ممبئی حملے: اجمل قصاب اقبالیہ بیان سے منحرف

- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
ممبئی حملوں کے واحد زندہ بچنے والے ملزم اجمل امیر قصاب نے جمعہ عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے ’میں شدت پسند قصاب نہیں ہوں اور مجھے پولیس نے حملے سے بیس دن قبل جوہو چوپاٹی سے گرفتار کیا تھا۔‘
ممبئی حملوں کی خصوصی عدالت میں جمعہ کو قصاب کا بیان ریکارڈ کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے اقبالیہ بیانات سے انحراف کرتے ہوئے کہا کہ مجسٹریٹ کے سامنے لیا گیا بیان انہیں مار پیٹ کر لیا گیا تھا۔
ممبئی حملوں کے مقدمہ میں چھ سو دس گواہان کی گواہی مکمل ہونے کے بعد عدالت میں ملزم کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔جج ایم ایل تہیلیانی نے ملزم قصاب سے ان کا نام پتہ پوچھا اور پھر گواہان کی ریکارڈ کی گئی گواہی کی بنیاد پر ان سے سوالات شروع کیے لیکن قصاب نے کہا کہ وہ ان حملوں میں شامل نہیں تھے۔
قصاب نے یہ بھی کہا کہ وہ سی ایس ٹی سٹیشن پر گئے ہی نہیں اور نہ ہی کسی ابو اسماعیل کو جانتے ہیں۔
قصاب نے بیشتر سوالات کے جواب میں کہا کہ انہیں کچھ یاد نہیں ہے۔ قصاب کا کہنا تھا کہ وہ فرید کوٹ کے رہنے والے ہیں لیکن ایک فرید کوٹ پاکستان میں ہے اور دوسرا ہندستان میں ہے۔ ’کس کا پتہ بتاؤں۔‘
سفید کرتے پاجامے میں ملوث قصاب پرسکون نظر آرہے تھے لیکن انہوں نے عدالت کو اس وقت چونکا دیا جب انہوں نے کہا کہ پولیس حراست میں ان سے ملاقات کے لیے چار گورے لوگ آئے تھے وہ ان سے تفتیش کر رہے تھے اور ان میں ایک ہیڈلی بھی تھا۔
جج نے اس پر قصاب کی سرزنش کی کہ ان سے جتنا پوچھا جائے اتنا ہی جواب دیا جائے۔ حال ہی میں ہیڈلی اور تہور رانا کو شکاگو سےگرفتار کیا گیا تھا۔ ہیڈلی پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر ممبئی کی ریکی کی تھی۔اس مقدمہ میں شروع سے ہی ہیڈلی کے معاملہ کو دور رکھا گیا ہے۔
قصاب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’میں وہ حملہ آور قصاب ہوں ہی نہیں اسے تو پولیس والوں نے ہلاک کر دیا تھا۔ مجھے حملے کے بیس دن قبل جوہو چوپاٹی سے گرفتار کیا تھا۔ میں وہاں گھومنے گیا تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قصاب نے عدالت میں کہا کہ ’میں نے کبھی اے کے 47 ہاتھ میں لیا ہی نہیں ہے۔ میرے پاس میرا پاکستانی سم کارڈ تھا۔قصاب نے الزام عائد کیا کہ ایک پولیس افسر کی ایماء پر یہ سب کچھ کیا گیا ہے۔
قصاب کی گرفتاری کے بعد سے اب تک قصاب تین مرتبہ اپنے بیانات دے چکا ہے۔ ایک بیان کرائم برانچ افسران کے سامنے دوسرا بیان مجسٹریٹ کے سامنے لیا گیا۔ ایک تیسرا بیان قصاب نے عدالت میں میڈیا اور جج کے سامنے دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں اپنے گناہ قبول ہیں اور یہ کہ وہ ان حملوں میں شامل تھا۔
قصاب نے اُس وقت عدالت میں بیان دیا تھا کہ وہ ایسا اپنے ضمیر کی آواز پر کر رہے ہیں۔ اس بیان میں قصاب نے کہا تھا کہ انہیں اور ان کے ساتھیوں کو لشکر طیبہ کے کمانڈروں نے تربیت دی تھی۔



















