راک سٹار سکاٹ ویلینڈ انتقال کر گئے

،تصویر کا ذریعہEPA
امریکی راک بینڈ سٹون ٹیمپل پائلٹس کے مرکزی کردار، گلوکار سکاٹ ویلینڈ 48 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔
گلوکار کے مینیجر ٹام ویتورینو نے جمعرات کی رات اُن کی موت کی تصدیق کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ سکاٹ اپنے بینڈ ’دا وائلڈ آباؤٹ‘ کے ہمراہ مینیسوٹا کے علاقے بلومینگٹن میں سفر کے دوران رکے ہوئے تھے کہ سوتے میں اُن کی موت ہوگئی۔‘
سکاٹ کا ماضی منشیات کی مشکلات سے بھرا ہوا ہے۔ اُنھوں نے گریمی ایوارڈ جیتنے والے بینڈ ’سٹون ٹیمپل پائلٹس‘ کی بنیاد رکھی اور وہ ’سپر گروپ ویلویٹ ریوالور‘ کے بھی رکن تھے۔
خبر رساں ادارے ٹی ایم زیڈ کے مطابق سکاٹ کی لاش موٹل کے باہر اُن کی سفری بس سے ملی ہے۔ یہ اُس جگہ سے قریب ہے جہاں اُن کے بینڈ کو پرفارم کرنا تھا۔
گلوکار کی موت کی خبر کے بعد اداکارہ جولیٹ لوئس اُن پہلے لوگوں میں شامل تھی جنھوں نے سکاٹ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنھوں نے ٹویٹ کیا کہ ’سکاٹ ویلینڈ کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا۔ وہ سٹیج کے عظیم لوگوں میں سے ایک تھے۔ میرے جذبات اُن کے خاندان کے ساتھ ہیں۔‘
گریمی ایوارڈ کے منتظمین ریکارڈنگ اکیڈمی آف امریکہ نے سکاٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’اُن کی غیر معمولی صلاحیتیں اور دلفریب پرفارمنسس ہمیشہ زندہ رہیں گی اور دنیا بھر میں راک کے پرستاروں میں روح پھونکتی رہیں گی۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
کیلیفورنیا میں پیدا ہونے والے سکاٹ نے 1980 کی دہائی کے آخر میں دو بھائیوں رابرٹ اور ڈِین ڈیلیو کے ساتھ مل کر سٹون ٹیمپل بینڈ کی بنیاد رکھی اور آغاز میں ہی اہم اور معاشی کامیابیاں سمیٹیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن سنہ 1994 میں البم ’پرپل‘ اور امریکہ چارٹ پر راج کرنے والے اُن کے کامیاب گانے جن میں بِگ ایمٹی، واسولین اور انٹرسٹیٹ لو سانگ شامل ہیں، بینڈ کے ارکان کی آپسی لڑائی میں تباہ ہو کر رہ گئے۔
یہ بینڈ کئی بار ختم ہوا اور آخر کار سکاٹ اُسے ہمیشہ کے لیے ہی چھوڑ کر چلے گئے۔ اُنھوں نے سنہ 2002 میں ’گن این روزِز بینڈ‘ کے اراکین سلیش (گٹارسٹ)، ڈف مکیگِن (بیس) اور میٹ سورم کے ساتھ مل کر ’سپرگروپ ویلویٹ ریوالور‘ کی بنیاد رکھی۔
تاہم اُن کی منشیات کی عادت کے باعث مسائل میں تیزی سے اضافہ ہوتا رہا۔ سنہ 1995 میں اُنھیں کوکین خریدنے کے جرم میں سزا سنائی گئی۔ سنہ 1998 میں ہیروئن برآمد کا الزام ثابت ہونے پر اُنھیں سنہ 1999 جیل کی ہوا کھانا پڑی اور صرف چار سال بعد سنہ 2003 میں منشیات کے مقدمے میں اُنھیں ایک بار پھر تین سال کی سزا سنائی گئی۔
سنہ 2008 میں اُنھیں نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمہ میں آٹھ دن جیل میں گزارنے پڑے۔
’ویلویٹ ریوالور بینڈ‘ کی جانب سے وائی لینڈ کی عدالت میں پیشیوں اور منشیات کے علاج کے باعث اکثر اپنے شیڈول کو تبدیل کیا جاتا تھا اور سنہ 2007 میں بینڈ نے اپنا البم ’لیبرٹب‘ جاری کیا۔ یہ آخری شاہکار تھا جس میں سکاٹ نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔



















