بہار: سیاسی رہنما سمیت پانچ ہلاک

بھارت میں لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد ریاست بہار میں تشدد کے واقعات میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اورگزشتہ اڑتالیس گھنٹے میں ماؤ نواز باغیوں نے مختلف واقعات میں بہار کی حکمران جماعت جنتادل یونائیٹڈ کے ایک رہنما سمیت کم ازکم پانچ افراد کو ہلاک کیا ہے۔
ماؤ نواز باغیوں نے مونگیر ضلع میں جنتا دل یونائٹیڈ کے کھڑگ پور بلاک کے صدر منوج سنگھ کو مبینہ طور پر ایک عوامی عدالت میں سزائے موت سنائی تھی۔ جس کے بعد سو سے زیادہ باغیوں نے پولیس کی وردی میں منوج سنگھ کو ان کے گھر سے باہر کھینچ کر سر عام ہلاک کر دیا۔
مونگیر کے سپرٹنڈنٹ آف پولیس سونیل نائک نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے ایک پمفلٹ بھی ملا ہے جس میں ماؤ نواز باغیوں نے منوج سنگھ کو پولیس کا مخبر قرار دیا ہے۔ سونیل نائک نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد علاقے میں تناؤ کے پیش نظر پولیس کو تعنات کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ارول ضلع کے پانچو بگھا گاؤں میں مشتبہ ماؤ نواز باغیوں نے ناگیشورمہوتو نامی ایک زمیندار کے خاندان کے چار افراد کو ہلاک کیا تھا۔ ضلع کے پولیس سپرٹنڈنٹ جی پی سنہا نے بتایا ہے کہ اس معاملے میں مشتبہ ماؤ نواز باغیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ادھر ریاست کے لکھی سرائے ضلع کے کھیرا گاؤں میں مشتعل عوام نے پولیس کو مطلوب ایک ماؤ نواز باغی روی داس بادل کو مار مار کر ہلاک کردیا۔ ریاست کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نیل منی نے صحافیوں کو بتایا کہ بادل پر قتل کے متعدد معاملات درج تھے۔















