ورلڈ کپ فائنل، کانٹے دار میچ کا امکان

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت اور سری لنکا کے درمیان عالمی کپ کے فائنل میں جو لوگ کانٹے کے مقابلے کی توقع کر رہے ہیں، تاریخ کے تناظر میں ان کے لیے اچھی خبر نہیں ہے۔
گزشتہ تین عالمی کپ مقابلوں کے فائنل کافی حد تک یکطرفہ ثابت ہوئے ہیں۔
سن دو ہزار سات میں سری لنکا اور اس سے پہلے بھارت اور پاکستان کو آسٹریلیا نے دل کو د ہلا دینے والے مظاہرے کرتے ہوئے جلدی ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔
لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ بھارت اور پاکستان نے آسٹریلیا کا ’ڈریم رن‘ ختم کردیا ہے اور فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں میں زیادہ فرق نہیں ہے۔
بھارت اور سری لنکا نے گزشتہ تین برسوں میں آپس میں اتنی کرکٹ کھیلی ہے کہ ان کا کوئی راز ایک دوسرے سے چھپا نہیں ہے۔ دونوں نے اس مدت میں اوسطاً ہر ماہ ایک میچ کھیلا ہے اور دونوں ایک دوسرے کے بلے بازوں اور بارلز کی کمزوریوں اور سٹرانگ پوائنٹس سے بخوبی واقف ہیں۔
مجموعی ریکارڈ دیکھا جائے تو بھارت نے اب تک سڑسٹھ ایک روزہ میچ جیتے ہیں اور سری لنکا نے پچاس لیکن عالمی کپ کے میچوں میں مہمان ٹیم کا ریکارڈ کہیں بہتر ہے۔ ورلڈ کپ میں اس نے دو کےمقابلے میں چار میچ جیتے ہیں۔
بھارت کی ٹیم کی بیٹنگ اس کی طاقت ہے، سہواگ، تندولکر اور رائنا سب زبردست فارم میں ہیں، فیلڈنگ کافی کمزور اور بالنگ اوسط سے کچھ ہی بہتر مانی جاتی ہے۔ بالنگ میں صرف ظہیر خان نے ماہرین کو مسلسل متاثر کیا ہے، باقی کبھی چلے ہیں کبھی نہیں۔ اس کے علاوہ آشیش نہرا کی انگلی میں فریکچر ہوگیا ہے لہذا ان کی جگہ سری سانت کو شامل کیا جانا تقریباً طے مانا جا رہا ہے۔
ادھر سری لنکا کی ٹیم کا ٹاپ آرڈر تباہ کن فارم میں ہے، مڈل آرڈ نے اب تک مایوس کیا ہے لیکن ان کی خدمات کی زیادہ ضرورت بھی نہیں پڑی ہے، اس کا بالنگ اٹیک میں اتنی ویرائٹی ہے جو فی الحال کسی دوسری ٹیم کے پاس نہیں ہے۔ اس کے کئی بالرز کے ایکشن بالکل غیر روایتی ہیں جنہیں کھیلنا کسی کے لیے آسان نہیں ہوتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جہاں تک فیلڈنگ کا سوال ہے، سری لنکا کا کوئی مقابلہ نہیں۔ فائنل کے پریشر کا بہت ذکر کیا جارہا ہے، یہ کہ بھارت پر دباؤ بہت ہوگا لیکن شاید ہار جیت میں فیلڈنگ فیصلہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔
وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی بتائی جا رہی ہے اور اسے تیار کرنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر سدھیر نائیک کا دعویٰ ہے کہ اگر سچن تندولکر صرف آدھے گھنٹے بھی وکٹ پر ٹک گئے تو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی سوویں سینچری مکمل کرکے ہی آؤٹ ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ کرے گی کیونکہ بعد میں وکٹ کچھ سست ہوجاتی ہے اور شاٹ لگانا آسان نہیں ہوتا۔ لہذا دو سو ستر رنز کا ہدف ایک اچھا سکور ثابت ہوگا۔
ادھر سری لنکا کے افسانوی آف سپنر مرلی دھرن کا یہ آخری بین الاقومی ایک روزہ میچ ہوگا کیونکہ وہ پہلے ہی اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان کی فٹنس کے بارے میں ابھی کچھ تشویش ہے لیکن اس بات کا امکان کم ہی کہ پوری طرح فٹ نہ ہونے پر بھی سنگاکارا انہیں ٹیم میں شامل نہیں کریں گے۔ ان کی ٹیم میں شمولیت کا نفسیاتی پہلو بھی ہے۔ آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز بھی فٹ نہیں ہیں۔
دونوں ٹیمیں اس سے پہلے ایک ایک مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکی ہیں اور ایک ایک بار ہی فائنل میں پہنچی ہیں جہاں انہیں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا ہوا ہے۔
ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل ہیں، ٹیمیں اپنے آخری ٹریننگ سیشن کے بعد اپنے ہوٹل کو لوٹ چکی ہیں اور میچ شروع ہونے میں کچھ ہی دیر باقی ہیں۔ کل کوئی بھی جیتے لیکن ایک بات طے ہے: پہلی مرتبہ کوئی میزبان ٹیم عالمی چیمپئن کے خطاب پر قبضہ کرے گی۔
(پاکستان کے علیم ڈار اور آسٹریلیا کے سائمن ٹوفل فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ بھارتی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔)



















