’تجارت اور کرکٹ کا شاطر نمونہ‘

پی چدم برم
،تصویر کا کیپشنپی چدم برم نے نریندر مودی کے بیان کا بھی سخت لہجے میں جواب دیا
وقت اشاعت

انڈین پریمیئر لیگ یعنی آئی پی ایل ٹورنامنٹ کے ہندوستان سے باہر انعقاد کے فیصلے کے بعد ہندوستان کے وزیرداخلہ پی چدم برم نے سکیورٹی سے متعلق بی سی سی آئی کی نکتہ چینی کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔

پی چدم برم کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل ٹورنامنٹ کرکٹ اور تجارت کا ایک شاطر نمونہ ہے اور اس ميں مزید سیاست کرنے کی ضرورت نہيں ہے۔

چدم برم کا کہنا تھا ’ آئی پی ایل کی جانب سے جاری کیے گئے کئی بیانات انہوں نے پڑھے ہيں جس میں مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کی ہے۔ ان بیانات کا جواب دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ غیر ضروری بیانات پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے‘۔

چدم برم نے مزید کہا ’میں نے یہ بار بار کہا ہے کہ خواہ وہ کرکٹ ہو یا پھر کوئی اور کھیل، جب ہندوستان میں کھیلے جائیں تو پوری طرح سے محفوظ ہوں اور سبھی کھلاڑیوں کو پوری سکیورٹی فراہم کی جا‏ئے۔ سوال یہی پیدا ہوتا ہے کہ آئی پی ایل کب ہونے چاہیں۔

اتوار کو بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے کہا تھا کہ حکومت کے رخ کے سبب آئی پی ایل کو ہندوستان کے باہر کرایا جا رہا ہے۔

اس فیصلے کے بعد گجرات کے وزیراعلی نریندر مودی نے آئی پی ایل ہندوستان کے باہر کرائے جانے کے لیے مرکزي حکومت کو ذمہ دار ٹھرایا تھا۔ ان کا کہنا تھا ’جس طرح سے سکیورٹی معاملات پر حکومت کا رویہ رہا ہے اس سے دنیا میں ہندوستان کی محفوظ ملک کی شبیہ بری طرح سے متاثر ہوئی ہے‘۔

نریندر مودی کے بیان پر چدم برم کا کہنا تھا ’گجرات میں ہوئے قرقہ وارانہ فسادات بڑی قومی شرم تھی نہ کہ آئی پی ایل کا ملک سے باہر جانا‘۔

بی سی سی آئی کی جانب سے آئی پی ایل ٹورنا منٹ کو ہندوستان کے باہر کرائے جانے کے بعد اس قسم کی قیاس آرائياں کی جا رہی ہیں کہ یہ ٹورنا منٹ یا تو انگلینڈ میں ہوگا یا پھر جنوبی اقریقہ میں۔ لیکن ابھی تک ٹورنا منٹ کے مقام اور تاریخوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اتوار کو آئی پی ایل کے کمیشنر للت مودی نے کہا تھا کہ میچ انہيں تاریخوں پر ہوں گے اور ہندوستان کے وقت کے مطابق شام چار اور آٹھ بجے شروع ہوں گے۔