عمرجسم میں نہيں دماغ ميں ہوتی ہے

ابھی تو میں جوان ہوں ۔۔۔ پاکستانی شاعر حفیظ جالندھری نے یہ کبھی نہیں سوچا ہوگا کہ ان کی لکھی ایک نظم کے بعض اشعار دنیا کے ہر اس شخص کے لیے طاقت اور بجھتی ہوئی زندگی کا ایک نیا فلسفہ بن جائيں گے جو عمر کے آخری پڑاؤ میں سماج کے رحم و کرم پر ہو جاتے ہیں۔
عمر کی 97 بہاریں دیکھ چکیں سرکردہ اداکارہ اور رقاصہ زہرہ سہگل 1983 میں جب پاکستان گئي تھیں تو ان سے لوگوں نے حفیظ جالندھری کی وہی نظم سننے کی درخواست کی تھی۔
حال ہی میں جب دلی کے پریس کلب آف انڈيا ميں ان کے لیے ایک خصوصی جلسے کا اہتمام کیا گیا تو ان کی چہک اور جوش دیکھنے والا تھا۔
س: 'چینی کم‘ اور 'سانوریہ‘ جیسی فلموں میں کام کرنے کے بعد آپ نے کوئی فلم کیوں نہيں کی؟
ج: جب تک مجھے کہانی پسند نہيں آتی اور میں اپنے کردار کو خود میں اتار نہيں لیتی اس وقت تک میں کام نہیں کرتی۔ کئی مرتبہ ایسا بھی ہوا ہے جب مجھے کہانی پسند آئی لیکن میرے کردار میں جان نہيں تھی۔ اس وقت ميں نے اسے دوبارہ لکھوا کر فلم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ چینی کم میں، میں نے بالا کے ساتھ ایسا ہی کام کیا۔ امیتابھ بچن کی ماں بننا آسان کام نہیں تھا۔
آج کل پریتیش نندی کی ایک فلم 36- 24- 36 پر بات ہو رہی ہے۔ شاید جولائی میں کام شروع ہوگا۔
س: آپ نے اب تک فلموں ميں ماں یا دادی کے جتنے بھی کردار کیے ہیں وہ ایسے تھے جو اپنے بچوں کو ہمیشہ ہی آخر میں اپنی طرح جینے کی آزادی دیتے ہیں؟
ج: یہ تمام کردار میری زندگی کی سچائيوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ میں روہیلا پٹھان خاندان میں پیدا ہوئی تھی۔ مجھے میرے خوابوں کی طرح جینے کی آزادی نہيں تھی۔ میرے خاندان میں برقعہ اور پانچ وقت نماز ضروری تھی۔ ميں اڑنا چاہتی تھی، گانا چاہتی تھی اور ناچنا بھی چاہتی تھی۔ ایک دن یورپ ميں رہنے والے میرے چاچا نے برطانیہ کے ایک آرٹسٹ کے بارے میں بتایا کہ اگر تم وہاں جا سکو تو اپنے خوابوں کو پورا کر سکتی ہو۔ اس وقت میں نے ایران اور مصر سے گزرتے ہوئے یورپ کا سفر سڑک اور پانی کے راستے سے طے کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
س: تو کیا وہیں سے آپ کی یہاں تک پہنچنے کی شروعات ہوئیں؟
ج: شاید نہيں۔ اس کی شروعات تو میری بہن عذرا کے ساتھ بچپن میں ہی ہو گئی تھی۔ میرے بھائی بہن سات بھائی بہنوں میں مجھے سب سے الگ مانتے تھے۔ ان کے خیال ميں مجھے لڑکی نہيں لڑکا ہونا چاہیے اور یورپ جانا میرے خوابوں کی سیڑھی بن گیا۔
س: آپ کے گھروالوں نے کوئی مخالفت نہيں کی؟ آپ کو نہيں لگتا تھا کہ اگر آپ یہ نہيں کرتیں تو یہاں تک نہيں آ پاتیں؟
ج: جب آپ اپنے مرضی کرتے ہیں تو اس کی مخالفت تو ہوتی ہی ہے لیکن آہستہ آہستہ سب تبدیل ہوگیا۔ یورپ میں، میں نے پہلی بار ادے شنکر کا بیلے شو پاروتی دیکھا اور وہيں میری ملاقات کامیشور سہگل سے ہوئی۔ پہلے محبت ہوئی اور پھر شادی۔
س: آپ نے لاہور سے ممبئی اور پھر یورپ سے لیکر فلموں، ٹی وی اور تھیٹر کا لمبا سفر طے کیا ہے۔ ان ستر سالوں کے سفر ميں اب آپ کے لیے کیا بدل گیا ہے؟
ج: سب کچھ۔ میں نے ابتدا میں اداکاری کے بارے میں سوچا نہيں تھا۔ میں صرف کوریوگرافر بننا چاہتی تھی اور چیتن آنند کے ساتھ نیچا نگر میں جب موقع ملا تو لپک بھی لیا۔ وہ میری پہلی فلم تھی اور ہندوستان کی ایسی فلم بھی جس نے کانز میں پہلی بار بھارت کو گولڈن پام دلوایا۔ پھر بازی، سی آئی ڈی اور آوارہ بھی، جن میں، میں نے اداکاری کی اور اس وقت سے اداکاری کی شروعات ہوئی۔
تقسیم کے بعد ہم بچوں کے ساتھ ممبئی چلے گئے اور میں نے پرتھوی تھیٹر کے ساتھ کرنا شروع کر دیا۔ شکنتلا، پٹھان، دیوار، غدار کرنا میرے لیے ایک اچھا تجربہ رہا۔
س: ان دنوں کا ایسا کون سا کام ہے جو آپ کبھی نہيں بھلا پائيں گی؟
ج: میں نے راج کپور کی آوارہ کا ڈریمز سیکونس کوریو گراف کیا تھا۔ اس کے بعد ویسا کام دوبارہ نہيں دیکھا گیا۔ اس وقت ہم نے سب کچھ اپنے ہاتھوں سے کیا تھا، اب کریٹیوٹی پر تکنیک حاوی ہے۔ اس لیے لوگ دل سے لوگوں کے ساتھ جڑ نہيں پاتے ہيں۔
س: آپ نے زيادہ انگریزی میں ہی کام کیوں کیا؟
ج: میرے لیے زبان ہمیشہ ایک مشکل رہی ہے۔ انگریزی میں کوئی دقت نہيں تھی لیکن ہندی میں کام کرنے کے لیے مجھے کہانی اور ڈائیلاگز کو اردو یا رومن میں لکھوانا پڑتا ہے۔ اردو میری زبان ہے لیکن رومن ميں کام کرنا اچھا نہيں لگتا۔
س: آپ عمر کی سنچری پوری کرنے جا رہی ہیں اور لوگ کہتے ہيں کہ آپ کے پاس جینے کا کوئی خوشنما راز ہے؟
ج: یہی سوال ایک بار کسی اور نے بھی پوچھا تھا، اس دن ٹام آلٹر میرے ساتھ تھے، انہوں نے مذاق میں کہہ دیا کہ میں روز ایک زندہ چھپکلی کھاتی ہوں، بس لوگ اٹھ کر چلے گئے۔ اصل میں، ميں ایک اصول پسند ہوں۔ آج بھی میں آواز کو بنائے رکھنے کے لیے ریاض کرتی ہوں۔ اب میں ناچ نہيں پاتی ہوں لیکن اپنی بیٹی کرن سہگل کے ساتھ روز اظہار اور بھاؤ کا ریاض کرتی ہوں۔ ’عمر آپ کے جسم میں نہيں دماغ ميں ہوتی ہے۔‘



















