’ایسی پبلسٹی کی ضرورت نہیں‘

بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان نے امریکہ سے واپسی کے بعد کہا ہے کہ نیوارک ائرپورٹ پر ان سے پوچھے جانے والے ’بےتکے‘ سوال ان کے لیے نہایت تکلیف دہ تھے۔
وطن واپسی کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بالی وڈ اداکار خان نے کہا کہ امیگریشن افسر نے ان سے پوچھا کہ ان کا نام اتنا عام کیوں ہے؟ اس نے دوسرا بے تکا سوال کیا کہ کیا کوئی آپ کے امریکہ میں آنے کی ذمہ داری لے سکتا ہے یا آپ کی آمد کا جواز پیش کر سکتا ہے؟
خان نے افسوس ظاہر کیا کہ اگر انہیں میرا نام اتنا عام لگا تو امیگریشن افسر نے ان کے فنگر پرنٹس کیوں نہیں لیے یا ان کے ریٹینا کے جانچ کیوں نہیں کی اگر کر لیتے تو شاید ان سے یہ بے تکے سوالات نہیں کرتے۔ خان نے مزید کہا کہ وہ سمجھ سکتے ہیں کہ امریکہ میں وہ ایک عام آدمی ہیں لیکن سابق صدر جمہوریہ عبدالکلام کے ساتھ جو ہوا وہ واقعی قابل افسوس اور ان کے لیے ایک طرح کا ٹارچر تھا۔
خان نے کہا کہ وہ سمجھ سکتے ہیں کہ ایسا اس ملک میں سکیورٹی کے لیے کیا جا رہا تھا لیکن انہیں گیارہ ستمبر کے حملے کے بعد اپنا سسٹم اپ گریڈ کر لینا چاہیے تاکہ پھر نسل رنگ اور مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ اس طرح کا امتیاز نہ برتا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا یہاں ہمارے ملک میں بھی بہت ہوتا ہے۔ ہم نسل مذہب اور ذات کی بنیاد پر ووٹ بھی مانگتے ہیں، ہمیں خود کو بھی درست کرنے کی ضرورت ہے۔
خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حالانکہ وہ اس معاملہ کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں لیکن یہ بھی طے ہے کہ اب وہ چار مرتبہ جانے کے بجائے ایک مرتبہ جانا پسند کریں لیکن فیملی کے ساتھ وہ شاید کبھی نہ جائیں۔
ایک سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ڈرامہ نہیں تھا۔ انہیں کسی قسم کی سستی شہرت کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فلم ’مائی نیم از خان‘ آٹھ ماہ بعد ریلیز ہوگی اور فلم کی تشہیر تین ماہ قبل ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ نسل اور مذہب کو بنیاد بنا کر پبلسٹی کرنا اس سے زیادہ گھٹیا انسان کوئی نہیں ہو سکتا اور شاہ رخ کی اس کی ضرورت نہیں ہے۔
شاہ رخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں اپنے مذہب اور اپنے انڈین ہونے پر فخر ہے، مجھے کسی کی پیروی کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیش کے وقت وہ چاہ رہے تھے کہ ملک واپس چلے جائیں لیکن وہ ایسا نہیں کر سکے کیونکہ انہوں نے ایک سال قبل لوگوں سے یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے لیے حامی بھری تھی۔
خان نے مزید کہا کہ جو کچھ ہوا وہ ایک منفی عمل تھا اور ہمیں اسے بھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے چند سیاسی رہنماؤں کے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اس معاملہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شاہ رخ خان بالی وڈ کے نامور اداکار ہیں۔ جنوبی ایشیائی باشندوں کی جانب سے شکاگو میں پندرہ اگست کے روز کارنیوال میں شرکت کے لیے وہ امریکہ کے نیویارک ایئر پورٹ پہنچے جہاں امیگریشن افسر نے انہیں تفتیش کے نام پر ڈیڑھ گھنٹے تک روکے رکھا اور ہندوستانی سفیر کی مداخلت کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔



















