اجوکا 25 برس کا ہوگیا

مدیحہ گوہر اور شاہد محمود ندیم
،تصویر کا کیپشناجوکا کی کہانی فنکاروں کی انتھک جدو جہد کی کہانی ہے: اجوکا تھیٹر کے بانی مدیحہ گوہر اور شاہد محمود ندیم
    • مصنف, عارف وقار
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

لاہور کے منفرد تھیٹر گروپ اجوکا کی سلور جوبلی تقریبات ایک ہفتہ جاری رہنے کے بعد اختتام کو پہنچ گئی ہیں۔

اس تھیٹر گروپ کا قیام 25 برس پہلے ضیاالحق کے دورِ حکومت میں ایک ایسے وقت عمل میں آیا تھا جب آرٹ اور کلچر پر پابندیاں لگائی جارہی تھیں، موسیقی اور رقص کی تربیت ختم کر دی گئی تھی اور تعلیمی اداروں میں ہونے والی ثقافتی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی تھی۔

اجوکا نے اپنا پہلا کھیل آج سے ربع صدی پیشتر گروپ کی بانی مدیحہ گوہر کے گھر کے لان میں پیش کیا تھا۔ اس کھیل کی کہانی بادل سرکار کے معروف ڈرامے جلوس سے اخذ کی گئی تھی لیکن اسکو پاکستانی صورتِ حال کے پس منظر میں پیش کیا گیا تھا۔ مئی 1984 میں انتہائی بے سروسامانی کے عالم میں پیش کیا جانے والا یہ کھیل بعد میں ایک تحریک کی شکل اختیار کر گیا، اور ضیاالحق دور کی شدید پابندیوں اور قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود اسکے کارکن قومی، سماجی اور معاشرتی مسائل کو ڈراموں کے شکل میں سٹیج پر پیش کرتے رہے۔

’بلھا‘
،تصویر کا کیپشناجوکا تھیٹر کا سدا بہار پیشکش ’ بُلھا‘ جسکی نمائش پاک و ہند کے علاوہ بھی دنیا کے کئی ممالک میں ہوئی

1985 میں لندن میں تھیٹر گروپ کی بانی مدیحہ گوہر کی ملاقات شاہد محمود ندیم سے ہوئی جو کہ پاکستان ٹیلی ویژن سے نکالے جانے کے بعد جلا وطنی کی زندگی بسر کر رہے تھے۔ مدیحہ نے پاکستان میں عورتوں کے حقوق کی صورتِ حال پر ایک کھیل شاہد محمود ندیم سے لکھوایا جو کہ ’بری‘ کے نام سے سٹیج ہوا۔

سٹیج کی جدو جہد میں قدم سے قدم مِلا کر چلنے والے یہ دونوں افراد جلد ہی ایک دوسرے کے جیون ساتھی بھی بن گئے اور یوں اجوکا تھیٹر کا قافلہ قدم بہ قدم آگے بڑھتا رہا۔

آمریت کے دور میں تھیٹر کے ذریعے عوامی احتجاج کو ریکارڈ پہ لانے کے علاوہ اس گروپ کا اہم کارنامہ بھارت کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ ایک ایسے ماحول میں جب دونوں ممالک کی فوجیں سرحدوں پر آمنے سامنے کھڑی تھیں، شاہد محمود ندیم اور مدیحہ گوہر اپنا تھیٹر گروپ لے کر جمّوں اور سری نگر پہنچے ہوئے تھے تاکہ دونوں ممالک کے مابین پائی جانے والی غلط فہمیاں دُور کر کے تعمیرو ترقی کے مشترکہ عزم کو بروئے کار لایا جائے۔

ڈاکٹر ورما
،تصویر کا کیپشنپٹیالہ یونیورسٹی کے کورس میں اب دو پاکستانی ڈرامے بھی شامل ہیں: ڈاکٹر ورما

سلور جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے بھی ایک وفد لاہور آیا ہوا تھا۔ ڈاکٹر ستیش ورما پنجابی یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں اور پاک ہند دوستی کے پرانے داعی ہیں۔ اُن کی کوششوں سے شاہد ندیم کے لکھے ہوئے دو کھیل بھارتی پنجاب میں ایم اے پنجابی کے کورس کا حصّہ بنے۔

ستیش ورما نے بتایا کہ یہ دونوں کھیل جو دراصل اجوکا کے لیے لکھے گئے تھے، شہ ُمکھی لِپّی ہی میں پڑھائے جاتے ہیں اور انھیں گور مکھی میں نہیں ڈھالا گیا، تاکہ بھارتی طالب علموں کو اردو رسم الخط سیکھنے کی ترغیب ملے۔

وفد کے دوسرے رکن کیول دھالی وال بھارتی پنجاب میں رنگ منچ نامی تھیٹر گروپ کے سربراہ ہیں اور کئی بار پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ دوستی اور تعاون کا جو خواب سیاست دان پورا نہیں کر سکے، دونوں ملکوں کے فنکار اسے تعبیر کی منزل سے ہم کنار کریں گے۔

مندیپ
،تصویر کا کیپشنبھارتی فنکارہ مندیپ کور کو لاہور اور امرتسر میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا

وفد کے تیسرے رکن صاحب سنگھ، چندی گڑھ کی سٹیج کے جانے مانے کردار ہیں، اجوکا کے معروف کھیل بُلھا میں وہ بندہ بیراگی کا کردار بھی ادا کرچُکے ہیں اور اسی مناسبت سے انکا کہنا ہے کہ ’میں تو اجوکا کا بندہ ہوں‘ صاحب سنگھ نے کہا کہ میری نسل کے نوجوانوں نے متحدہ ہندوستان اور مشترکہ کلچر کے قصّے صرف باپ دادا سے سنے تھے اور پاکستان میں آ کر اپنے ہم خیال اور ہم پیشہ نوجوانوں سے ملنا ایک ناقابلِ یقین بات معلوم ہوتی تھی۔۔۔ لیکن اب یہ خواب پورا ہو چکا ہے اور ہم لوگ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ مِل کے کام کر رہے ہیں۔

ہفتہ بھر جاری رہنے والی اِن سلور جوبلی تقریبات کے دوران اجوکا کے آٹھ معروف کھیل سٹیج کئے گئے جن میں ہوٹل موہنجو ڈارو، دیکھ تماشہ چلتا بن، بالا کِنگ، دشمن، بری، چاک چکر، حسینہ کی کہانی اور بُلھا شامل تھے۔