کشمیرسیکس سکینڈل: عمر عبدللہ مستعفی

عمر عبداللہ
،تصویر کا کیپشنعمر عبداللہ الزام کے بعد گورنر سے ملنے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے ہیں
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر
  • وقت اشاعت

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کےگورنر این این وؤرا نے ریاست کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سے کہا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری رہنے تک وہ اپنے عہدے پر قائم رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں۔

منگل کے روز جموں کشمیر کی صوبائی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران حزب اختلاف نے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ دو ہزار چھ کے بدنام زمانہ سیکس سکینڈل میں ملوث ہیں۔

اس الزام کے بعد مسٹر عبداللہ نے ایوان میں اعلان کیا کہ بے قصور ثابت ہونے تک وہ وزارت اعلیٰ کا منصب چھوڑ دینگے۔ اس کے بعدانہوں نے گورنر کے پاس پہنچکر اپنا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔

وزیر اعلی کی گورنر سے ملاقات کے بعد صورت حال واضح نہیں تھی جس کے بعد گورنر این این وؤرا نے ایک بیان میں کہا کہ سیکس سکنڈل کے متعلق جب تفتیش پوری نہیں ہوجاتی ہے اس وقت تک عمر عبداللہ اپنے منصب پر قائم رہیں گے۔

جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں حزب اختلاف پی ڈی پی کے رکن مظفرحُسین بیگ نے سپیکر کو ملک کے سب سے بڑے تفتیشی ادارہ سی بی آئی کی مرتب کردہ ایک فہرست تھما دی۔ اس فہرست میں دو ہزار چھ میں منظرعام پر آئے بدنام زمانہ سیکس سکینڈل سے جُڑے اُن ایک سو اُنتیس ملزموں کے نام ہیں جن کی سی بی آئی تفتیش کررہی ہے۔

مسٹر بیگ، جو مفتی وزارت میں قانون کے وزیرتھے، نے سپیکر سے کہا کہ ، 'اس فہرست میں ملزم نمبر 102 کو دیکھ لیجئے، وہ عمرعبداللہ ولد فاروق عبداللہ ہیں۔'

اس سنسنی خیز انکشاف کے ساتھ ہی ایوان میں شوروغل پیدا ہوا۔ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی ممبران نے ایک دوسرے پر طعنوں کی بارش کردی۔

پی ڈی پی ممبران نے اس انکشاف کے بعد واک آوٹ کیا۔ لیکن بعد میں عمرعبداللہ نے نہایت جذباتی انداز میں اعلان کیا کہ وہ صوبائی گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دینگے۔ انہوں نے کہا : ' مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ جب تک ملزم بے گناہ ثابت نہیں ہوتا وہ گناہ گار ہی سمجھا جاتا ہے۔ یہ میرے اوپر ایک کلنک ہے، ایک دھبہ ہے۔'

اپنی پارٹی ممبران کے پُرزور اصرار کے باوجود وزیراعلیٰ ایوان سے باہر آگئے اور خُود گاڑی چلاتے ہوئے راج بھون چلے گئے، تاکہ وہ گورنر کو استعفیٰ پیش کرسکیں۔ راج بھون ذرائع نے بتایا کہ گورنر بھی عمرعبداللہ کو استعفیٰ کا فیصلہ واپس لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ نوجوان کشمیری لڑکیوں کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر ان کی برہنہ فلمیں بنانےا ور ان کا جنسی استحصال کرنے سے متعلق ایک سنسنی خیز سکینڈل دو ہزار چھ میں منظر عام پر آیا تھا۔ اس پر دو ماہ تک یہاں احتجاجی تحریک چلی تھی۔ بعد ازاں سینٹرل بیورو آف انویسٹگیشن یا سی بی آئی نے کیس کی تفتیش کی اور اس میں دو وزیر، نیم فوجی عملے کا ایک اعلیٰ افسر اور بعض سرکاری عہدیدار ملوث پائے گئے۔

مظفر بیگ نے اس کیس سے متعلق ایوان میں بتایا کہ یہ کیس ختم نہیں ہو اہے اور سی بی آئی اس کی تفتیش ابھی بھی کررہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس تاریخی سکینڈل میں سی بی آئی نے ملزمان کی فہرست میں عمرعبداللہ کو سیرئل نمبر 102 پر رکھا ہے۔