بابری انہدام:’قصوروار بخشے نہیں جائینگے‘

بھارت کے دارالحکومت دلی میں حکمراں جماعت کانگریس کا سالانہ اجلاس چل رہا ہے جہاں پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے ملک کے اہم مسائل پر خطاب کیا ہے۔
ملک بھر سے آئے ہوئے کانگریس کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے آر ایس ایس یعنی راشٹریہ سویم سنگھ سمیت سخت گیر ہندو تنظیموں پر نکتہ چینی کی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا ’ایودھیا معاملے پر ہائی کورٹ کا فیصلہ کسی بھی طرح بابری مسجد کو منہدم کرنے والوں کو بری نہیں کرتا ہے۔ یہ ایک مجرمانہ حرکت تھی جس کے لیے قصورواروں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جانا چاہیے۔‘
سونیا گاندھی نے اپنے خطاب میں کشمیر کے حالات کا ذکر کیا اور کشمیریوں سے کہا کہ وہ وہاں امن کو ایک موقع دیں۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ حکومت ’خطے کی سبھی سیاسی جماعتوں اور اور مختلف گروہوں سے جن سے رابطہ کاروں نے ملاقات کی ہے بامعنی مذاکرات کی خوہاں ہے۔ ہمیں جموں کشمیر میں نئی صورت حال کا سامنا ہے اور گزشتہ چند ماہ کے واقعات کافی تکلیف دہ ثابت ہوئے ہیں۔‘
محترمہ گاندھی نے نکسلزم اور عام اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتوں جیسے ملک کے مختلف مسائل کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت انہیں حل کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
کانگریس پارٹی کے اس اجلاس میں پارٹی کی طرف سے کارکنان کو جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس پر سخت نکتہ چینی کی گئی ہے۔ پارٹی کے سینیئر رہنما پرنب مکھرجی نے اس بیان کو پڑھ کر سنایا۔
ان کا کہنا تھا ’حالیہ دنوں میں تفتیش کے ذریعے جو تفصیلات سامنے آئی ہیں اس سے آر ایس ایس اور اس کی ساتھی تنظیموں کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ہے۔ تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ اس کے ارکان دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پارٹی نے کہا ہے کہ وہ ہر طرح کی شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے لڑےگي جو قوم کے سکیولر چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس اجلاس سے وزیراعظم منموہن سنگھ سمیت کئی رہنماؤں نے خطاب کیااور انہوں نے نے اپنی حکومت کی معاشی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
راہل گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ پہلے بھارت کی ایک ’غربت‘ کی تصویر تھی اور اب وہ دو ’امیری اور غریبی کی شکلیں ہیں، اور یہ صرف کانگریس پارٹی ہے جو دونوں میں فرق کو مٹا سکتی ہے۔‘
پارٹی کے اجلاس کے اختتام پر ایک قرار داد منظور کی جائےگی جس میں انہیں تمام مسائل سے نمٹنے کا اعادہ کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بابری مسجد پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ایک بار پھر اقلیتی طبقہ کانگریس سے ناراض ہے۔ اس وقت ریاست بہار میں انتخابات بھی ہو رہے ہیں اس لیے کانگریس پارٹی مسلمانوں کو اس بات کی یقین دہانی کرانے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ فرقہ پرستی سے ہر قیمت پر نمٹے گی۔



















