بھارت: کالے دھن کا پتہ لگانے کی کوشش

،تصویر کا ذریعہAP
بھارتی حکومت نے اندرون اور بیرون ملک کالے دھن کی مقدار کا پتہ لگانے کے لیے تین سرکردہ غیر سرکاری اداروں کی خدمات حاصل کی ہیں جو اپنی رپورٹ میں حکومت کو یہ بھی بتائیں گے کہ ٹیکس کی چوری اور بیرون ملک بینکوں میں غیر قانونی طور پر جمع دولت واپس لانے کے لیے کیا تدابیر کی جاسکتی ہیں۔
بیرون ملک بینکوں میں جمع کالا دھن واپس لانے اور ٹیکس کی چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے بھارتی سپریم کورٹ نے کئی مرتبہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ اس کے علاوہ حزب اختلاف بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی بھارتی شہریوں کی غیر قانونی طور پر بیرون ملک بینکوں میں جمع رقم واپس لانے کے لیے دباؤ قائم کیا ہے۔
لیکن حکومت کا موقف رہا ہے کہ یہ رقم واپس لانا انتہائی پیچیدہ کام ہے اور نہ ہی اس بارے میں کوئی قابل اعتبار تخمینہ لگایا جاسکا ہے کہ بھارتی شہریوں نے کتنی دولت بیرون ملک جمع کر رکھی ہے۔
بہر حال، غیر سرکاری اندازوں کے مطابق یہ رقم پانچ سو ارب ڈالر سے لے کر چودہ سو ارب ڈالر کے درمیان ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ رپورٹ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فناشل مینجمنٹ اور نیشنل انسٹی آف اپلائیڈ اکانامک رسرچ کے ماہرین تیار کریں گے جس کے لیے انہیں اٹھارہ مہینے کا وقت دیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق اس جائزے میں یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ کن سرگرمیوں سے منی لانڈرنگ ( کالے دھن کو سفید میں تبدیل کرنے کا عمل) کو فروغ حاصل ہوتا ہے اور اس کا قومی سیاست پر کیا اثر پڑتا ہے۔
رپورٹ میں اس بارے میں بھی سفارشات شامل کی جائیں گی کہ کالے دھن کو کس طرح قانونی معاشی سرگرمی میں شامل کیا جائے اور بیرون ملک جمع رقم پر کس طرح ٹیکس لگایا جائے۔
بھارت میں ٹیکس کی ادائیگی کے نظام کو آسان بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں اور ایک نسبتاً آسان ٹیکس کوڈ آئندہ مالی سال سے عمل میں آئے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن حال ہی میں بدعنوانی کے کئی بڑے معاملے سامنے آئے ہیں جن سے حکومت کی مشکلات بڑھی ہیں کیونکہ یہ عام تاثر پیدا ہوا ہے کہ حکومت بدعنوانی کے معاملات پر قابو پانے کے لیے خاطر خواہ کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اس پس منظر میں بدعنوانی کے خلاف اپریل میں سول سوسائٹی کی تحریک بہت کامیاب ہوئی تھی اور حکومت کو سماجی کارکن انا ہزارے کا یہ مطالبہ تسلیم کرنا پڑا تھا کہ حکومتی حلقوں میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے نیا سخت قانون سول سوسائٹی کے تعاون سے وضع کیا جائے۔
گزشتہ چند مہینوں میں بدعنوانی کے جو بڑے معاملات منظر عام پر آئے ہیں ان میں ٹو جی سپیکٹرم سکیم اور دولت مشترکہ کھیلوں کے انعقاد میں مبینہ بے ضابطگیاں شامل ہیں۔
ان دونوں ہی معاملات میں ملوث سرکردہ شخصیات فی الحال جیل میں ہیں جبکہ فوج کی زمین پر تعمیر کی جانے والی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں ضابطوں کی صریح خلاف ورزیوں کی وجہ سے حال ہی میں مہاراشٹر کے وزیر اعلی اشوک چوہان کو ہٹا دیا گیا تھا۔



















