’بات بھی ہوگی، میچ بھی ہوں گے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
- وقت اشاعت
بھارت کے وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان’بات چیت بھی ہوگی اور کرکٹ میچ بھی ہوں گے۔
موہالی کے پاک بھارت سیمی فائننل کے بعد سے ہی سپورٹس کی فضا بدلی ہو ئی محسوس ہوتی ہے۔
کرکٹ کے حلقوں سے اطلاعات مل رہی ہیں کہ بھارت کی ٹیم آئندہ سال کے اوائل میں ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
بھارتی ٹیم کا آئندہ دنوں کا شیڈول طے ہے لیکن دونوں ملکون کے کرکٹ بورڈز آئندہ برس کے اس دورے کی تفصیلات طے کر رہے ہیں۔
پہلے کے شیڈیو ل کے مطابق مارچ -اپریل 2012 میں تین ٹیسٹ میچ اور پانچ ون ڈے میچوں کے لیے پاکستان کی ٹیم کو بھارت آنا ہے۔ بھارت کی ٹیم نے پاکستان کا آخری دورہ سنہ دو ہزار پانچ/دو ہزار چھ میں کیا تھا۔ سنہ 2008 میں ممبئی پر حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ میچوں کا سلسلہ ٹوٹ گیا تھا۔
پاک بھارت کرکٹ رابطے بحال ہونے پر بھارت کے کرکٹ حلقوں میں خوشی ظاہر کی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کے پرنسپل ایڈوائزر آئی ایس بندرا نے بی بی سی سے بات کرتے ہو ئےکہا کہ یہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک زبردست خبر ہے۔ ’یہ بہت اجھی پیش رفت ہے ۔آٹھ دس ملک ہیں جہاں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے اور اور ایک ملک کو اس سے الگ کر دینا بہت بڑا جھٹکا تھا ۔ پاکستان کے کھلاڑی بہت ایکسائٹنگ ہیں اور ان کی اس سطح پر بھی کرکٹ میں واپسی کرکٹ کے لیے بہتر ہے۔‘
سابق کرکٹر منندر سنگھ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کا تعلق دونوں ملکون کے تعلقات سے ہے اور چاہتے ہیں کہ یہ تعلقات بہتر رہیں ۔’دونوں جانب سے مثبت ردِ عمل سامنے آ رہا ہے اور شاید تعلقات میں بہتری آئی ہے اور شاید اسی لیے کرکٹ شروع ہونے کی باتیں ہو رہی ہیں ۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بھارت کے سابق کرکٹر اور معروف وکٹ کیپر ایس ایم کرمانی نے اس سلسلے میں اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کرکٹ بہت سے ملکوں میں کھلی جاتی ہے لیکن اگر یہ کھیل کسی بھی وجہ سے ایک ملک میں نہ کھیلا جا رہا ہو تو اس کا اثر سبھی ملکوں پر پڑتا ہے۔ اکر بھارت-پاک کرکٹ رابطے بحال ہو جائیں اور بھارت پاکستان میں جا کر کھیل سکے تو یہ بہت بہتر ہو گا‘۔
دونون ملکوں کے درمیان کرکٹ شروع کرنے کے لیے سیاسی سطح پر رکاوٹ تو دور ہو چکی ہے ۔ لیکن میچز کب شروع ہو ں گے اس کا فیصلہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے ہاتھ میں ہے۔



















