رشتےداروں کی خیریت کیسےلیں

کنٹرول لائن
،تصویر کا کیپشنٹیلیفوں کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے تجارت کی افادیت ہی کھو گئی ہے
    • مصنف, ریاض مسرور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، سرینگر
  • وقت اشاعت

پاکستان کے زير انتظام کشمیر کے مظفرآباد شہر میں جمعہ کو ہونے والے طالبان کے خودکش حملے سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے وہ شہری زبردست فکروتشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں جن کے رشتہ دار سالہاسال سے کنٹرول لائن کی دوسری جانب رہتے ہیں۔

کنٹرول لائن پر بھارتی حدود سے پاکستانی حدود میں مواصلاتی رابطوں پر پابندی کے سبب کشمیر کے اوڑی، کرناہ اورگریز کے لوگوں میں زیادہ تشویش پائی جاتی ہے۔

اوڑی کے رہنے والے ناطق صبور نے بی بی سی کو بتایاکہ ’ ٹیلی فون ہوتا تو ہم (حملے کی )خبر سُنتے ہی فون لگاتے اور اپنے اقرباء کی خیریت معلوم کر لیتے۔ لیکن ہمیں وہاں کے فون کا انتظار کرنا پڑتا ہے کیونکہ ہم یہاں سے فون نہیں کرسکتے‘۔

میٹ لائف انشورنس کمپنی کے لیے کام کرنے والے ناطق کی والدہ کے تمام رشتہ دار پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مقیم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دو ہزار پانچ میں زلزلہ آنے کے بعد سے ان کے والدین متواتر کنٹرول لائن کے ذریعہ پار جانے کی اجازت کے لیے کاغذات بھرتے ہیں لیکن انہیں اجازت نہیں ملتی۔ 'اس لیے فون کی سہولت ہونا زیادہ اہم ہے‘۔

قابل ذکر ہے کہ پچھلے سال حکومت ہند اور پاکستانی انتظامیہ نے کنٹرول لائن کے آر پار کشمیر کے راستے تجارت کی شروعات کا معاہدہ کیا، لیکن مقامی تاجر حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹیلیفوں کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے تجارت کی افادیت ہی کھو گئی ہے‘۔

قابل ذکر ہے کہ سن اُنیس سو سینتالیس میں برٹش انڈیا کی تقسیم کے بعد حالات کی متواتر کشیدگی کے باعث انڈین کشمیر سے لوگ پاکستانی کشمیر میں ہجرت کرتے رہے۔ اس کے علاوہ پچھلے بیس سالہ شورش زدہ دور میں بھی ہزاروں افراد وہاں چلے گئے۔

اوڑی کے رہنے والے نوجوان قلمکار ابرار لون نے بتایا کہ ’دو ہزار تین میں جب کنٹرول لائن پر جنگ بندی ہوئی تو ہمیں لگا اب سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ بعد میں راستے بھی کھُل گئے، لیکن ٹیلفون رابطہ کی اجازت نہیں دی جارہی‘۔

مقامی انتظامیہ کا دعوٰی ہے کہ اوڑی اور کنٹرول لائن کے ساتھ لگنے والے دوسرے خطوں میں ایک مخصوص سہولت رکھی گئی ہے جس کی مدد سے لوگ اپنے رشتہ داروں سے بات کرسکتے ہیں۔

اس کے ردعمل میں ابرار کہتے ہیں ’بھارت سنچار نگم نے 1505 نمبر کی سہولت رکھی ہے۔ اس پر نمبر ڈائل کر کے ، کال بُک کرنی ہوتی ہے اور پھر ایک یا دو دن بعد وہاں سے فون آتا ہے اور اگر آپ گھر پر ہی ہوئے تو آپ بات کرسکتے ہیں۔ یہ تو ایک مذاق ہے۔ کل مظفرآباد میں تشدد ہوا، ہم چاہتے تھے کہ رشتہ داروں کا حال پوچھیں، کیا ایسے میں اس نمبر پر انحصار کیا جاسکتا ہے؟