تیلنگانہ کے لیے طویل انسانی زنجیر

ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں علیحدہ تیلنگانہ ریاست کے مطالبے کی حمایت میں عادل آباد سے عالم پور تک پانچ سو کلومیٹر لمبی انسانی زنجیر بنائی گئی ہے۔
اس انسانی زنجیر میں بڑی تعداد میں خواتین، مرد، بچے اور سرکاری ملازمین حصہ لے رہے ہیں۔
اس انسانی چین کو منعقد کرنے والی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ بھارت میں اب تک بنائی گئ یہ سب سے لمبی انسانی زنجیر ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ تیلنگانہ ریاست کے مطالبے کو زبردست حمایت حاصل ہے۔
ادھر بدھ کو مرکزی حکومت نے تیلنگانہ ریاست کے مسئلے پر غور کرنے کے لیے ایک مرکزی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔
آندھرا پردیش میں علیحدہ ریاست تیلنگانہ کے قیام کا مسئلہ گزشتہ دو مہینے سے اٹھا ہوا ہے۔ گزشتہ دنوں علیحدہ ریاست کے مطالبے کے سلسلے میں ریاست میں کئی بار پرتشدد احتجاج بھی ہوئے ہیں۔
اس دوران تیلنگانہ ریاست کی حمایت اور مخالفت میں بھی احتجاج ہوا ہے۔
حیدرآباد میں بی بی سی کے نامہ نگار عمر فاروق نے بتایا ہے کہ انسانی زنجیر میں ہزاروں افراد حصہ لے رہے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ حیدرآباد میں حیسن ساگر جھیل کے کنارے بھی سینکڑوں افراد پوسٹر اور بینرز لیے تیلنگانہ ریاست کی حمایت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















