کابینہ کا اجلاس لائن آف کنٹرول پر

عمر عبداللہ
،تصویر کا کیپشنکشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ عوامی رابطہ بحال کرنے کے لیے کوشاں بتائے جاتے ہیں۔
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اُردو ڈاٹ کام، سرینگر
  • وقت اشاعت

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعلیٰ عمرعبداللہ آئندہ چند روز میں کابینہ کا اہم اجلاس شمالی کشمیر میں کنٹرول لائن کے قریبی قصبہ ٹنگ ڈار میں منعقد کرینگے۔

چونسٹھ برس قبل بھارت کے ساتھ مہاراجہ ہری سنگھ کے الحاق کے بعد یہ پہلا موقعہ ہے کہ کوئی وزیراعلیٰ’ کنٹرول لائن‘ کے قریبی علاقوں میں کابینہ اجلاس طلب کررہا ہے۔

سرکاری ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ دُوردراز دیہات میں رہنے والے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی غرض سے لیا گیا ہے۔

لیکن مسٹر عبداللہ کے حریف سیاسی حلقوں نے اس فیصلے کو ایک ’مہنگی تفریحی‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی ’سستی شہرت‘ کے لئے دیہی آبادی کا استحصال کررہے ہیں۔

حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے ترجمان تنویر صادق نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے بی بی سی کو بتایا: ’پہلے تو لوگ حکومت کو ڈھونڈتے تھے، لوگ سیکریٹیریٹ میں دھکے کھاتے تھے، لیکن عمرصاحب حکومت لوگوں کے دروازوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔‘

جموں کشمیر کی ستاسی رکنی قانون ساز اسمبلی میں سب سے بڑی اپوزیشن پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے ایل او سی پر کابینہ کے اجلاس کو ایک ’فضول مشق‘ اور ’مہنگی سیر‘ قرار دیا ہے۔

پارٹی کے ترجمان نعیم اختر نے بی بی سی کو بتایا: ’اس مہنگی سیر کا مقصد یہ ہوسکتا ہے کہ عمرعبداللہ اپنی نئی مگر انتہائی مہنگی گاڑی میں لمبی ڈرائیو پر جائیں۔ وہ تو بھارت کے واحد شخص ہیں جو دنیا کی سب سے مہنگی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔‘

عمر عبداللہ کے حریفوں کا کہنا ہے کہ ٹنگ ڈار ایک پسماندہ علاقہ ہے جو کنٹرول لائن کے قریب ہونے کی وجہ سے دہائیوں تک ہند-پاک ٹکراؤ سے متاثر ہوتا رہا ہے۔

گزشتہ دس سال سے دونوں ملکوں کے درمیان فائربندی کا معاہدہ ہونے کے بعد یہاں کے لوگ اب کھیتی باڑی تو کرسکتے ہیں، لیکن وہ زندگی کی بنیادی سہولات سے اب بھی محروم ہیں۔

ٹنگ ڈار کے مقامی شہری سرتاج احمد نے بی بی سی کو فون پر بتایا: ’کابینہ اجلاس میں ملازموں کے تبادلے ہوتے ہیں، یا بڑے منصوبوں کو منظوری ملتی ہے۔ ہمیں کیا فائدہ ملے گا۔‘

ٹنگ ڈار دراصل کنٹرول لائن کے قریب کشن گنگا کے کنارے آباد ہے۔ ملحقہ علاقہ ٹیٹوال پہنچنے پر کشن گنگا کے اُس پار پاکستانی علاقہ ہے، جہاں سے بہتر سڑکیں اور موبائل فون کے ٹاور صاف نظر آتے ہیں۔

کشمیر ایل او سی
،تصویر کا کیپشنکشمیر کا ٹنگ ڈار کا علاقہ پسماندہ ہے اور یہ ایل او سی کے پاس ہے

سرتاج احمد کہتے ہیں: ’ہمارے یہاں پاکستانی فون کا سگنل آتا ہے، لیکن بھارت سرکار نے ابھی تک یہاں موبائل فون کے سگنل جام کر رکھے ہیں۔ سڑکیں بھی وہیں ہیں جو فوج نے ہی ہند-پاک جنگ کے بعد بنوائی تھیں۔‘

گو کہ حکومت اور حکمراں جماعت کا اصرار ہے کہ کنٹرول لائن کے قریب کابینہ کا اجلاس منقعد کرنے کا مقصد عوامی مسائل کا موقعہ پر ہی فوری ازالہ ہے۔

لیکن بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ دراصل وزیراعلیٰ نئی دلّی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر میں امن و سلامتی کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے لہٰذا فوج کو حاصل خصوصی اختیارات کا قانون ختم کیا جائے۔ کچھ حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمرعبداللہ حکومت ہند کے سامنے اپنی شبیہ بہتر بنانے کے لئے عوامی رابطے کے لئے نئی نئی ترکیبیں سوچ رہے ہیں۔

کالم نگار جاوید نقیب کہتے ہیں: ’رابطہ کاروں کی رپورٹ میں صاف صاف کہا گیا ہے کہ حکومت کا عوامی رابطہ کمزور ہے۔ انہوں نے تو یہاں تک لکھا ہے کہ نوجوانوں کی بہبود کے لیے ان کی ہی تجویز کی ہوئی ایک سکیم میں مقامی حکومت نے روڑے اٹکائے۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اب وزیراعلیٰ عوامی سطح پر سرگرم ہونے کے لئے مجبور ہوگئے ہیں۔‘