بھارت:ٹرک حادثے میں اڑتیس ہلاک

سڑک حادثے کی ایک فائل تصویر
،تصویر کا کیپشنہندوستان میں سڑک حادثےعام ہیں
وقت اشاعت

ہندوستان کی ریاست ہماچل پردیش میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ٹرک کے کھائی میں گرنے سے اڑتیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ٹرک میں سوار افراد ایک سالگرہ پارٹی سے واپس لوٹ رہے تھے۔

یہ واقعہ ہماچل پردیش کے منڈي ضلع میں پیش آیا ہے۔ یہ ضلع ہمالیہ کی پہاڑیوں میں واقع ہے۔

اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد چالیس کے قریب ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چالیس میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے۔

مقامی پولیس انسپکٹر بہادر سنگھ نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’ٹرک میں سوار افراد برتھ ڈے پارٹی سے واپس آرہے تھے۔ ڈرائیورگاڑی کی رفتار پر قابو نہ رکھ سکا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے‘۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں والوں اور سرکاری اہلکاروں نے لوگوں کو رسی کی مدد سے نکال کر ہسپتال پہنچانے کا کام کیا ہے۔

ہندوستان میں سڑک حادثوں میں ہلاکتیں عام بات ہے۔ ہر برس اس طرح کے حادثوں میں کئی سو افراد اپنی جان گنواتے ہیں۔بیشتر حادثات کے لیے پرانی گاڑیوں، تیز رفتار میں گاڑی چلانا اور خراب سڑکوں کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔