انیسویں فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ ایچ کے پہلے میچ میں چلی نے ہونڈراس کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔
نیلس پروئت میں کھیلے جانے والے میچ کے چونتیسویں منٹ میں چلی کے سٹرائیکر بوسیور نے اصلا کے پاس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلوائی جو میچ کے آخر تک قائم رہی۔
کلِک فٹبال ورلڈ کپ پر خصوصی ضمیمہ
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں چلی کی ٹیم کی پہلی فتح ہے۔ چلی نے اب تک چھ ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کی ہے اور آج سے پہلے کھیلے گئے تیرہ میچوں میں سے چلی کی ٹیم نے چھ میچ برابر کھیلے ہیں جبکہ سات میں اسے شکست ہوئی تھی۔
یہ پہلا موقع تھا کہ چلی اور ہونڈراس کسی بین الاقوامی مقابلے میں مدِمقابل تھے۔ ان دونوں ممالک کے مابین ماضی میں پانچ دوستانہ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے چلی نے تین جبکہ ہونڈراس نے دو میچ جیتے ہیں۔
ہونڈراس کی ٹیم کا یہ دوسرا ورلڈ کپ ہے تاہم وہ آج تک ورلڈ کپ میں کوئی میچ جیت نہیں پائی ہے۔ ہونڈراس نے سنہ 1982 میں سپین میں منعقدہ ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی اور اپنے تین میچوں میں سے دو برابر کھیلے تھے جبکہ ایک میں اسے شکست ہوئی تھی۔
چھ مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں شرکت کے باوجود چلی کی ٹیم صرف سنہ 1998 میں ابتدائی مرحلے سے آگے بڑھ پائی تھی۔ سنہ اٹھانوے کے عالمی مقابلوں میں ناک آؤٹ مرحلے میں برازیل نے چلی کو چار ایک کے سکور سے ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کر دیا تھا۔