کمیونسٹ دباؤ میں

صنعت کاری کے خلاف تحریک کی قیادت حزب اختلاف ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی نے کی
،تصویر کا کیپشنصنعت کاری کے خلاف تحریک کی قیادت حزب اختلاف ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی نے کی
    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کلکتہ
  • وقت اشاعت

بتیس سال مغربی بنگال پر حکومت کرنے کے بعد لگتا ہے کہ دنیا کی سب سے طویل جمہوری کمیونسٹ حکومت کا زوال شروع ہوگیا ہے۔

مغربی بنگال میں جمعرات کو جن سترہ سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں، ان میں نندی گرام بھی شامل ہے جہاں ریاستی حکومت ایک خصوصی اقتصادی زون قائم کرنا چاہتی تھی لیکن کسانوں کی سخت مزاحمت کے بعد اسے اپنا منصوبہ ترک کرنا پڑا۔

سن دو ہزار سات میں وہاں پولیس کی فائرنگ سے کم سے کم چودہ کسان ہلاک ہوگئے تھے جو اپنی زمینیں چھوڑنے کو تیار نہیں تھے۔

نندی گرام اور سنگور میں، جہاں ٹاٹا گروپ نینو کار کی فیکٹری لگا رہا تھا، صنعت کاری کے خلاف حزب اختلاف ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی نے تحریک کی قیادت کی۔

ترنمول کانگریس نے ریاست میں کانگریس کے ساتھ انتخابی اتحاد کیا ہے اور پہلی مرتبہ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ کمینوسٹ پارٹیوں کو انہی کے قلعوں میں نقصان پہنچا سکتی ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کا ووٹ بینک دیہاتی علاقوں میں کسانوں اور مزدوروں پر مبنی ہے لیکن یہ لوگ صنعت کاری کی تیز رفتار پالیسی سے خوش نہیں۔ اس کے علاوہ جن علاقوں میں کسانوں کے زمینیں ہوئی ہیں وہ بھی ان اقدامات سے خوش نہیں جو انہیں دوبارہ آباد کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔

اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ بتیس سال میں پہلی مرتبہ لیفٹ فرنٹ مشکل میں ہے۔

اسی سال جنوری میں نندی گرام میں ریاستی اسمبلی کے لیے وسط مدتی الیکشن کرایا گیا تھا جس میں ترنمول کی فیروزہ بی بی نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے امیدوار کو چالیس ہزار ووٹوں سے ہرایا تھا۔

نندی گرام میں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے۔ یہاں میری جن لوگوں سے بات ہوئی ہے، ان کا خیال ہے کہ ممتا بنرجی نے اپنے کارڈز بہت ہوشیاری سے کھیلے ہیں۔

یہاں کلکتہ شہر میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسلم ووٹر اس مرتبہ ممتا بنرجی کی طرف زیادہ راغب ہو رہے ہیں۔

یہ الزامات بھی عام ہیں کہ لیفٹ پارٹیز کے کارکن طاقت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔ لیکن سی پی ایم کا جواب ہے کہ یہ سب پروپیگینڈا ہے اور اگر واقعی ایسا ہوتا تو پارٹی بتیس سال سے اقتدار میں نہ ہوتی۔

یہ کہنا تو ممکن نہیں کہ کس کو کتنی سیٹیں ملیں گی لیکن یہ بات وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ دیہاتی علاقوں میں سنگور اور نندی گرام کا سایہ پولنگ پر ضرور نظر آئے گا۔ اور ظاہر ہے کہ جتنا نقصان لیفٹ پارٹیز کو مغربی بنگال میں ہوگا، حکومت سازی میں ان کا کردار اتنا ہی محدود ہوجائے گا۔