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو بولنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    استغاثہ کے مطابق عبدالكریم برطانیہ سے باہر موجود ’علی‘ نامی شخص کے ساتھ رابطے میں تھے اور انھیں 70 ہزار پاؤنڈ موصول ہوئے تھے۔ الزام ہے کہ انھوں نے وین گاڑیاں، پیٹرول اور دھاتی دانے (شریپنل کے طور پر استعمال کے لیے) خریدے اور کچھ افراد کو ایئر بیس کے قریب گاڑیاں منتقل کرنے کے لیے بھرتی کیا۔

    25 سالہ نعمان اصغر پر بھی الزام ہے کہ انھوں نے فارفورڈ ایئر بیس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی اور اسے لائیو ویڈیو کال کے ذریعے ’علی‘ نامی شخص کو بھیجا۔ دونوں ملزمان نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

    برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کو ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے بھرتی کیا تھا۔

    تاہم ایران نے اس واقعے میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

  6. پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 400 روپے کمی، تین لاکھ 80 ہزار روپے کا ہو گیا, تنویر ملک، صحافی

    پاکستان میں جمعے کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 400 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ کمی عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے بعد ہوئی۔

    آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت کم ہو کر تین لاکھ 80 ہزار روپے ہو گئی ہے۔

    اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 13 ہزار 203 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ تین لاکھ 25 ہزار 648 روپے پر آ گئی۔

    عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 154 ڈالر کم ہو کر تین ہزار 573 ڈالر ہو گئی۔

    مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت عالمی نرخ کے مقابلے میں 20 ڈالر اضافی قیمت شامل کرکے مقرر کی جاتی ہے۔

    چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔ فی تولہ چاندی 297 روپے سستی ہو کر چار ہزار 708 روپے کی ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 254 روپے کم ہو کر 4 ہزار 36 روپے پر آ گئی۔

  7. سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں الحدیدہ بندرگاہ سے انخلا کی ہدایت

    سعودی فوجی اتحاد نے یمن میں الحدیدہ کی بندرگاہ اور اس کے اطراف موجود افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہاں سے نکل جائیں۔

    سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ اتحاد کی مشترکہ افواج کی کمان نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ فراہم کردہ نقشے کے مطابق وہ اپنی حفاظت کی خاطر الحدیدہ کی بندرگاہ سے نکل جائیں۔

  8. حوثیوں کی جدہ سمیت بحیرہ احمر میں دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

    یمن کے حوثیوں نے جدہ سمیت بحیرۂ احمر میں دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

    جمعے کو حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر سعودی فوجی اتحاد نے حوثیوں کے کنٹرول میں الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو پھر سعودی عرب کی بندرگاہیں بھی ہدف ہوں گی۔

    حوثی ترجمان نے بندرگاہوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین سمیت قریبی علاقوں کے مکینوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان مقامات سے دور ہو جائیں۔ حوثی ترجمان نے شپنگ کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی تمام کشتیاں اور جہاز بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔

    حوثیوں کی جانب سے یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی فوجی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ کے اطراف موجود شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  9. پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا کو پشاور کے تھانے سے نامعلوم افراد لے گئے: ذلفی بخاری کا دعویٰ

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما ذلفی بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما تیمور جھگڑا کو جمعے کی علی الصبح پشاور کے ایک پولیس تھانے سے نامعلوم نقاب پوش افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ذلفی بخاری نے کہا کہ واقعہ رات تقریباً تین بجے پیش آیا، جس کے بعد سے تیمور جھگڑا کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی۔ ان کے مطابق اہلِ خانہ اور وکلا ان کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ذلفی بخاری نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکام فوری طور پر تیمور جھگڑا کے مقام کے بارے میں آگاہ کریں، ان کی سلامتی یقینی بنائیں اور انھیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کریں۔

    انھوں نے کہا کہ ’کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں اور کسی شخص کو قانون کے مطابق کارروائی کے بغیر آزادی سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔‘

  10. چین اور روس ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے حق میں نہیں: ایرانی رکنِ پارلیمنٹ

    ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے رکن احمد بخشیش اردستانی نے کہا ہے کہ ایرانی معاشرے کے ایک حصے اور عوامی رائے میں جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیے حمایت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    ان کے مطابق امریکہ کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے ایران میں جوہری ہتھیار بنانے کے موضوع پر بحث کو تقویت دی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عوامی رائے کسی حد تک اس سمت میں تبدیلی کے لیے تیار ہے۔

    احمد بخشیش اردستانی نے کہا کہ اگرچہ بعض حلقے ایران کے لیے جوہری ہتھیاروں کو ملک کی دفاعی اور بازدار صلاحیت میں اضافے کا ذریعہ سمجھتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تحفظات بھی موجود ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ چین اور روس جیسے قریبی ممالک ایران کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اس معاملے میں احتیاط کا مظاہرہ کرے اور کم از کم فی الحال جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی جانب نہ بڑھے۔

    ان کے بقول جو حلقے جوہری ہتھیاروں کی حمایت کرتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ اس سے ایران کی ’ڈیٹرنس پاور‘ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

    حالیہ ہفتوں میں ایران کے جوہری نظریے پر نظرِ ثانی اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے ممکنہ دستبرداری کے بارے میں بحث میں بھی تیزی آئی ہے۔ ایران کے متعدد سیاسی، عسکری اور مذہبی شخصیات اس موضوع پر کھل کر اظہارِ خیال کر چکی ہیں، جس کے باعث یہ مسئلہ ملک کی سیاسی بحث کا ایک اہم اور متنازع موضوع بن گیا ہے۔

  11. ضرورت پڑی تو نئے محاذوں پر بھی میزائل حملے کیے جا سکتے ہیں: پاسدارانِ انقلاب

    ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے کمانڈر کے سینیئر مشیر علی بلالی نے کہا ہے کہ ایران کو ’نئے جغرافیے‘ میں اپنی میزائل صلاحیتوں کے استعمال پر کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں اور حکم ملنے کی صورت میں جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایران نے اس مقصد کے لیے تمام ضروری سہولتیں اور صلاحیتیں فراہم کر رکھی ہیں اور اسے میزائلوں کی تعداد، تنصیبات یا تعیناتی کے مقامات کے حوالے سے کسی محدودیت کا سامنا نہیں۔

    حالیہ ہفتوں کے دوران ایرانی فوجی اور سیاسی قیادت بار بار جنگ کے دائرۂ کار اور جغرافیے میں توسیع کے امکانات کا ذکر کر رہی ہے۔

    انھوں نے خطے کی صورتحال سے متعلق متضاد خبروں کو ’دشمن کی نفسیاتی جنگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد عوام میں الجھن، بے یقینی اور تشویش پیدا کرنا ہے۔

    پاسدارانِ انقلاب کے عہدیدار نے یہ بھی خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کا جواب ’فیصلہ کن انداز‘ میں دیا جائے گا۔

  12. پاکستان کی جانب سے ریاض ٹاور پر حوثی حملے کی مذمت

    پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک بلند عمارت کو نشانہ بنانے والے حوثی حملے کی مذمت کی ہے۔

    وزارتِ خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ حملہ سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ بھی ہے۔

    بیان میں پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے اور ایسے اقدامات خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

    اس سے قبل مصر نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔

  13. ’ہمیں نہیں معلوم تھا کہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفیر امریکی فوج کے سربراہ بھی ہیں‘: عباس عراقچی کا اسرائیلی سفیر پر طنز

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ میں اسرائیل کے سفیر یخیئل لیٹر کے ایک بیان پر طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں معلوم نہیں تھا کہ واشنگٹن میں اسرائیلی سفیر امریکی فوج کے کمانڈر اِن چیف بھی ہیں۔‘

    یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب نیوز میکس سے گفتگو کے دوران یخیئل لیٹر سے امریکی فوجی اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے پیغام پوچھا گیا۔ اس پر اسرائیلی سفیر نے کہا کہ ’امریکی فوجی اُس وقت اپنے خاندانوں کے پاس واپس جائیں گے جب ایران کو شکست دے دی جائے گی۔‘

    عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیلی سفیر کا مذاق اڑایا اور اشارہ دیا کہ امریکی فوجی کارروائیوں کے بارے میں فیصلے واشنگٹن کے بجائے اسرائیل کی طرف سے کیے جا رہے ہیں۔

  14. سعودی حملے میں تارکین وطن کی کشتی پر سوار 19 افراد ہلاک: حوثیوں کا الزام

    یمن میں حوثی حکام نے سعودی افواج پر ایک شہری کشتی کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں 19 افراد ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔

    حوثی وزارتِ صحت کے ترجمان انیس الاصبحی نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ ایک طیارے نے 25 سے زائد تارکین وطن کو لے جانے والی شہری کشتی کو نشانہ بنایا۔ ان کے بقول حملے کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے۔

    سعودی عرب کی طرف سے ابھی تک اس الزام پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    انھوں نے اس واقعے کو ’مکمل جنگی جرم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور پناہ گزینوں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    حوثی ترجمان کے مطابق یہ کشتی راس العرا کے علاقے سے جنوبی یمن کے شہر حیس کی جانب جا رہی تھی جب اسے نشانہ بنایا گیا۔

    سعودی عرب کی جانب سے تاحال اس الزام پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق لڑائی کے موجودہ مرحلے میں 1,600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تین لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

  15. مصدق ملک نئی دہلی پہنچ گئے، ایس سی او مکالمہ فورم میں شریک ہوں گے

    پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سویلائزیشنز ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔

    پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں ڈاکٹر مصدق ملک کو نئی دہلی آمد کے موقع پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    ڈاکٹر مصدق ملک اس فورم میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ کانفرنس 20 سے 22 نومبر 2026 تک انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہو رہی ہے۔

    نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصدق مسعود ملک 20 سے 22 نومبر تک ہونے والے ایس سی او سویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

    یہ فورم ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان تہذیبی، ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں مختلف ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

  16. ’ایران کے خلاف جنگ جھوٹ پر مبنی ہے‘: امریکی سینیٹرز کا ایران جنگ کی فنڈنگ کی مخالفت کا اعلان

    امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ ’ویتنام کی جنگ جھوٹ پر مبنی تھی، عراق کی جنگ جھوٹ پر مبنی تھی۔ ایران کی جنگ جھوٹ پر مبنی ہے۔‘

    برنی سینڈرز نے یہ تبصرہ پوڈ کاسٹ ’سی ای او کی ڈائری‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کیا جو جمعرات، 19 نومبر کو نشر ہوا۔ اپنے اس دعوے کی وضاحت کرتے ہوئے کہ ’ایران کے ساتھ جنگ ​​کی بنیاد جھوٹ ہے‘، وہ اس پوڈ کاسٹ میں کہتے ہیں کہ ’یہ دعویٰ کہ ایرانی حکومت ہم پر حملہ کرنے کے لیے تیار تھی جھوٹ ہے۔۔۔ میرا ماننا ہے کہ نیتن یاہو گذشتہ 40 سالوں سے امریکہ کو ایران کے ساتھ جنگ ​​میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں؛ ایران کو غیر مستحکم کرنے اور اسے کمزور کرنے کے لیے۔‘

    امریکی سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ کا ایران جنگ کی فنڈنگ کی مخالفت کا اعلان

    امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ نے کہا ہے کہ وہ کسی ایسے سرکاری فنڈنگ بل کے حق میں ووٹ نہیں دیں گی جس میں ایران کے خلاف جاری امریکی جنگ کے لیے مختص فنڈز ختم نہ کیے گئے ہوں۔

    انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’کانگریس کو اپنے مالیاتی اختیارات استعمال کرتے ہوئے صدر کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کرنا چاہیے۔‘

    ڈک ورتھ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف جنگی اخراجات اور حکومتی فنڈنگ کے معاملے پر واشنگٹن میں بحث جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق دسمبر میں حکومت کی فنڈنگ پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں جزوی حکومتی شٹ ڈاؤن کا خدشہ بھی موجود ہے۔

    امریکی کانگریس میں بعض ڈیموکریٹ ارکان ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ جنگی سرگرمیوں کے لیے مزید رقوم مختص نہ کی جائیں۔

  17. پاکستان نے انڈین طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود پر پابندی میں توسیع کر دی

    پاکستان نے انڈین رجسٹریشن رکھنے والے طیاروں، اور انڈین ایئرلائنز یا آپریٹرز کی ملکیت، آپریشن یا لیز پر چلنے والے تمام طیاروں، بشمول فوجی پروازوں، کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں توسیع کر دی ہے۔

    نئے نوٹس کے مطابق یہ پابندی 24 دسمبر 2026 کو صبح 4:59 بجے تک نافذ رہے گی۔ اس عرصے کے دوران پاکستانی فضائی حدود انڈین طیاروں اور پروازوں کے لیے بدستور بند رہے گی۔

    یہ فیصلہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان فضائی آمدورفت پر عائد پابندیوں کے سلسلے کا تسلسل ہے، جس کے تحت انڈین کمرشل اور فوجی طیاروں کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

  18. پینٹاگون کی اعلیٰ اہلکار کرسٹن ڈیوس نئی امریکی نیشنل سائبر ڈائریکٹر مقرر

    پینٹاگون کی چیف انفارمیشن آفیسر کرسٹن ڈیوس کو امریکہ کی نئی نیشنل سائبر ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس عہدے پر شان کیرنکراس کی جگہ لیں گی، جن کے متعلق اطلاعات ہیں کہ انھوں نے جمعے کے روز اپنا منصب چھوڑ دیا۔

    یہ تقرری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتظامیہ کی سائبر اور مصنوعی ذہانت سے متعلق ٹیم میں تبدیلیاں کر رہے ہیں۔

    کرسٹن ڈیوس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، وائٹ ہاؤس کے اہلکار سٹیفن ملر اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ان کی حمایت اور اعتماد پر فخر ہے۔

    پینٹاگون میں وہ وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی معلوماتی ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، انفارمیشن مینجمنٹ اور معلوماتی تحفظ سے متعلق امور پر اعلیٰ مشیر رہی ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس آنے والی نسلوں تک سائبر میدان میں برتری حاصل کرنے کا موقع ہے، لیکن یہ اسی صورت ممکن ہے جب ہم اپنے قومی نظاموں کو جدید بنائیں اور ان کی مضبوطی میں اضافہ کریں۔‘

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کرسٹن ڈیوس کو نیشنل سائبر ڈائریکٹر مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکہ کی سائبر سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔

  19. مصر کی جانب سے ریاض ٹاور پر حملے کی مذمت

    مصری وزارتِ خارجہ نے سعودی عرب کے مرکزی تجارتی ضلع کو نشانہ بنانے والے حوثی حملے کی مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں ریاض کی ایک اہم عمارت کو نقصان پہنچا۔

    وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر دارالحکومت ریاض میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی ’شدید مذمت اور سخت الفاظ میں مخالفت‘ کرتا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ قاہرہ، سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات میں ’برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت‘ کا اظہار کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ حوثیوں کے حملے میں سعودی دارالحکومت کے کاروباری مرکز میں واقع ایک بلند ٹاور کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی جا چکی ہے، جبکہ متعدد عرب اور خلیجی ممالک بھی اس حملے کی مذمت کر چکے ہیں۔

  20. جنوبی سعودی عرب کی جانب آنے والا حوثی بیلسٹک میزائل تباہ: سعودی اتحاد کا دعویٰ

    سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جمعہ کو یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے جنوبی سعودی عرب کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں روک کر تباہ کر دیا۔

    سعودی سول ڈیفنس کے مطابق جنوبی علاقوں میں ایک ڈرون کو بھی روکا گیا، جبکہ جازان، ابھا اور خمیس مشیط سمیت متعدد شہروں کے لیے احتیاطی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ بعد ازاں حکام نے اعلان کیا کہ خطرہ ٹل چکا ہے۔

    دوسری جانب حوثیوں کے زیرِ انتظام المسیرہ ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فضائی حملوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم سعودی عرب نے تاحال ان اطلاعات پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔

    حالیہ دنوں میں حوثیوں کی جانب سے سعودی شہروں پر میزائل اور ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    سعودی عرب نے ایک روز قبل تصدیق کی تھی کہ حوثیوں کے حملے میں ریاض کے کاروباری مرکز میں واقع ایک بلند عمارت کو نقصان پہنچا ہے، جسے حکام نے دارالحکومت پر حالیہ حملوں کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا تھا۔