’بھارت میں قبائلیوں کا استحصال‘

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنغیر قبائلی لوگ، حکومتی اہلکاروں کی مدد سے، قبائلیوں کو ڈرا دھمکا کر یا بدعنوانی کے ذریعہ جنگلات سے بے دخل کر رہے ہیں تاکہ قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھا سکیں: مراسلہ
وقت اشاعت

وکی لیکس کے جاری کردہ خفیہ مراسلوں کے مطابق امریکی سفارتکاروں کا خیال ہے کہ بھارتی حکومت ملک کی قبائلی آبادی کا ’استحصال نہ روک پا رہی ہے اور نہ روکناچاہتی ہے۔‘

یہ مراسلے بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ نے شائع کیے ہیں جن سے امریکی سفارتکاروں کی یہ تشویش ظاہر ہوتی ہے کہ تقریباً ساڑھے آٹھ کروڑ قبائلی آْبادی کے تحفظ اور بہبود کے کاموں کی طرف حکومت کی بے توجہی سے ماؤنواز باغیوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

ماؤ نواز باغی ملک کے بہت سے علاقوں میں سرگرم ہیں اور جمعرات کو اخبارات میں چھپنے والی ایک خبر کے مطابق صرف گزشتہ پچیس دنوں میں ہی پچاس لوگوں کو ہلاک کر چکے ہیں۔

مراسلے کے مطابق بھارتی حکومت اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہی ہے لیکن ’ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور معاشی ترقی کی وجہ سے قبائلیوں کے مصائب میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ جن جنگلات میں وہ رہتے ہیں ان پر( ترقیاتی سرگرمیوں کی وجہ سے) دباؤ بڑھ رہا ہے۔‘

مراسلوں کے مطابق ملک میں ایک نقطہ نظر یہ بھی ہے کہ قبائلی آبادیاں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور انہیں جنگلات سے ہٹا کر قومی دھارے میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

قبائلیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے سروائیول انٹرنیشنل کے مطابق قبائلی آبادیوں کو اگر ان کے آبائی علاقوں سے زبردستی ہٹایا جائے تو ان کی جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے۔

ادارے کے ڈائریکٹر سٹیفن کوری کا کہنا ہے کہ حکومت کو قبائلی آبادیوں کے تئیں اپنا رویہ بدلنے کی ضرورت ہے ورنہ جس استحصال کا امریکی مراسلوں میں ذکر کیا گیا ہے، اسے روکا نہیں جاسکے گا۔

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشناڑیسہ میں قبائلیوں کو مشکلات در پیش ہیں

ملک میں اس وقت کئی ایسے علاقے ہیں جہاں بڑے صنعتی منصوبوں کے لیے حکومتیں قبائلیوں کی زمینیں حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان میں جنوبی کوریا کی پاسکو کمپنی کا سٹیل پروجیکٹ سر فہرست ہے جسے اڑیسہ میں لگائے جانے کی تجویز ہے۔

یہ تقریباً پچاس ہزار کروڑ روپے کا منصوبہ ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر قبائلی بے گھر ہو جائیں گے جس کی وہ بھرپور مخالفت کر رہے ہیں۔

حکومت نے قبائلیوں کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے ایک قانون وضع کیا ہے جس میں ان جنگلات اور معدنی وسائل پر ان کا حق تسلیم کیا گیا ہے جہاں وہ رہتے ہیں اور جن سے ان کا گزر بسر ہوتا ہے۔ لیکن مراسلوں کے مطابق ’طاقتور بدعنوان حلقوں کی جانب سے جنگلات کا استحصال جاری ہے۔‘

مراسلوں میں کہا گیا ہےکہ یہ مسئلہ بہت اہم ہے کیونکہ غیر قبائلی لوگ، حکومتی اہلکاروں کی مدد سے، قبائلیوں کو ڈرا دھمکا کر یا بدعنوانی کے ذریعہ جنگلات سے بے دخل کر رہے ہیں تاکہ قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھا سکیں۔

’بھارت کی ا فسرشاہی سے قبائلی آبادیوں اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے کسی ٹھوس بل کی منظوری یا اطلاق کی توقع نہیں کی جاسکتی اور ملک کی آبادی کی اکثریت کی بھی اس سلسلے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘

بھارت کے وزیر ماحولیات جے رام رمیش نے قبائلیوں کے مفادات اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک پالیسی مرتب کی ہے جسے ’گو، نو گو‘ کا نام دیا گیا ہے، یعنی کچھ علاقوں میں صنعت کاری یا کان کنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی لیکن خود وفاقی حکومت کے بعض حلقے اور کچھ ریاستی حکومتیں اس پالیسی کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ دیکر اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔