بالی وڈ ڈائری
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
- وقت اشاعت
شاہ رخ کی فراری

اور آخر کار شاہ رخ خان نے فراری جیت لی۔ ویسے کوئی شرط نہیں تھی نہ ہی کوئی مقابلہ البتہ فلمساز ودھو ونود چوپڑہ نے خان کو اپنی فراری میں سواری کرنے کے لیے راضی کر ہی لیا۔
اررررر پھر بھول ہو گئی یہاں بات فراری گاڑی میں سواری کے لیے نہیں بلکہ چوپڑہ کی نئی فلم ’فیراری کی سواری‘ کی بات ہو رہی ہے۔
ایک عرصہ سے انڈسٹری کی دو نامور ہستیوں کے درمیان جاری رنجش ختم ہو گئی اور اب شاہ رخ چوپڑہ کی فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہو گئے۔ منا بھائی سیریز یا تھری ایڈیٹس جیسی بلاک بسٹر فلمیں بنانے والے چوپڑہ اور خان کی جوڑی دیکھیے کون سا جادو جگاتی ہے۔
کرینہ بنی مارلن منرو
کرینہ مارلن کی طرح خوبصورت تو ہیں لیکن ان کی اصل زندگی ہالی وڈ اداکارہ کی طرح بالکل نہیں ہے۔
یہاں کرینہ اور مارلن کا تقابل اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ حقیقی زندگی کی کہانیوں پر فلمیں بنانے کے لیے مشہور فلمساز مدھر بھنڈارکر اب متنازع اداکارہ مارلن کی زندگی پر فلم بنانےجا رہے ہیں۔ اب اگر آپ مارلن کی زندگی سے واقف ہیں تو جانتے ہی ہوں گے ان کی زندگی میں کتنے مرد شامل تھے۔ تو پھر کرینہ کے ساتھ فلم میں کتنے ہیروز ہوں گے۔ دو ۔ تین۔ نہیں، پورے پانچ لیکن ابھی ان کا انتخاب نہیں کیا گیا۔
تھینک یو ثانیہ

نہ! نہ! ہم ثانیہ کا شکریہ ادا نہیں کر رہے ہیں بلکہ یہ خبر تو ثانیہ کی شعیب ملک کی شادی کی خبروں سے پہلے کی ہے۔
ہدایت کار انیس بزمی کامیڈی فلم ’تھینک یو‘ بنا رہے ہیں جس میں سونم اور اکشے اہم رول میں ہیں۔ فلم کی کہانی ٹینس سٹار ثانیہ کے اردگرد گھومتی ہے اور فلم میں اکشے فلرٹ عاشق کے رول میں نظر آئیں گے۔ کینیڈا میں اس فلم کی شوٹنگ بھی اسی ماہ شروع ہو گی۔ چلیے اب فلم کمپنی کو فلم کی پبلسٹی کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔ ویسے آپ اسے خوبصورت اتفاق کا ہی نام دے سکتے ہیں۔
ایڈنبرا میں کشمیر
کیا ایسا ہو سکتا ہے؟ نہیں نا! لیکن اداکاراور فلمساز پنکچ کپور اب یہی ثابت کرنے کی تیاری میں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اپنی فلم ’موسم‘ کی شوٹنگ وہ کشمیر میں نہیں کر رہے ہیں اور شاید آپ سب اس کی وجہ بھی جانتے ہیں۔ خیر فلم کی کہانی ایک کمشیری لڑکی کی ہے اس لیے کشمیر کی وادیوں میں شوٹنگ ضروری ہے۔ ویسے اکثر فلمساز منالی یا پھر لندن کی وادیوں کو کشمیر کا رنگ و روپ دینے کی کوشش کرتے آئے ہیں اس لیے کپور نے ایک نئی لوکیشن کا انتخاب کیا ایڈنبرگ۔ یکم مئی کو سونم شاہد کپور اور فلم کا پورا یونٹ کشمیر کی وادیوں کے حسین نظاروں ، معاف کیجیے ایڈنبرا میں ان کا لطف اُٹھانے پہنچیں گے۔
فرماں بردار شوہر

فلم انڈسٹری میں ہیرو اگر وفادار ہو تو ہیروئین بیوی سے زیادہ خوش نصیب شاید ہی کوئی ہو۔
اور اگر وہ فرماں بردار ہو تو سونے پہ سہاگہ۔ کچھ یہی حال ابھیشیک بچن کا ہے۔ وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہر چند گھنٹوں پر چہیتی بیوی کو فون کر کے کہنا نہیں بھولتے کہ انہوں نے کھانا کھا لیا یا چائے پی لی ہے، ایک شاٹ مکمل کر لیا ہے وغیرہ وغیرہ حتیٰ کہ صحافیوں کو انٹرویو دینے کے دوران وہ یہ بتانا بھی نہیں بھولتے کہ اب انہوں نے کس صحافی کو انٹرویو دیا اور اب کس کی باری ہے؟ انڈسٹری کی ساری بیویاں ایش سے اس معاملہ میں بے حد حسد رکھتی ہوں گی!
پاپا سے شرم

ہیرو ہو یا پھر ہیروئین فلم کی شوٹنگ کے دوران چاہے کتنے ہی بولڈ مناظر کرنے ہوں وہ کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں لیکن ایک شرط کے ساتھ ۔۔۔ سیٹ پر ان کے پاپا موجود نہ رہیں۔ آپ کو یاد ہے نا کہ فلم کائٹس کی شوٹنگ کے دوران رتیک روشن نے اپنے پاپا کو اس وقت سیٹ سے ہٹانے کے لیے کہا جب وہ باربرا موری کے ساتھ محبت بھرے مناظر شوٹ کرنے جا رہے تھے۔ بالکل اسی طرح ’آئی ہیٹ لو سٹوریز‘ کی ہیروئین سونم اور ہیرو سمیر دتانی پر کچھ مناظر فلمانے تھے کہ پاپا انیل کپور سیٹ پر پہنچ گئے۔ سونم نے شوٹنگ سے منع کر دیا آخر پاپا کو سیٹ سےجانا پڑا۔
سلمان مان گئے
سلمان خان کی بات کو کوئی نظر انداز کر دے یہ ہو ہی نہیں سکتا۔ ان کی ہر بات لوگوں کے لیےحکم ہوتی ہے۔ لیکن شاید زندگی میں پہلی مرتبہ سلمان خان کو اپنی بات چھوڑ کر کسی اور کی بات کو قبول کرنا پڑا۔ دراصل سلمان خان کو ایک چینل نے ڈانس کے ریالٹی شو کا جج بنانے کا فیصلہ کیا۔ سلمان اس پیشکش سے خوش تھے لیکن ان کی یہ خوشی زیادہ دیر نہیں رہ سکی کیونکہ جو چینل ان کے شو ’دس کا دم‘ پیش کرتا ہے اس نے انہیں اپنے حریف چینل کا شو کرنے سے روک دیا۔
راون کے چار کلائمکس
منی رتنم نے اپنی فلم راون کے چار کلائمکس شوٹ کر لیے ہیں، ناظرین کو جو پسند آجائے۔ فلم میں سیتا کے رول میں ایشوریہ رائے اور راون کے کردار میں ابھیشیک بچن۔ دلچسپ نا۔ ایک کلائمکس ہے کہ سیتا راون کو ملتی ہے۔ ایک میں راون کو مار دیا گیا ہے تیسرے میں رام کو۔ آپ کو کون سا پسند ہے؟ ایش اور ابھیشیک کا ملاپ یا اس کے برعکس۔ لیکن اس پورے ایپی سوڈ میں ایک بات کو دھیان میں رکھنا لازمی ہو گا کہ ہندو عقیدے کے مطابق رام ہیرو ہیں اور راون ویلن لیکن جنوب میں راون کو لوگ ہیرو مانتے ہیں اور یہ فلم جنوبی ہند کی زبان میں بھی بنی ہے افوہ! بہت کنفیوژن ہے آپ اسے منی رتنم پر ہی چھوڑ دیجیے۔



















