سٹار وارز کی اگلی فلم کی ریلیز آئندہ سال کے اواخر تک مؤخر

امریکہ کے ڈزنی سٹوڈیو نے اعلان کیا ہے کہ سٹار وارز کی اگلی فلم کی ریلیز سنہ 2017 کے اواخر تک مؤخر ہوگئی ہے۔
سٹار وارز کی قسط ہشتم کی مئی سنہ 2017 میں عالمی ریلیز ہونی تھی لیکن اس کے بجائے اب اسے سنہ 2017 کے دسمبر تک ریلیز نہیں کیا جائے گا۔
تب تک سٹار وارز: دی فورس اویکنز ہی دکھائی جائے گی جس کی نمائش تاحال جاری ہے اور امریکی کی تاریخ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن چکی ہے۔
اپنی ریلیز کے پانچویں ہفتے تک فلم نے امریکہ میں 86 کروڑ ڈالر سے زائد اور عالمی سطح پر 1.88 ارب ڈالر کا بزنس کرچکی تھی۔
ڈزنی نے یہ نہیں بتایا کہ فلم مؤخر ہونے کی وجہ کیا ہے لیکن قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ فلم کا سکرپٹ دوبارہ لکھا جارہا ہے۔
فلم کی پروڈکشن آئندہ ماہ مغربی لندن کے پائن وُڈ سٹوڈیو میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریلیز کی نئی تاریخ کا مطلب ہے کہ سٹار وارز سلسلے کی نئی فلم ایک اور بلاک بسٹر فلم اوتار ٹو کے مقابلے میں ریلیز کی جائے گی۔ اوتار سنہ 2017 کے کرسمس کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن اس میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔
فلم التوا کے متعلق اس بری خبر کے باوجود، رواں دسمبر میں سٹاروارز: روگ ون کی متوقع ریلیز نے سٹاروارز کے شائقین کی اشک شوئی کردی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















