میڈونا: اپیل کی سماعت چار مئی کو

ملاوی میں ایک اور بچہ گود لینے سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف گلوکارہ میڈونا کی اپیل کی سماعت چار مئی کو ہو گی۔
ملاوی کی ایک عدالت نے گلو کارہ میڈونا کی طرف سے ملاوی کے ایک اور بچے کو گود لینے کی درخواست کو رد کر دیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے عدالت کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ تین سالہ شیِفینڈو جیمز کو گود لینے سے متعلق اپیل کی سماعت سپریم کورٹ کا ایک تین رکنی اپیلٹ بنچ کرے گا۔
گلوکارہ میڈونا کے ایک ترجمان کے مطابق سنیچر کے روز گھوڑے سے گرنے کے بعد وہ ابھی تک ڈاکٹروں کے پاس زیر علاج ہیں۔ نیویارک میں ہونے والے اس حادثے میں انہیں معمولی چوٹیں آئی تھی۔
شیِفینڈو جیمز اسی یتیم خانے میں رہ رہے ہیں جہاں سے سن دو ہزار چھ میں میڈونا نے ڈیوڈ بانڈہ کو گود لیا تھا۔ پچاس سالہ میڈونا کے خود اپنے بھی دو بچے ہیں۔
جمعہ کو بندے کمرے میں ہونے والی سماعت کے بعد ملاوی کی ایک ماتحت عدالت نے میڈونا کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ ’انہیں میڈونا کی درخواست کو رد کرنا ہے۔‘
اس درخواست کو مقامی قومیت اختیار کرنے کے قوانین کی وجہ سے رد کیا گیا۔
میڈونا جو جمعہ کو اپنے تین بچوں کے ساتھ ملاوی پہنچی تھیں فیصلہ سنے کے لیے عدالت میں موجود تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

میڈونا نے شیفینڈو جیمز کو گود لینے کی درخواست دی تھی جس کے نام کا انگریزی زبان میں مطلب ہے ’رحم‘۔
اگر میڈونا کی درخواست قبول کر لی جاتی تو شیفینڈو ڈیوڈ کی بہن بن جاتیں جنہیں انہوں نے افریقہ سےگود لیا تھا۔
میڈونا کی درخواست اس قانون کی بنیاد پر رد کی گئی کہ بچوں کو گود لینے والے والدین جنوبی افریقی ملک میں کم از کم اٹھارہ سے چوبیس ماہ تک قیام کیا ہو۔
میڈونا نے کہا کہ ان کی شیفینڈو جیمز کو گود لینے کی درخواست رد ہو جانے سے اس بچی کو شدید ذہنی دھچکا لگے گا۔



















