اجمل: سزا کے قانونی جواز پر سماعت شروع

ممبئی پر حملوں کے سلسلے میں اجمل قصاب کو سنائی جانے والی سزائے موت کے قانونی جواز کا جائزہ لینے اور اس فیصلے کے خلاف اجمل قصاب کی اپیل کی سماعت ممبئی ہائی کورٹ میں پیر سے شروع ہوگئی ہے۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل اجول نکم نے ہائی کورٹ کے سامنے اپنے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا ممبئی پر حملے سرکاری حمایت یافتہ دہشت گردی کا واقعہ تھے جسے لشکرے طیبہ نے انجام دیا تھا۔
خصوصی عدالت نے گزشتہ چھ مئی کو اجمل قصاب کو پھانسی کی سزا سنائی تھی اور اس سزا کی تصدیق ہائی کورٹ سے ضروری ہے۔
ہائی کورٹ کو اس بات کی تصدیق کرنی ہے کہ خصوصی عدالت نے اجمل قصاب کو جو سزائے موت سنائی ہے، وہ درست ہے یا نہیں۔
ممبئی سے نامہ نگار ریحانہ بستی والا نے بتایا ہے کہ جسٹس رنجنا دیسائی اور جسٹس آر وی مورے کی ڈویژن بنچ کے سامنے اجول نکم نے سابقہ عدالت کے فیصلے کے پس منظر میں اپنے دلائل پیش کیے۔
قصاب نے سنٹرل جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سماعت میں حصہ لیا۔
اجمل قصاب کو سکیورٹی کے خدشات کی وجہ سے عدالت نہیں لایا گیا تھا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق قصاب نے عدالت کی کارروائی میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔ پہلی مرتبہ انہیں قیدی کی ڈریس میں میں دکھایا گیا ہے۔قصاب تندرست نظر آرہے تھے اور ان کے چہرے پر زیادہ پریشانی نظر نہیں آئی۔
اس موقع پر ہائی کورٹ کے اردگرد سخت سیکورٹی تھی۔ سیکورٹی اتنی سخت تھی کہ شاید پہلی بار ہائی کورٹ کی تاریخ میں وکلاء کو بھی لائن لگا کر عدالت میں جانا پڑا۔ کئی سو پولیس اور نیم فوجی دستے عدالت کے باہر تعینات تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قصاب کو سینٹرل آرتھر روڈ جیل میں انتہائی سخت حفاظت میں رکھا گیا ہے اور ہند تبتی سرحد فورس کے جوانوں کو خصوصی طور پر ان کی حفاظت پر مامور کیا گیا ہے۔
چھ مئی کو خصوصی عدالت کی جانب سے موت کی سزا سنائے جانے کے حکم کے بعد قصاب نے ریاستی حکومت سے اپیل کی تھی کہ وہ عدالت کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت نے دو ایڈوکیٹ سولکر اور شاہ کو نامزد کیا تھا۔
چھبیس نومبر سن دو ہزار آٹھ کو ممبئی پر سلسلہ وار کئی مقامات پر حملے ہوئے تھے جن میں ایک سو چھیاسٹھ افراد ہلاک اور کئی سو زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق دس حملہ آور ممبئی پر حملہ کرنے آئے تھے جن میں سے پولیس اجمل امیر قصاب کو زندہ پکڑنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ اجمل قصاب کے علاوہ دو ہندستانی ملزمین فہیم انصاری اور صباح الدین سمیت اکتالیس ملزمین پر ممبئی کے سینٹرل جیل کے احاطے میں بنی خصوصی عدالت میں گزشتہ برس سترہ اپریل سے مقدمہ شروع کیا گیا تھا۔



















