
بی بی سی کے سربراہ اینٹ وسل نے ایک متنازعہ پروگرام کے بعد استعفی دے دیا ہے۔
بی بی سی کے نیوز نائٹ میں نشر ہونے والے بچوں سے زیادتی کے پروگرام کے حوالے سے بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل جارج اینٹ وسل کے صرف چوّن دن میں مستعفی ہونے پر ذرائع ابلاغ نے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
اینٹ وسل نے کہا ہے کہ چونکہ وہی نشر ہونے والے تمام مواد کے حتمی ذمہ دار ہیں اور ناقابل قبول صحافتی معیار کے پیش نظر وہ مستعفی ہو رہے ہیں۔
اخبارات کا ردِ عمل
’یہ تنظیم اس قدر پھیل اور بکھرگئی ہے کہ اہم فرائض تک صرف نظر ہو جاتے ہیں۔ جب سے نیوز نائٹ قومی خبروں کے ایجنڈے پر چھانے لگا تھا تب سے ہی ہر صبح ڈائریکٹر جنرل کو شام کے پروگرام کے بارے میں پوچھنا چاہیے تھا۔ ان کے داغ دھونے کے لیے ان کے دفاع کرنے والوں کا یہ کہنا کافی نہیں کہ بی بی سی اس قدر مواد تیار کرتا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کے لیے ہر ایک کو دیکھنا ممکن نہیں۔
ٹیلی گراف میں ہیری ماؤنٹ
’انھوں نے بدقسمتی کی جو شہرت کمائی ہے اس کی بڑی وجہ تجسس کی کمی ہے۔ پہلے سیول اور اب میک الپائن اور صرف اس لیے کہ انھوں نے صحیح سوال نہیں پوچھے، حالانکہ بطور ایڈیٹر انچیف ان کے پاس کمیونیکیشن سٹاف کا ایک پورا دستہ تھا۔ تجسس اور سوالوں پر سوال پوچھنے اور کرنے کی عادت گہری تلاش سے وابستہ اچھی صحافت کے لیے درکار بنیادی شرائط میں شامل ہیں اور کوئی بھی ایڈیٹر، قطع نظر اس کے وہ کتنا بڑا ہے، اس خصوصیت کے بغیر اپنا بچاؤ نہیں کر سکتا ہے‘ ۔
دی آبزرور میں جان ویئر
’جارج اینٹ وسل ایک شائستہ انسان ہیں، انھوں نے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے سے اس قدر جلد مستعفی ہوکر ایک شائستہ کام کیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ کل کے ٹوڈے پروگرام میں ذلت آمیز مظاہرے کے بعد ان کے پاس کوئی چارہ نہیں بچا تھا۔ اس پروگرام کے بعد وہ سربراہی کے اس چھوٹے سے دور میں دوسری بار بے خبر اور گہرائی سے تہی دکھائی دیے۔ لیکن محض یہ اقدام ان گہرے مسائل کا حل نہیں جو ہماری قومی نشریات کو زنگ آلود کر رہے ہیں۔
’ایک بار پھر بی بی سی نے اپنی ایسی بے خطا مہارت کا مظاہرہ کیا ہے کہ ایک پاؤں کو نشانہ بنانے کی بجائے مشین گن سے دونوں ٹانگیں ہی اڑا لی ہیں۔ اپنے ہی ایک سٹار کے جنسی رویوں کے معاملے کی تحقیقات کو نیوزنائٹ میں پیش کرنے کے معاملے کو تو معاف بھی کیا جا سکتا تھا۔ لیکن اس معاملے میں تحقیقات کرانے کے جائز شوروغل کے درمیان ایک معروف سیاست داں کے بارے میں جنسی زیادتیوں کا اس حوالے سے نشر کیا جانا تو ایسا ہے کہ اگر طالبعلوں کا اخبار نکالنے والے سے بھی ہو تو وہ بھی اپنی اس ناقابلِ یقین نا اہلی پر شرمندہ ہوں‘۔
دی انڈیپنڈنٹ میں ایان بائریل

اینٹ وسل نے چون دن قبل بی بی سی کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔
'ایسی افواہیں بھی گشت کر رہیں کہ اب نیوز نائٹ سے جرمی پیکس مین بھی مستعفی ہو جائیں گے جس سے شو بند ہو جائے گا۔ کارپوریشن اب پگھلاؤ کی حالت میں ہے اس لیے کچھ بھی ممکن ہے۔ بی بی سی آڈیو اور میوزک کے سربراہ ٹم ڈیوی ان کی جگہ لیں گے۔ لیکن بی بی سی کا اگلا ڈائریکٹر جنرل کوئی باہر کا آدمی ہی ہونا چاہیے تاکہ بی بی سی کے کلچر میں تبدیلی آ سکے جس کی بی بی سی انتظامیہ کو اشد ضرورت ہے۔ آپ پھر سے کارپوریشن کے کسی دوسرے بیوروکریٹ کو نہیں چن سکتے۔ جو بھی ہمفری کا انٹرویو سن رہا تھا اس کے لیے یہ بات واضح تھی (جس میں بی بی سی کی برائیوں کو دکھاتے ہوئے اس کی اچھائیاں بھی دکھائی گئی تھیں)۔‘
دی سپکٹیٹر میں فریزر نیلسن
’میک الپائن کا سکینڈل اپنے آپ میں کسی بھی ڈی جی کو زبردست بحران میں ڈالنے کے لیے کافی تھا۔ لیکن بی بی سی کی طرف سے سیول سکینڈل کے فوراً بعد، جسے بڑھے بھونڈے طریقے سے نمٹا گیا اور پھر نیوز نائٹ کی نوکیلی تحقیق نے تو بس اسے تباہی میں تبدیل کر دیا۔
’جارج بچ سکتے تھے اگر انھوں نے نیوزنائٹ کے پہلے معاملے کو ٹھیک طرح سے سنبھالا ہوتا۔ یا پھر انھوں نے اپنی غلطی سے سیکھا ہوتا۔ انھوں نے دونوں میں سے کچھ نہیں کیا۔‘
دی ڈیلی میل میں بی بی سی کے سابق ایڈیٹر کیون مارش
’یہ سن کر افسوس ہوا کہ بی بی سی کے سربراہ کو ان کے اپنے ہی ایک صحافی نے سیخ پر پرو دیا۔ ہمفری کی حیرت کا اس وقت اندازہ نہیں لگایا جا سکتا جب اینٹ وسل نے تسلیم کیا کہ جب نیوز نائٹ نے معصوم لارڈ میک الپائن پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام لگایا تو وہ اس وقت ’باہر‘ نکلے ہوئے تھے۔ اور جب انھوں نے یہ اعتراف کیا کہ انھیں کافی دیر بعد پتہ چلا کہ یہ گھٹیا الزامات بے بنیاد تھے تو کوئی یہ ماننے کے لیے تیار نہیں تھا۔
’کسی کے لیے بھی اس پر یقین کرنا مشکل ہو گا، لیکن ہم میں سے وہ جو پہلے ہی جیمی سیول سکینڈل کو ہینڈل کرنے میں ان کی نااہلی دیکھ چکے ہیں ان کے لیے تو یہ بالکل واضح تھا۔ ایک مرتبہ نیوز نائٹ کو ایڈٹ کرنے کے علاوہ وہ بس مشکل حالات کا ہی سامنا کرتے رہے۔ اینٹ وسل کا کام تھا کہ وہ مشکل حالات میں بی بی سی کی دیکھ بھال کریں، لیکن ان میں کبھی بھی اس کی صلاحیت نہیں تھی۔‘
دی سن میں ٹریور کاوانگ






























