آسام میں دھماکے ، سات ہلاک

- مصنف, سبیر بھومک
- عہدہ, بی بی سی نیوز کلکتہ
- وقت اشاعت
ہندوستان کی شمال مشرقی ریاست آسام میں دو زبردست دھماکوں میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ پچیس کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔
پیر کو ہونے والا پہلا دھماکہ گوہاٹی شہر کے مالی گاؤں علاقے کے مصروف اور مشہور بازار میں واقع ماں سنتوشی ریسٹورانت کے باہر ہوا ہے۔ یہ مقام علاقے کے ریلوے کے دفتر سے زيادہ دور نہيں ہے۔
آسام کے پولیس چیف جی ایم سریواستو نے بی بی سی کو بتایا کہ دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ باقی پانچ نے ہسپتال میں پہنچ کر دم توڑ دیا۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے کے سبب انسانی اعضاء ریسٹورانٹ کے باہر بکھرے ہوئے تھے۔
اس موقع پر آسام کے وزير اعلی ترن گوگائی کا کہنا تھا کہ الفا (علحیدگی پسند تنظيم) آسام کے معصوم لوگوں کو مار رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الفا عام انتخابات میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس کے دو گھنٹے کے بعد شمالی شہر دیکھیاجوہلی کے ایک مصروف بازار میں موٹر سائیکل میں نصب ایک بم پھٹ گیا جس میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے جن میں دو کی حالت نازک ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی اسی نوعیت کا ایک دھماکہ ہوا تھا جس میں دس سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہ دھماکہ اس مقام سے ذرا دور ہی ہوا تھا جہاں وزیر خارجہ پرنب مکھرجی ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرنے والے تھے۔
آسام کے پولیس چیف جی ایم سریواستو نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ یہ دھماکہ علحیدگی پسند تنظیم الفا کی جانب سے کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















