دارجیلنگ میں ہڑتال، عام زندگی متاثر

دارجیلنگ کی ایک فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنبھارتیہ جنتا پارٹی نے عام انتخابات میں گورکھالینڈ کو ایک اہم انتخابی موضوع بنایا تھا۔
    • مصنف, سبیر بھومک
    • عہدہ, بی بی سی نیوز کلکتہ
  • وقت اشاعت

ہندوستان کے مشرقی صوبے مغربی بنگال میں ایک علیحدہ گورکھا صوبے کے قیام کے مطالبے پر چار دن کی ہڑتال شروع ہوگئی ہے جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

علیحدہ گورکھا ریاست کے مطالبے پر سینکڑوں گورکھا افراد غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال بھی کر رہےہیں۔

ہڑتال کے موقع پر دارجیلنگ کے پہاڑی علاقے میں بس سروس ٹھپ ہے، دکانیں اور بازار بند ہیں جبکہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کا حاضری نہ کے برابر ہے۔ چائے کے باغات میں بھی ہڑتال کا اثر دیکھا جا رہا ہے اور وہاں بڑی تعداد میں ملازمین کام پر نہیں پہنچے ہیں۔

ایک علیحدہ گورکھا صوبے کے قیام کے لیے تحریک چلارہے گورکھا جن مکتی مورچہ کے سربراہ بمل گورنگ کا کہنا ہے ’علیحدہ ریاست کا ہمارا مطالبہ تیلنگانہ سے بھی پرانا ہے۔ یہ ہماری آخری لڑائی ہے۔ ہمیں گورکھالینڈ حاصل کرنا ہے۔ ہم مغربی بنگال میں نہیں رہ سکتے کیونکہ ہم ان سے الگ ہیں‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حیدرآباد میں علیحدہ ریاست تیلنگانہ کے مطالبے پر تیلنگانہ راشٹری سمیتی کے سربراہ چندر شیکھر راؤ نے غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال کی تھی اور ان کی ہڑتال کے گیارہویں دن مرکزی حکومت نے علیحدہ تیلنگانہ ریاست کے قیام کی منظوری دے دی تھی۔

ادھر بھارتی حکومت نے اکیس دسمبر کو ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں مرکزی حکومت اور مغربی بنگال کی حکومت کے نمائندوں کے علاوہ گورکھا جن مکتی مورچہ کے نما‏ئندگان بھی شامل ہوں گے۔

بمل گورنگ کا کہنا ہے ’ہم مغربی بنگال کی حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ وہ علیحدہ ریاست کے خلاف ہیں‘۔ مرکزی وزیر خزانہ پرنب مکھرجی کا تعلق بھی مغربی بنگال سے ہے اور پہلے ہی یہ واضح کرچکے ہیں کہ علیحدہ گورکھا لینڈ ممکن نہیں ہے۔

لیکن بمل گورنگ کا کہنا ہے کہ یہ پرنب مکھرجی کی ذاتی رائے ہے اور وہ جاننا چاہیں گے اس پر مرکزی حکومت کی کیا رائے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مرکزی حکومت گورکھالینڈ کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیتی ہے تو وہ اس بات کی ضمانت نہیں دیتے کہ اس مسئلے پر علاقے میں کس طرح کے حالات پیدا ہوتے ہیں۔

مسٹر گورنگ کا کہنا تھا ’ہماری تحریک گاندھی کے عدم تشدد کی فلسفے پر مبنی ہے۔ ہماری تحریک بھوک ہڑتال اور عام ہڑتال تک محدود ہے لیکن اگر ہمیں علیحدہ ریاست نہیں ملی تو حالات کشیدہ ہوسکتے ہیں‘۔

دارجیلنگ میں گورکھے اسّی کی دہائی سے علیحدہ ریاست کا مطالبہ کررہے ہیں۔