سوئز بینک میں بلڈر کے کھاتے کا معمہ

- مصنف, شکیل اختر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دِلی
- وقت اشاعت
سوئٹزر لینڈ کے ایک اہم بینک یو بی ایس نے کہا ہے کہ بھارت کے ایک بلڈر حسن علی خان کا ان کے بینک میں کوئی کھاتہ نہیں ہے۔
بھارتی حکام نے مسٹر خان پر سوئس بینکوں میں آٹھ ارب ڈالر ( تقریباً 38 ہزار کروڑ روپے) غیر قانونی طور پر جمع کرنے کا الزام لگایا تھا۔
ٹیکس حکام نے اس مبینہ رقم پر ٹیکس جمع نہ کرنے کے لیے انہیں 40 ارب روپے جمع کرنے کا نوٹس دے رکھا ہے۔
ممبئی میں جاری کیےگئے ایک بیان میں یو بی ایس نے کہا ہے کہ سوئز بینک میں حسن علی خان کے سلسلے میں اربوں ڈالر جمع کرنے کے الزامات کے بارے میں ’جو دستاویزات دی گئی تھیں وہ جعلی ہیں۔‘
’یو بی ایس میں مسٹر خان کا کوئی کھاتہ نہیں ہے اور نہ ہی ان کے کوئی اثاثے ہیں۔ بینک کو مسٹر خان کے ایسے کسی لین دین کے بارے میں بھی کوئی علم نہیں ہے جن کے بارے میں بھارتی میڈیا میں حال میں خبریں شائع ہوئی ہیں۔‘
گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ وہ ناجائز دولت کے سلسلے میں مسٹر خان کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دے۔
حسن علی خان ریل اسٹیٹ کنسلٹنٹ ہیں اور پونے میں وہ ہارس ریسنگ میں حصہ لیتے رہے ہیں اور ریس کے فارموں کے مالک ہیں۔
سنہ 2007 میں انکم ٹیکس کے اہلکاروں نے پونے میں مسٹر خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔ بعد میں ممبئی اور حیدر آباد میں بھی ان کے گھروں اوردفتروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان چھاپوں کے بعد انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے یہ دعوی کیا تھا کہ انہیں ایسی دستاویزات ملی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ مسٹر خان نے زیورخ کے یو بی ایس بینک میں آٹھ ارب ڈالر جمع کر رکھے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے مسٹر خان کے خلاف غیر قانونی طور پر روپے کے لین دین یا حوالہ ریکٹ کے شبہے میں تحقیقات کی ہیں۔
مسٹر خان اور ان کے بعض ساتھیوں سے پوچھ گچھ کے بعد ممبئی کے ٹیکس کے محکمے نے دسمبر 2008 میں مسٹر خان پر یو بی ایس سمیت مختلف غیر ملکی بینک کھاتوں میں ان کے دعوے کے مطابق جمع کی گئی رقم کو چھپانے کے لیے چالیس ہزار کروڑ روپے کے ٹیکس کا نوٹس جاری کیا ہے۔
سوئز بینک یو بی ایس نے ممبئی میں جاری کیےگئے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے جنوری 2007 میں معلومات حاصل کرنے کی ایک درخواست پر بینک نے سوئٹزر لینڈ کے محکمۂ انصاف کو بتایا تھا کہ یو بی ایس کی مبینہ دستاویز، جن میں یہ بتایا گیا ہے کہ خان کے اثاثے اس بینک میں جمع ہیں، جعلی تھیں۔
حسن علی خان کا معاملہ حالیہ دنون میں اس وقت بحث کا موضوع بنا رہا جب حزب اختلاف نے غیر ممالک میں جمع بھارتیوں کے کالے دھن کو واپس بھارت لانے کے لیے حکومت پر دباؤ بنانا شروع کیا۔
اقتصادی ماہرین کے اندازوں اور مختلف ذرائع سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق غیر ملکی بینکوں میں بھارت کے امیر افراد کے کم از کم پانچ سو ارب ڈالر کا کالا دھن جمع ہے۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ابھی تک سرکاری طور پر صرف حسن علی خان نام کا اچھالا گیا تھا اور جس کے بارے میں اب خود سوئز بینک نے ہی تردید کر دی ہے۔
چند ہفتے قبل ایک نیوز کانفرنس میں حسن علی خان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ پرنب مکھرجی نے کہا تھا کہ سوئز بینک میں مسٹر خان سے منسوب کھاتوں میں کوئی رقم نہیں ملی ہے۔
متعدد کوششوں کے باوجود مسٹر خان سے رابطہ نہیں ہو سکا اور ان کے سابقہ وکیل نے بھی اس سلسلے میں کچھ بتانے سےگریز کیا ہے۔



















