پائلٹوں کی ہڑتال، مسافر مشکل میں

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنہڑتال سے کئی پروازیں منسوخ کر نی پڑی ہیں
وقت اشاعت

اپنے مطالبات پرزور دینے کے لیے ایئر انڈیا کے تقریبا چھ سو پائلٹوں نے منگل کی نصف شب سے ہڑتال شروع کردی ہے جس سے ہزاروں مسافروں کیے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

ملکی پروازوں کے پائلٹس غیر ملکی پروازوں کے پائلٹوں کے برابر تنخواہوں اور سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انڈین کمرشل پائلٹس ایسوسی ایشن ان پائلٹوں کی ایسوسی ایشن ہے جو پہلے انڈین ایئر لائز میں تھے۔ انڈین ایئر لائنز 2007 میں ایئرانڈیا میں ضم کر دی گئی تھی۔

انضمام سے قبل ایئر انڈیا کی پروازیں بین الاقوامی منزلوں کے لیے مخصوص تھیں جبکہ انڈین ایئر لائنز ملکی پروازیں بھرتی تھی۔

ہڑتال کی وجہ سے ابتدائی خبروں کے مطابق ایئر انڈیا کو اپنی بارہ فیصد پروازیں منسوخ کرنی پڑی ہیں۔ منسوخ کی جانے والی پروازوں کے مسافروں کو دوسری پروازوں کے ذریعے ان کی منزلوں کو بھیجا بجا رہا ہے۔

ممبئی سے ایئر انڈیا کی بائیس پروازیں ہیں اور ان میں سے دس کو منسوخ کرنا پڑا ہے جس میں سے ایک بین الاقوامی پرواز بھی ہے۔

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنہڑتال سے مسا‌فروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے

وزیر اعظم کو لکھےگئے ایک خط میں پائلٹوں کی ایسوسی ایشن نےکہا ہے کہ دونوں ایئر لائنوں کے انضمام کے بعدگزشتہ دو برس سے ملی جلی کمپنی نیشنل ایوی ایشن کمپنی آف انڈیا لمیٹیڈ کی حالت خراب ہوئی ہے اور وہ قرض میں ڈوبی ہوئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق کمپنی پر 40 ہزار کروڑ روپے کا قرض ہے۔ اس کا مارکیٹ شیئر پندرہ فیصد رہ گیا ہے اور یہ چوتھے مقام کی ایئر لائن ہوکر رہ گئی ہے۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ آخر فائدہ مند راستوں پر پرواویں کیوں بند کی گئیں۔ ان پائلٹوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ کمپنی 111 جہازوں کی خریداری کا جو آرڈر کیا ہے اس کی بھی جانچ کی جائے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جہازوں کا استعمال بھی کم ہورہا ہے۔ ان کے مطابق اگر نقصان سے بچنا ہے تو جہاز کم از کم تیرہ گھنٹے تک استعمال میں ہونے چاہئیں جو کہ اس وقت صرف نوگھنٹے ہی ہو رہے ہیں۔

ان پا ئلٹوں نے غیر ملکی پائلٹوں کو مبینہ طور پر بڑی تنخواہیں دینے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ ماہرین کی ایک کمیٹی تنخواہوں میں برابری کے سوال اور پائلٹوں کے کام کرنے کے حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔

ایئر انڈیا کے مطابق انڈین ایئر لائنز کے کو پائلٹ کی اوسط تنخواہ سوا دو لاکھ سے تین لاکھ تیس ہزار روپے کے درمیاان ہوتی ہے جبکہ کمانڈر کو چار سے پانج لاکھ روپے تک ملتے ہیں۔

ایئر انڈیا نے ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کہ کمپنی کی انتطامیہ نے انڈین کمرشل پائلٹس ایسوسی ایشن کی حیثیت خارج کر دی ہے اور اس کے دفتر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ایسو سی ایشن کے بعض پائلٹوں کو ملازمت سے بھی نکال دیا گیا ہے۔ پائلٹوں کا کہنا ہے کہ ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔