’دی کنگز سپیچ‘ کے لیے سات بیفٹا ایوارڈ

،تصویر کا ذریعہReuters
لندن میں اہم ترین بیفٹا ایوارڈ کی اس سال کی تقریب میں فلم ’دی کنگز سپیچ‘ نے بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے کے ساتھ ساتھ چھ مزید ایوارڈ جیت لیے ہیں۔
اسی فلم میں کولن فرتھ کو بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ہیلینا بونہیم کارٹر نے جیتا جبکہ بہترین معاون ادارکار کا ایوارڈ جیفری رش کے حصے میں آیا۔
<link type="page"><caption> بیفٹا ایوارڈ کی تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/entertainment/2011/02/110213_bafta_pics_rza.shtml" platform="highweb"/></link>
فیس بک فلم ’سوشل نیٹ ورک‘ میں بہترین ادارکاری کے لیے جیسی آئیزنبرگ کو بھی نامزد کیا گیا تھا لیکن یہ ایوارڈ کولن فرتھ کو ملا۔فلم ’بلیک سوان‘ میں بہترین اداکاری کا ایوارڈ نیٹلی پورٹمین کو دیا گیا۔ تاہم حاملہ ہونے کی وجہ سے وہ ایواڈ وصول کرنے کے لیے تقریب میں موجود نہیں تھیں۔
وسطی لندن کے رائل اوپرا ہاؤس میں اتوار کی رات منعقد ہونے والی اس تقریب میں فلم ’دی کگز سپیچ‘ نےاگرچہ کئی کیٹگریز میں ایوارڈ جیتے لیکن بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ اس فلم کے حصے میں نہیں آیا۔ یہ ایوارڈ ’سوشل نیٹ ورک‘ کے ہدایت کار ڈیوڈ فنچر کو دیا گیا۔
’دی کنگز سپیچ‘ کو بہترین برٹش فلم، بہترین سکور اور بہترین اوریجنل سکرین پلے کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
کولن فرتھ نے جنھوں نے گزشتہ سال بھی فلم ’اے سنگل مین‘ میں بہترین اداکاری پر بیفٹا ایوارڈ جیتا تھا اتوار کو از رہِ مذاق کہا ’مجھے یہاں آتے رہنا اچھا لگتا ہے۔‘ کولن فرتھ امریکہ میں گولڈن گلوب ایواڈ بھی جیت چکے ہیں اور ان کے بارے میں پیشگوئی کی جا رہی ہے کہ شاید اگلے چند ہفتوں میں وہ آسکر ایواڈ بھی جیت لیں۔
بونہیم کارٹر نے ’دی کنگز سپیچ‘ میں ملکہ الزبتھ کا کردار ادا کیا ہے جبکہ شاہ جارج ششم کا کردار کولن فرتھ نے نبھایا ہے۔بونہیم نے ایوارڈ جیتنے کے بعد کہا ’مجھے ہارنے کی اتنی عادت پڑ گئی ہے کہ جیت کا احساس عجیب سے لگتا ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اداکار کولن فرتھ نے ’ دی کنگز سپیچ‘ میں ہکلانے والے برطانوی بادشاہ جارج ششم کا کردار ادا کیا ہے جس میں بادشاہ بہت کوشش سے اپنی ہکلاہٹ پر قابو پا لیتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
فلم کے لکھاری ڈیوڈ سیڈلر کا کہنا ہے کہ یہ حیران کن بات ہے کہ یہ چھوٹی سے فلم دنیا سے مخاطب ہے۔ ’لوگ ہکلاہٹ کے شکار ایک شخص کو سن رہے ہیں جو بہترین بات ہے۔‘
بیفٹا ایوارڈ میں بہترین ’فارن فلم‘ کا ایوارڈ سویڈ زبان میں ڈھالی گئی فلم ’دی گرل ود دی ڈریگن ٹیٹو‘ کو دیا گیا۔ یہ فلم سویڈن میں جرم کے موضوع پر لکھنے والے رائٹر سٹیگ لارسن کے ناول پر مبنی ہے۔
فلم سوشل نیٹ ورک کو بہترین تدوین کا ایوارڈ بھی ملا ہے۔
بہترین میک اپ اور بہترین کوسٹیوم کے ایوارڈ فلم ’ایلیس ان ونڈرلینڈ‘ کے حصے میں آئے۔



















