کشمیر: دو بہنوں کے قتل پر تشویش کی لہر

کشمیر/ فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنہلاکتوں کی وجہ سے قصبے میں تشویش پائی جا رہی ہے تاہم اس دوران معمول کی سرگرمیاں جارہی رہیں
وقت اشاعت

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے شمالی قصبے سوپور میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں ایک غریب کنبے کی دو بہنوں کے اغواء اور قتل کے واقعے کے بعد پوری وادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

کسی بھی مسلح گروپ نے اس دوہرے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ ہلاکتوں میں مقامی مسلح شدت پسندوں کا ہاتھ ہے۔

سرینگر سے شمال کی جانب پچپن کلومیٹر دُور سوپور کی مسلم پیر بستی میں ایک کمرہ پر مشتمل مکان میں رہنے والے غلام نبی ڈار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ’پیر کی شب ساڑھے نو بجے دو مسلح نوجوان گھر میں داخل ہوئے اور انہوں نے میری بیٹیوں کُلثومہ اور ریحانہ کو ساتھ چلنے کے لیے کہا۔‘

دونوں بہنوں کی ماں فریضہ نبی کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے جب مزاحمت کی تو مسلح افراد نے انہیں دھمکی دی اور لڑکیوں کو ساتھ لےگئے۔

انہوں نے بتایا کہ’ ان کے پاس جیپ جیسی کوئی گاڑی تھی، میں نے پیچھا کرنا چاہا لیکن میں گر پڑی۔ پھر میں اپنے دیور معراج کےساتھ تھانے گئی، ہم ابھی رپورٹ لکھوا ہی رہے تھے کہ نزدیکی بستی سے گولیوں کی آوازیں سنائی دیں۔‘

سوپور کے پولیس سربراہ الطاف خان نے بتایا کہ ان ہلاکتوں میں مسلح شدت پسندوں کا ہاتھ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ’ مقامی شدت پسند وسیم گنائی اور مظفرنائیکو کے ہمراہ ایک غیر ملکی شدت پسند بھی تھا۔ لڑکیاں محنت مزدوری سے اپنا پیٹ پالتی تھیں۔‘

منگل کی صبح مقتول بہنوں کے جنازے میں سوپور کی مسلم پیر بستی اور ملحقہ آبادیوں نے شرکت کی۔ ہلاکتوں کی وجہ سے قصبے میں تشویش پائی جا رہی ہے تاہم اس دوران معمول کی سرگرمیاں جارہی رہیں۔

انسانی حقوق کے مقامی گروپوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ہلاکتوں سے متعلق حقائق عوام کے سامنے رکھے۔ کولیشن آف سول سوسائٹیز کے ساتھ وابستہ خرم پرویز نے بی بی سی کو بتایا کہ’ ہمیں ابھی تک نہیں معلوم ان ہلاکتوں کا مقصد کیا ہے۔ طرح طرح کی معلومات سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں وہ حکومت کے لیے کام کرتی تھیں اور کچھ حلقے ان کے چال چلن پر سوال اُٹھاتے ہیں۔ لیکن پھر بھی یہ بہیمانہ قتل ہے اور قابل مذمت ہے۔‘

قابل ذکر ہے کہ جنوبی ضلع شوپیان کے پہاڑی گاؤں کیلر میں گزشتہ سال چار لڑکیوں سمیت سات افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کے بعد قتل کردیا تھا۔