
حال ہی میں بی بی سی کا پروگرام نیوز نائٹ صحافتی اعتبار سے تنازعوں کا شکار رہا ہے
سنیچر کی شام بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل جارج اینٹ وسل اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ ان کے استعفے کی وجہ بی بی سی کے پروگرام نیوز نائٹ پر نشر ہونے والے چند ایسے الزامات تھے جو کہ بعد میں غلط ثابت ہوئے۔
بی بی سی کے پروگرام نیوز نائٹ میں دو نومبر کو ایک قدامت پرست سیاستدان پر نام بتائے بغیر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام لگایا گیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ حال ہی میں نیوز نائٹ ایک اور تنازع کا بھی شکار رہا ہے۔ بی بی سی نے اس پروگرام میں مشہور پیشکار جمی سیول کے خلاف بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی تحقیقات ختم کر دی تھیں۔ تحقیقات ختم کرنے کے فیصلے پر بی بی سی کو شدید تنقید کا سامنا رہا اور جارج اینٹ وسل کوہاؤس آف کامنز کی کلچر، میڈیا اینڈ سپورٹس کمیٹی کے سامنے جوابدہ بھی ہونا پڑا۔
ان بحرانوں سے نمٹنا آسان ثابت نہیں ہوا۔ گذشتہ ماہ ارکانِ پارلیمان نے اینٹ وسل پر الزام لگایا تھا کہ انھوں نے جمی سیول کے معاملے پر ’غیر معمولی عدم تجسس‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔
سنیچر کے روز انھوں نے بی بی سی کے ریڈیو فور کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کو نیوز نائٹ کے پروگرام کے بارے میں پہلے سے کچھ علم نہیں تھا، اور نہ ہی انھوں نے وہ اخباری رپورٹ دیکھی تھی جس میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ لارڈ میک الپائن کو غلط طور پر موردِ الزام ٹھہرایا گیا ہے۔
بی بی سی کو اب بھی نہ صرف صحافت بلکہ ادارے کو چلانے کے طریقۂ کار کے بارے میں بھی سنگین سوالات کا سامنا ہے۔

جارج اینٹ وسل نے اس سال سترہ ستمبر کو بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا تھا۔ انھیں بی بی سی ٹرسٹ کے ایک پینل نے منتخب کیا تھا، جس کی سربراہی لارڈ پیٹن نے کی تھی۔
اس سے قبل وہ بی بی سی وژن کے ڈائریکٹر تھے۔
اینٹ وسل یارک شائر میں پیدا ہوئے اور انھوں نے ڈرھم یونیورسٹی سے فلسفے اور سیاست کی تعلیم حاصل کی تھی۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد انھوں نے ’ہے مارکیٹ میگزین‘ کے ایڈیٹر کے عہدے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
وہ بی بی سی میں ’ٹرینی‘ کی حیثیت سے داخل ہوئے تھے۔ بعد میں وہ پینوراما پروگرام کے معاون پروڈیوسر بن گئے۔
اس کے بعد وہ بی بی سی کے مختلف شعبوں میں مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے۔ اس دوران انھوں نے ایسے پروگرام بنائے جنھیں کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
بی بی سی وژن کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لیے درخواست دیتے ہوئے انھوں نے کہا تھا کہ یہ ایک ’زبردست ادارہ ہے اور میں اس سے اس حد تک محبت کرتا ہوں جتنی کسی ادارے سے محبت کی جا سکتی ہے۔‘






























