تیلنگانہ: ہڑتال سے زندگی درہم برہم

احتجاجی مظاہرے
،تصویر کا کیپشنحالات سے نمٹنے کے لیے ہر طرف سخت حفاظاتی انتظامات کیے گئے ہیں
وقت اشاعت

ہندوستان میں مرکزی حکومت کے اس اعلان کے بعد کہ تیلنگانہ ریاست کے قیام کو فی الوقت روک دیا گیا ہے اور اس پر از سر نو غور کیا جائیگا، پورے تیلنگانہ علاقہ میں ایک بار پھر پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔

تیلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے صدر کے شیکھر راؤ نے اس کے خلاف دورزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے جس سے پورے علاقہ میں عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

بدھ کی شام کو وزیرداخلہ پی چدامبرم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اختلافات کے سبب ریاست آندھرا پردیش کو تقسیم کرکے تیلنگانہ ریاست کے قیام کے منصوبہ کو فی الوقت روک دیا گیا ہے اور اس پر از سر نو غور وفکر کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائیگا۔

اس اعلان کے بعد ہی شیکھر راؤ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ مرکزی حکومت نے تیلنگانہ کے معاملے پر لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور انہوں نے اس فیصلہ کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

بدھ کی رات کو حیدآبـاد سمیت مختلف علاقوں میں ہو ئے پر تشدد مظاہروں میں سو سے زائد سرکاری بسوں کو نذر آتش کیا جا چکا ہے۔

تیلنگانہ ریاست کے قیام کی حمایت میں جگہ جگہ پر تشدد مظاہرے ہورہے ہیں اور بیشتر مقامات پر ہڑتال کا اثر دیکھا جارہا ہے۔

حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف چندر شیکھر راؤ سمیت تیلنگانہ علاقہ کے کئی ارکان پارلیمان نے بطور احتجاج اپنی رکنیت سے استعفی دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اس میں حکمراں جماعت کانگریس پارٹی کے بھی بعض ارکان شامل ہیں۔

ادھر ریاستی اسمبلی کے بھی پچاس سے زائد ارکان نے تیلنگانہ کی حمایت میں اپنی رکنیت سے استعفی دیدیا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ حکومت ان تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر صورت حال قابو میں نہیں آئی تو ریاست آندھرا پردیش میں صدارتی راج کا نفاذ بھی کیا جا سکتا ہے۔

ادھر شیکھر راؤ نے اس مسئلے پر بات چیت کے لیے دوسری پارٹیوں کے ارکان کے ساتھ ایک میٹنگ بلائی ہے۔

مرکزی حکومت نے دو ہفتہ قبل اعلان کیا تھا کہ حکومت آندھرا پردیش کو تقسیم کرکے علیحدہ تیلنگانہ ریاست کے قیام کے لیے تیار ہے۔ اس اعلان کے بعد رائل سیما اور اور ساحلی علاقوں میں اس کی مخالفت شروع ہوگئی تھی اور احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔

دباؤ میں آنے کے بعد حکومت نے اس اعلان کو ایک بار پھر واپس لے لیا ہے اور اب تیلنگانہ علاقہ میں مظاہرے شروع ہوئے ہیں۔