بابا رام دیو کی زندگی کا غیر معمولی سفر

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی
- وقت اشاعت
بدعنوانی کے خلاف یوگا کے جس گورو کی مجوزہ تحریک نے بھارت کی وفاقی حکومت کے ایوانوں میں ہلچل پیدا کی ہے ان کی زندگی کا سفر غیر معمولی رہا ہے۔
بابا رام دیو کے بچپن کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں ہے لیکن کہا جاتا ہے کہ ان کاجنم انیس سو ترپن میں ہوا تھا اور بچپن میں ہی ان پر فالج کا اثر ہوگیا تھا۔
آٹھویں جماعت میں سکول چھوڑ کر وہ ایک ’گوروکل‘ یا ہندو مدرسہ میں داخل ہوئے جہاں انہوں نے سنسکرت اور یوگا کی تعلیم حاصل کی۔ آگے چل کر انہوں نے سنیاس اختیار کیا اور یوگا میں ان کی مہارت نے انہیں بین الاقوامی سطح پر شہرت اور بے پناہ دولت سے ہم کنار کیا۔
لیکن یہ سفر نہ تو آسان تھا اور نہ اس میں کبھی تنازعات کی کمی رہی۔ بابا رام دیو نے ملک میں بدعنوانی کے خلاف چار جون سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کہا جاتا ہےکہ رام دیو کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے، ان کے پاس کتنی دولت ہے یہ تو کوئی نہیں جانتا لیکن وہ اکثر چارٹرڈ طیاروں سے سفر کرتے ہیں۔
اس سے بظاہر حکومت کو ڈر ہے کہ ان کی تحریک خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ لہذا اسے روکنے کے لیے حکومت کسی بھی حد تک جانے کو تیار نظر آ رہی ہے۔
بدھ کو جب رام دیو دلی ہوائی اڈے پر اترے تو ملک کے چار انتہائی سینیئر وزراء ان کے انتظار میں وہاں موجود تھے۔ وہ بابا کو بھوک ہڑتال کا ارادہ ترک کرنے پر مائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

لیکن رام دیو آسانی سے نہیں مانیں گے کیونکہ ان کے سیاسی عزائم بھی ہیں۔ ماناجاتا ہے کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے بہت قریب ہیں اور بعض رپورٹوں کے مطابق ان کے ایک ٹرسٹ نے سن دو ہزار نو میں بی جے پی کی انتخابی مہم کے لیےگیارہ لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگرچہ رام دیو کا کہنا ہے کہ وہ کسی سیاسی عہدے کے خواہش مند نہیں ہیں لیکن گزشتہ برس انہوں نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
اس سے پہلے بھی وہ سماجی مسائل اٹھاتے رہے ہیں لیکن اس وقت انہوں نے شاید سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت بدعنوانی کا مسئلہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ حکومت پہلے سے ہی کافی دباؤ میں ہے اور بڑے بڑے گھپلوں کے الزامات کی وجہ سے اس کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
خود رام دیو کو بھی سنگین الزامات کا سامنا رہا ہے۔ سن دو ہزار چھ میں مارکسی کمیونسٹ پارٹی کی لیڈر برندا کرات نے الزام لگایا تھا کہ ان کے دوا خانے میں انسانوں اور جانوروں کی ہڈیوں کا استعمال ہوتا ہے۔ لیکن یہ الزام کبھی ثابت نہیں ہوسکا۔

،تصویر کا ذریعہ
اور کوئی سیاسی یا سماجی موضوع ایسا نہیں ہے جس پر وہ تنازعہ کی فکر کیے بغیر اپنی رائے نہ ظاہر کرتے ہوں۔ دو سال قبل جب دلی ہائی کورٹ نے ہم جنس پرستی کے حق میں اپنا تاریخ ساز فیصلہ سنایا تو بابا رام دیو نے کہا کہ ہم جنس پرستی ایک بیماری ہے جس کا علاج کیا جاسکتا ہے۔
رام دیو کا ایک مخصوص سٹائل ہے۔ چون برس کی عمر میں ان کے سر یا داڑھی میں کوئی سفید بال نظر نہیں آتا، کوئی بھی موسم ہو وہ زعفرانی رنگ کی ایک دھوتی نما کپڑے سے اپنا جسم ڈھکتے ہیں۔ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس ایڈز سے لیکر کینسر تک ہر خطرناک سے خطرناک مرض کی دوا موجود ہے۔ کچھ یوگا کے ذریعہ اور کچھ جڑی بوٹیوں کے استعمال سے۔
ان کے کارناموں کی فہرست لمبی ہے۔ تصدیق کسی کی ممکن نہیں لیکن کہا جاتا ہے کہ لاکھوں لوگ ان کے علاج سے صحتیاب ہوتے ہیں اور اپنے جسم پر فالج کا اثر بھی انہوں نے یوگا کے ذریعہ ہی ختم کیا۔
بھارت میں ستر اور اسی کی دہائی میں یوگا کے کئی مشہور گورو ہوئے لیکن بابا رام دیو نے ملک میں سیٹلائٹ ٹی وی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا بھرپور انداز میں استعمال کیا اور ٹی وی پر ان کے پروگراموں کی وجہ سے ان کی یوگا کی ترکیبوں کا ذکر گھر گھر میں ہونے لگا۔
یوگا کے گورو کی حیثیت سے انہوں نے اپنا سفر ہریانہ کے شہر جند سے شروع کیا جہاں انہوں نے لوگوں کو مفت میں اس قدیم فن کی تعلیم دینا شروع کی اور اس طرح ان کی شہرت کا سلسلہ شروع ہوا جو بڑھتا ہی چلا گیا۔
رام دیو کے چاہنے والے دعوی کرتے ہیں کہ ملک میں یوگا کی روایت دم توڑ رہی تھی جسے انہوں نے نئی زندگی بخشی۔ لیکن وہ یوگا کے روایتی اور انتہائی مشکل اور پیچیدہ آسنوں کے مقابلے میں سانس کے ذریعہ ایکسرسائز پر زیادہ زور دیتے ہیں۔
بابا رام دیو کی بھوک ہڑتال شروع ہوگی تو ان کی سیاسی وابستگیوں کا ذکر بھی دوبارہ شروع ہوگا اور اگر حکومت انہیں منانے کی کوششیں ترک کردیتی ہے تو پھر ان کی بے پناہ دولت پر بھی سوال اٹھنا شروع ہوں گے۔
اس کا اشارہ کانگریس کےسینیر لیڈر دگ وجے سنگھ پہلے ہی دے چکے ہیں جن کا کہنا ہے کہ بابا رام دیو سنیاسی کم اور کاروباری زیادہ ہیں اور اگر حکومت ان سے خوفزدہ ہوتی تو انہیں اب تک جیل میں ڈال چکی ہوتی۔
لیکن اگر یہ سچ ہوتا تو چار وزراء رام دیو کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر ان کا انتظار نہیں کرتے۔
اصل آزمائش سنیچر کو شروع ہوگی اور دیکھا یہ جائے گا کہ جن کروڑوں لوگوں کی وفاداری کا بابا رام دیو دعوی کر رہے ہیں ان میں سے کتنے ان کی حمایت میں اپنے گھروں سے نکلتے ہیں اور حکومت ان کی تحریک ختم کرانے کے لیے کس حد تک جھکتی ہے۔ لیکن حکومت کے ساتھ اس جنگ کا پہلا راؤنڈ بابا رام دیو نے جیت لیا ہے۔



















