بُکر انعام کے لیے ابتدائی فہرست کا اعلان

بُکر انعام یافتہ ادیب ایلن ہولنگ ہرسٹ کا نام ان تیرہ ادیبوں میں شامل ہے انہیں ابتدائی طور پر بکر پرائز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
ایلن ہولنگ ہرسٹ کو سن دو ہزار چار میں ان کے ناول دی لائن آف بیوٹی کے لیے بُکر پرائز کا حقدار قرار دیا گیا تھا جبکہ اس سال ان کی نامزدگی ان کے نئے ناول دی سٹرینجرز چائلڈ کے لیے عمل میں آئی ہے۔
بکر پرائز کے لیے نامزد ہونے والے چھ ادیبوں کی حتمی فہرست چھ ستمبر کو جاری کی جائے گی جبکہ پچاس ہزار ڈالر مالیت کے ادبی ایوارڈ کا اعلان اٹھارہ اکتوبر کو کیا جائے گا۔
شارٹ لسٹ ہونے والے دیگر پانچ ادیبوں کو ڈھائی ہزار پاؤنڈ انعام اور اعلیٰ ترین جلد سے آراستہ ان کی اپنی کتاب پیش کی جائے گی۔
ایلن ہولنگ ہرسٹ کے علاوہ منگل کے روز جن بارہ ادیبوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ان میں دو ادیب، سبیسٹیئن بیری اور جولین بارنز پہلے بھی بکر انعام کے لیے نامزد ہو چکے ہیں۔
اس فہرست میں کینیڈا کے تین ادیبوں ایلیسن پِک، پیٹرک دوِٹ اور ایسی ایڈوگیان کے نام بھی شامل ہیں۔ دیگر چار ادیبوں سٹیفن کیلمین، اے ڈی مِلر، ایوِٹ ایڈورڈز اور پیٹرک میکگینس کو ان کے پہلے پہلے ناولوں کی بنیاد پر نامزد کیا گیا ہے۔
اس سال بُکر پرائز کے لیے ایک سو اڑتیس کتابوں کو منتخب کیا گیا تھا اور میں سے تیرہ ادیبوں کو ابتدائی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
برطانوی خفیہ ادارے کی سابق سربراہ ڈیم سٹیلا رِمنگٹن اس سال ججوں کے پینل کی سربراہی کر رہی ہیں جبکہ پینل کے دیگر ارکان ادیب اور صحافی میتھیو ڈانکونا، رائٹر سوزن ہِل، ادیب اور سابق رکن پارلیمنٹ کرِس ملن اور ڈیلی ٹیلی گراف سے منسلک صحافی گیبی وڈ ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گزشتہ سال بُکر پرائز ہاورڈ جیکبسن کو ان کے ناول دی فِنکلر کوئسچن پر دیا گیا تھا۔ انہوں نے گزشتہ سال کے فیورٹ پیٹ کیری کو ہرایا تھا۔
اس سال ایلن ہولنگ ہرسٹ کو بُکر پرائز کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ان کے بعد جولین بارنز کا نمبر آتا ہے جو ماضی میں تین بار اس انعام کے لیے شارٹ لسٹ ہو چکے ہیں۔



















