ماؤ نوازوں کا حملہ، پانچ اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع نارائن پور میں ماؤ نواز باغیوں نے پولیس کے ایک کیمپ پر حملہ کیا ہے جس میں پانچ پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
چھتیس گڑھ کے ایک سینیئر پولیس افسر نے کہا ہے کہ جس کیمپ پر حملہ کیا گیا ہے اسے حال ہی میں پولیس اہل کاروں نے جھارا گھاٹی میں قائم کیا تھا۔
جمعرات کی صبح تقریبا سات بجے اس کیمپ پر حملہ ہوا جب تقریباً سبھی جوان اس کیمپ میں ہی موجود تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت اچانک ماؤنواز باغیوں کے ایک دستے نے کیمپ پر حملہ کیا اور اندھا دھند گولیاں چلانی شروع کر دیں۔
پولیس حکام کے مطابق اس واقعے میں چار اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی اہلکار کو ہسپتال میں داخل کیا گيا تھا جہاں وہ چل بسا۔
حملے کے بعد ماؤنواز باغی پولیس کے ہتھیار بھی لوٹ کر اپنے ساتھ لے گئے۔
جھارا گھاٹی کا علاقہ نارائن پور ضلع میں سب سے حساس علاقہ مانا جاتا ہے اسی علاقے میں گزشتہ برس ماؤنوازوں کے ایک حملے میں چھبیس پولیس اہل کار مارے گئے تھے۔















