بھارت: پاک کی نیت پر شک

بھارت نے پاکستان کی جانب سے ممبئی حملوں کے سلسلے میں مزید معلومات مانگے جانے کو ’ٹال مٹول اور توجہ ہٹانے‘ والے حربے قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کا یہ رویہ اس کی نیت کو مشکوک کرتا ہے۔
بھارت کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور آنند شرما نے کہا ہے کہ ’پاکستان کو ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کو سزا دلانے کے بارے میں اپنے پختہ ارادوں کو ثابت کرنا ہوگا۔ کارروائی کرنے کے لیے کافی ثبوت دیے جا چکے ہیں۔‘
پیر کو ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان نے بھارت سے مزید معلومات مانگی تھیں اور کہا تھا کہ بھارت کی طرف سے دیے گئے ثبوت مزید کارروائی کے لیے ناکافی ہیں۔
آنند شرما کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ممبئی حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے مہاراشٹر اے ٹی ایس کے سربراہ ہیمنت کرکرے اور کرنل ایس کے پروہت کے بیان مانگنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا ’ممبئی حملوں اور ان بیانات کا کوئی رشتہ نہیں ہے۔ یہ توجہ ہٹانے والی سیاست ہے۔‘
پاکستان نے ممبئی حملوں میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کی بات قبول کی تھی اور اس کے بعد بھارت سے 30 سوالوں کے جواب مانگے تھے اور بھارت نے ان کے جواب پاکستان کو دیے تھے۔
پاکستان کے مشیر داخلہ رحمان ملک نے پیر کو کہا تھا کہ بھارت نے ممبئی حملوں میں شامل شدت پسندوں کے سِم کارڈز اور جے پی ایس کے بارے میں جو معلومات فراہم کی تھیں وہ کافی نہیں ہیں۔
اتنا ہی نہیں پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قصاب کا ڈی این اے اور حملوں کے دوران ہلاک ہونے والے شدت پسند اسماعیل کی ڈی این اے رپورٹ ایک ہی ہے، تو کیا وہ جڑواں بھائی تھے یا کچھ اور بات ہے؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















