جان لینن کا گانا، ’قیمت سات لاکھ ڈالر‘

وقت اشاعت

مشہورِ زمانہ میوزیکل گروپ بیٹلز کے آنجہانی گلوکار جان لینن کے اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ گانا سات لاکھ ڈالر میں نیلام ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔

’اے ڈے ان دا لائف‘ نامی اس گانے کے بول نیلی روشنائی میں تحریر کیے گئے ہیں اور یہ کاغذ نیویارک میں اٹھارہ جون کو نیلام کیا جائے گا۔

اس کاغذ پر لکھے گئے گانے میں کچھ جگہ پر تصحیح بھی کی گئی ہے جبکہ موسیقی کے کچھ دیگر نوٹس بھی سرخ روشنائی میں تحریر کیے گئے ہیں۔

’اے ڈے ان دا لائف‘ بیٹلز کی سنہ 167 کی سارجنٹ پیپر البم کا آخری گانا تھا۔

رولنگ سٹون جریدے نے اسے اپنے پانچ سو بہترین گانوں کی فہرست میں چھبیسواں درجہ دیا تھا جبکہ اس گانے کو چار گریمی ایوارڈز بھی ملے تھے۔

بی بی سی نے سنہ 1967 میں اس گانے کے ایک بول کی وجہ سے اسے نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ یہ بول ’آئی وڈ لائک ٹو ٹرن یو آن‘ منشیات کے استعمال کا استعارہ ہے۔

اس گانے کو نیلام کرنے والے نیلام گھر سودےبیز کے مطابق یہ ایک انقلابی گانا تھا اور اس نے بیٹلز کو پاپ گلوکاروں سے اٹھا کر آرٹسٹ بنا دیا تھا۔

نیلام گھر کے مطابق اب تک بیٹلز کے کسی گانے کے بولوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت ایک ملین ڈالر لگائی گئی ہے اور یہ کامیاب بولی سنہ 2005 میں ’آل یو نیڈ از لو‘ کے لیے دی گئی تھی۔