یہ آخر ہو کیا رہا ہے؟

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی
- وقت اشاعت
تین چار برسوں کی خاموشی کے بعد ہندوستانی کی سپریم کورٹ میں ایک مرتبہ پھر‘جوڈیشل ایکٹیویزم‘ کا دور دورہ ہے اور ماہرین قانون خوش ہیں کہ آخرکار عدالت عظمی پھر حکومتوں کو لگام دے رہی ہے۔
چیف جسٹس ایس ایچ کپاڈیا کی سبربراہی میں عدالت کے ایک بنچ نے جمعرات کو تاریخ ساز فیصلہ سناتے ہوئے متنازع چیف ویجیلنس کمشنر (سی وی سی) پی جے ٹامس کی تقرری کو کالعدم قرار دیا تھا کیونکہ انہیں خود بدعنوانی کے ایک الزام کا سامنا ہے۔
حکومت کے لیے یہ ایک زبردست دھچکہ ہے کیونکہ جس کمیٹی نے پی جے ٹامس کی تقرری کا فیصلہ کیا تھا اس میں خود وزیر اعظم اور وزیر داخلہ بھی شامل تھے۔
سابق سالسٹر جنرل ہریش سالوے نے ایک اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا یہ فیصلہ ’جوڈیشل ریویو کی بہترین مثال ہے‘۔ سپریم کورٹ نے وہی کیا ہے جو ہمارے آئین ساز چاہتے تھے اور ساتھ ہی قانون کے لحاظ سے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ حساس عہدوں پر تقرری کیسے کی جانی چاہیے۔‘
سینیئر وکیل رام جیٹھ ملانی کہتے ہیں کہ ’جوڈیشل ایکٹیویزم جن مقاصد کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، ان کے لیے کیا جارہا ہے۔ اس سے حکومت صحیح راستے پر رہے گی اور اگر بھٹکے گی تو اسے سپریم کورٹ کے غصے کا سامنا کرنا پڑےگا۔‘
ہندوستان میں آج کل کئی بڑے گھپلے سرخیوں میں ہیں جن کا یا تو سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا ہے یا اس کے سامنے دائر کی جانے والے پٹیشنوں پر سخت رویہ اختیار کیا ہے۔
مثال کے طور پر دولت مشترکہ کھیلوں کے انعقاد میں مبینہ بے ضابطگیایوں کی تفتیش اور ٹو جی سپیکٹرم کیس، میں سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر اے راجہ کو جیل بھیجا ہے۔ اور حسن علی خان کی بے پناہ دولت کا معاملہ جس میں تفتیش کی سست رفتار پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے عدالت نے (جمعرات کو ہی) یہ سوال پوچھا کہ اس ملک میں آخر ہو کیا رہا ہے؟
تجزیہ نگاروں کے مطابق عدالت کے اس بدلے ہوئے رویہ کے پیچھے چیف جسٹس ایس ایچ کپاڈیا کی شخصیت کا اہم کردار ہے۔ جسٹس کپاڈیا کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ بدعنوانی برداشت نہیں کرتے۔ اور چیف جسٹس کا عہدہ سمبھالتے وقت انہوں نے یہ کہہ کر کہ ‘میرا واحد اثاثہ میری ایمانداری ہے،‘ اس بات کو اشارہ بھی دیا تھا کہ عدالت کے کام کاج کا طریقہ بدلے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عدلیہ اور حکومت کے درمیان محاذ آرائی پہلے بھی کئی مرتبہ ہو چکی ہے لیکن شاید جوڈیشل ایکٹیویزم کی پہلی ٹھوس مثال انیس سو تہتر میں ملتی ہے جب عدالت عظمی نے کہا کہ حکومت کو آئین میں ترمیم کا حق تو حاصل ہے لیکن اس کے بنیادی ڈھانچے سے چھیڑ چھاڑ کی اسے اجازت نہیں ہے، یعنی جمہوریت، سیکولرزم اور وفاقی نظام جیسے پہلوؤں کو نہیں بدلا جسکتا۔
انیس سو پچہتر میں الہ آباد ہائی کورٹ نے اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے لوک سبھا کے الیکشن کو یہ کہتے ہوئے کالعدم قرار دیا کہ انہوں نے سرکاری مشینری کا بے جا استعمال کیا تھا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں ایمرجنسی لگائی گئی اور شاید ملک کی سیاست ہمشیہ کے لیے بدل گئی۔
اس کے بعد ججوں کی تقرری کے طریقہ کار، سی بی آئی کی خود مختاری اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے اپنے اثاثے ظاہر کرنے کی شرط پر بھی عدالت نے سخت موقف اختیار کیا۔
حکومت نے اثاثوں سے متعلق عدالت کے حکم سے بچنے کے لیے عوامی نمائندگی قانون میں ترمیم کی لیکن عدالت نے اسے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے منسوخ کر دیا۔ لیکن ماہرین کہتے ہیں کہ عدلیہ کے اس ایکٹیویزم کے مثبت اور منفی دونوں ہی اثر ہوئے ہیں۔
سینٹر فار پالیسی ریسرچ سے وابستہ شیلاشری شنکر نے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ ان حالیہ فیصلوں سے سیاست میں عدلیہ کا رول بڑھ رہا ہے کیونکہ اہم پالیسیوں سے متعلق معاملات اور سیاسی تنازعات زیادہ بڑی تعداد میں عدالت کے پاس پہنچ رہے ہیں اور عدالتیں حکومتوں کے کام کاج پر نگاہ رکھ رہی ہیں۔
شیلاشری شنکر کے مطابق ایسا تب ہوتا ہے جب کمزور سیاسی اتحاد اقتدار میں ہوں اور’اس پس منظر میں اعلی عدالتیں سماج کی طرف سے کارروائی کے مطالبے اور زمینی حقائق کے تقاضوں میں توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کیونکہ اپنے فیصلوں کے اطلاق کے لیے عدالتوں کو حکومتوں کے تعاون کی ہی ضرورت پڑتی ہے۔‘



















